پونچھ+مینڈھر//پونچھ سے 133 جبکہ مینڈھر سے 54عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ سفر محمود کیلئے سرینگر کیلئے روانہ ہوگیا۔مرکزی عید گاہ جامع مسجد سے بذریعہ مغل روڈ پہلے قافلے کو سرینگر کیلئے روانہ کیاگیا۔ عید گاہ جامع مسجد میںمیں آرٹی سی کی نئی میٹرو بسوں کے ذریعہ عازمین کی روانگی کا منظر دیدنی تھا۔ جہاں عازمین کے لبوں پر تلبیہ کا ورد جاری تھا وہیں بسوں کے قریب رضاکاراور دیگر افراد بھی با آواز بلند تلبیہ پڑھ رہے تھے ۔عازمین کے رشتہ داروں نے آنکھوں میں آنسو اور لبوں پر دعاؤں کے ساتھ اپنے عزیزوں کو وداع کیا۔ امام و خطیب مرکزی جامع مسجد پونچھ مفتی فاروق احمد مصباحی نے جھنڈی لہرا کر عازمین کو وداع کیاجبکہ اس موقعہ پر ممبراسمبلی شاہ محمد تانترے ، ایڈمنسٹریٹر اوقاف ریاض آتش ،سابق ایم ایل اے اعجاز احمد جان، حافظ عبدالمجید، چوہدری عبدالغنی، تاج میر، ایڈووکیٹ زمان و دیگر معززین بھی موجو دتھے ۔سبھی نے عازمین سے ملک و قوم اور ملت کی ترقی اور خوشحالی و امن و امان اور باران رحمت کیلئے دعائوں کی درخواست کی ۔وہیں مینڈھر کے عازمین کا پہلا قافلہ بھی منگل کے روز سرینگر کیلئے روانہ ہواجہاں سے بذریعہ جہاز مدینہ شریف روانگی ہوگی۔ ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر احمد خان،امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان نقشبندی اور تحصیلدار مینڈھر محمد جہانگیر خان نے عازمین کو حج کے لئے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔عازمین میں مینڈھر ،بالاکوٹ اور منکوٹ سے 54افراد تھے ۔عازمین کے اعزاز میںتحصیل کمپلیکس مینڈھر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں سے دو سرکاری بسوں کے ذریعہ انہیں9بجے روانہ کیا گیا۔ اس موقعہ پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد عازمین کو الوداع کرنے کے لئے تحصیل کمپلیکس میں جمع ہوئی ۔سبھی نے عازمین کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے ملک اور ریاست میںامن ،ترقی اور خوشحالی کیلئے دعاکرنے کی درخواست کی ۔اس موقعہ پر امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان نقشبندی ،امام و خطیب جامع مسجد قاسم نگر مینڈھر مولانا فتح محمد،تحصیلدار منکوٹ صغیر چوہدری، نائب تحصیلدار مینڈھر تعارف حسین شاہ، نائب تحصیلدار ہرنی آفتاب حسین شاہ،نائب تحصیلدار چھترال،سابق ایم ایل سی چوہدری رحیم داد ،آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ممبر پروین سرور خان، کانگریس لیڈر عمران ظفر، نیشنل کانفرنس سینئر لیڈر چوہدری ولی داد، بی ایم او مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان،لیبر یونین کے صدر عبدالمجید چوہدری و دیگر معززین بھی موجو دتھے ۔ امام و خطیب جامع مسجد مینڈھر نے عازمین کے حق میں دعاکی اور اس کے بعد انہیں لبیک اللھم لبیک کی صدائوں کے بیچ الوداع کیاگیا۔مینڈھر سے عازمین حج کا دوسرا قافلہ19جولائی کو دلی کے لئے روانہ ہو گا۔