راجوری //بھارتیہ جنتاپارٹی کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد سے ملاقات کرکے ان سے مانگ کی کہ نریگا کے تحت خرچ ہوئی رقومات پر تحقیقات کروائی جائے ۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے وفد میں شامل بھاجپا کارکنا ن نے کہاکہ انہوںنے حلقہ انتخاب درہال میں پچھلے چار سال میں مہاتماگاندھی نریگا کے تحت ہوئے کاموں اور ان پر خرچ ہونے والی رقومات کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے ۔ بھاجپا کارکنا ن کاکہناتھاکہ درہال حلقہ میں سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے اور ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ ڈگری کالج بدھل کے لئے زمین دینے والے کو نظراندا زکرکے باہر سے لوگوں کو روزگار دیاجارہاہے جو ناقابل برداشت ہے ۔ان کاکہناتھاکہ سابق وزیر صحت بالی بھگت نے نو دسمبر کو اپنے دورہ ٔ درہال کے دوران اعلا ن کیاتھاکہ پی ایچ سی بدھل کا درجہ بڑھاکر اسے سی ایچ سی بنایاجائے گالیکن محکمہ اس سلسلے میں لازمی اقدامات اٹھانے میں ناکام رہا۔انہوں نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر سے ملاقات میں انہوں نے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا اور مسائل حل کرنے کی مانگ کی گئی ۔ وفد میں راکیش کمار، رومیش چندر، شریف منہاس ، بھارت بھوشن وید ، سعید مرزا، شبیر احمد، محمد منیر ، ماسٹر امین احمد اور جرنیل سنگھ بھی شامل تھے ۔