راجوری کے 43طبی مراکز کا معائنہ
۔8مقفل پائے گئے،9ملازمین غیر حاضر
راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے ضلع کے 43طبی مراکز کا اچانک معائنہ کیاگیا جس دوران ان میں سے آٹھ کو مقفل پایاگیاجبکہ نو ملازم ڈیوٹی سے غیرحاضر تھے۔یہ معائنہ منجاکوٹ ، کنڈی ،درہال، کالاکوٹ،سندر بنی اور نوشہرہ بلاکوں میں کیاگیا جس دوران پی ایچ سی پلولیاں،سب سنٹر بتھونی ، رتل ، بتھیرا، اوجھان،پلانگڑھ ، نارلہ بمبل اور صوفا کو مقفل پایاگیا۔معائنہ کے دوران پایاگیاکہ ان مراکز میں 320ملازم تعینات ہیں جن میں سے 242کو موقعہ پر حاضر پایاگیاجبکہ 9غیر قانونی طور پر غیرحاضر تھے اور 49چھٹی پر اور20ڈیپوٹیشن پر تھے ۔طبی مراکز کا معائنہ ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر متعلقہ تحصیلداروں کی سربراہی میں ٹیموں نے کی ۔اس سے قبل پچھلے ہفتے طبی مراکز کا شبانہ معائنہ کیاگیاتھاجس دوران چار مراکز مقفل پائے گئے ۔وہیں انتظامیہ نے غیر حاضر پائے گئے ملازمین کی تنخواہیں بند کرکے ان کے خلاف اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیاہے جبکہ متعلقہ بلاک میڈیکل افسران کے نام بھی نوٹس جاری ہواہے۔دریں اثناء ایک تحقیقات بھی شروع کی گئی ہے جس میں یہ دیکھاجائے گاکہ چھٹی پر دکھائے گئے ملازمین میں سے کتنوں کی چھٹی قانونی ہے ۔
اساتذہ کی سخت زونوں میں تعیناتی
مِڈ سیشن تبادلوں پر اظہار برہمی ،چیف ایجوکیشن افسرکیخلاف احتجاج
راجوری//جموں وکشمیر رہبر تعلیم فورم نے محکمہ تعلیم کے حکام اور چیف ایجوکیشن افسر راجوری پر الزام عائد کیاہے کہ انہوں نے سخت زونوں میں اساتذہ کے تبادلے کے معاملے پرضوابط کو بالائے طاق رکھ دیاہے اس لئے جاری ہوئے حکمنامے منسوخ کئے جائیں ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق فورم کے ضلع صدر کی قیادت میں اساتذہ نے چیف ایجوکیشن افسر کے دفتر کے باہر دھرنا دیا اور کہاکہ اعلیٰ حکام کی طرف سے تبادلوں پر پابندی عائد ہونے کے باوجود راجوری میں تبادلے ہورہے ہیں جو قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔اساتذہ کاکہناہے کہ کچھ اساتذہ جو پہلے ہی سخت زونوں میں ڈیوٹی سرانجام دے چکے ہیں ،کو پھر سے انہی زونوں میں بھیجاگیاہے جبکہ اثرورسوخ رکھنے والوں کے ساتھ الگ ہی سلوک کیاگیا۔انہوں نے مانگ کی کہ تبادلوں کے حکمنامے منسوخ کئے جائیں ۔ انہوںنے الزام عائد کیاکہ محکمہ نے کنبہ پروری کی پالیسی اختیار کررکھی ہے ۔وہیں چیف ایجوکیشن افسر لعل حسین نے ان الزامات کو مستر دکرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کو دیئے گئے اپنے بیان میں کہاہے کہ یہ تبادلے ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں جاری ہوئی ہدایات کے مطابق کئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ضلع میں خواس سمیت کئی ایسے زون ہیں جہاں اساتذہ کی قلت پائی جارہی ہے اوراسی وجہ سے ان سخت زونوں میں تعلیمی حالت کمزور ہے جس کو دیکھتے ہوئے اساتذہ کے تبادلے کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے تین سے چار سال کے دوران محکمہ ان ہدایات پر عمل کررہاہے جو ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ سے جاری ہوئی ہیں جس کے مطابق دوسرے زونوں سے سخت زونوں میں اساتذہ کے ایک سال کیلئے تبادلے کئے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پہلے سے تعینات اساتذہ کو واپس دوسرے زونوں میں لایاگیاہے جبکہ سخت زونوں میں نئے اساتذہ کی ایک سال کیلئے تعیناتی ہوئی ہے اور یہ فیصلہ ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں ا س مقصد سے لیاگیاہے تاکہ ان زونوں میں تعلیمی نظام کو بہتر بنایاجاسکے ۔انہوںنے بتایاکہ کہیں کہیں تکنیکی غلطی کی وجہ سے رہبر تعلیم سے مستقل ہوئے اساتذہ اور پہلے سے سخت زون میں ڈیوٹی انجام دے چکے اساتذہ کی پھر سے تعیناتی ہوئی ہے جس پر کچھ حکمنامے زیر التوا رکھے گئے ہیں جبکہ اس سلسلے میں اعلیٰ حکام سے بھی بات کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور حقیقت سے بعید ہیں ۔
مہاجرین کیلئے معاوضہ
از سر نو سروے کرنے کی ہدایت
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی صدارت میں افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران مہاجرکنبوں کیلئے معاوضہ کی ادائیگی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ میٹنگ میں کسٹوڈین اے پی جموں ، ڈپٹی کسٹوڈین راجوری، اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال ، تحصیلدار ہیڈ کوارٹر راجوری و دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔تفصیل سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے فیصلہ لیاکہ تحصیل سطح پر کمیٹی از سر نو سروے کرے گی تاکہ 1947کے دوران مہاجر بن کر ضلع میں آباد ہونے والے کنبوں کے بارے میں تفصیل جمع کی جاسکے اور اگر کوئی کنبہ معاوضہ سے باہر رہ رہاہے تو اسے اس کی ادائیگی کی جاسکے ۔
سائیں الٰہی بخش ؒ زیارت کی کمیٹی تشکیل
پونچھ//زیارت سائیں الٰہی بخش ؒ میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت سابق ممبراسمبلی اعجاز جان نے کی ۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق اس موقعہ پر پرانی کمیٹی کو تحلیل کرکے نئی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی اور اتفاق رائے سے اس کا چیئرمین بٹل کوٹ کے غلام محمد شیخ کو بنایاگیا۔اعجاز جان نے کہاکہ وہ بٹل کوٹ اور نواحی علاقوں کی ترقی کو یقینی بنائیں گے اورمقامی مسائل سے متعلق حکام سے بات کی جائے گی ۔
تانترے کا اظہار تعزیت
پونچھ//ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے نے موضع پلیرہ تحصیل منڈی کے نامور کُنبہ سے تعلق رکھنے والے انیس علی میر کے جواں سال بیٹے شہوار حیدر کی ایک سڑک حادثے میں ہوئی ناگہانی موت پر گہرے رنج و دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ سوگوار کُنبے کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے موصوف نے کہا کہ وہ اس دُکھ میں افرادِ کُنبہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ ممبر اسمبلی نے کہا کہ مرحوم نوجوان اپنے والد کی طرح ہی نہایت شریف النفس، جذبہ ہمدردی سے سرشار اور صوم و صلوٰۃ کا پابند تھا۔ موصوف نے کہا کہ اس نوجوان کی اچانک ہوئی وفات سے پونچھ کا سارا سماج رنج و الم میں ڈوب گیا ہے۔ اُنہوں نے مرحوم کی تسکینِ روح کے لئے دُعائے مغفرت کی اور لواحقین کے صبرِ جمیل کے لئے بارگاہِ رب العزت میں التجا کی۔
ناقص غذائی اجناس کی فراہمی
بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کی کینٹین اور میس کو نوٹس جاری
سمت بھارگو
راجوری//ناقص غذائی اجناس کی فراہمی پر محکمہ فوڈ سیفٹی نے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں کینٹین اور طلباء میس کو چلانے والی انتظامیہ کے نوٹس جاری کیاہے جبکہ معائنہ کے دوران پانی کی بوتلیں بھی ضبط کی گئی ہیں ۔محکمہ کی ایک ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر اجیت سنگھ اور فوڈ سیفٹی افسر سنجیو بالی کی قیادت میں اچانک دورہ کرکے طلباء میس اور کینٹین کا معائنہ کیا جس دوران یہ پایاگیاکہ ناقص غذائی اجناس فراہم کی جارہی ہیں ۔ ایک افسر نے بتایاکہ یونیورسٹی کے طلباء میس میں ناقص غذائی اجناس پائی گئیں جس پر حکام کو نوٹس جاری کرکے اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 15سے 20دنوں میں بہتری کے اقدامات کریں ۔انہوں نے بتایاکہ انہوں نے سختی سے متعلقین کو بہتر ی کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے نہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔انہوںنے بتایاکہ یونیورسٹی او ر انجینئرنگ و ٹیکنالوجی کالج کی کینٹین سے پانی اور جوئس کی بوتلیں ضبط کرکے انہیں جانچ کیلئے لیبارٹری بھیجاگیاہے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ کینٹین انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ادارے کا فوڈ سیفٹی محکمہ کے ساتھ اندراج کروائیں ۔
ٹریکٹر حادثے میں کمسن لقمہ ٔاجل
عشرت حسین بٹ
منڈی//منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں گگڑیاں میں ایک ٹریکٹر حادثے میں کمسن ہلاک ہو گیا ۔ پولیس کے مطابق بدھ کو منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں گگڑیاں میں اس وقت ایک کمسن ہلاک ہو گیا جب وہ نیڑیاں سے گگڑیاں کی طرف ایک ٹریکٹر میں سوارہوکر جارہاتھاکہ اچانک وہ ٹریکٹر سے لڑھک کر زمین پر گرا اور دلدوز طور پرٹریکٹر کا پہیہ اس کے اوپر چڑھ گیا۔اس حادثے کے نتیجہ میں بچے کی موت موقعہ پر ہی ہوگئی ۔اس کی شناخت معراج دین ولد محمد زمان ساکنہ گگڑیاں ساوجیاں کے طور پر ہوئی ہے جس کی عمر آٹھ برس بتائی جارہی ہے ۔بعد ازآں کمسن کی نعش کو سب ضلع اسپتال منڈی لایا گیا جہاں قانونی لوازمات انجام دے کر اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کیاگیا۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ منڈی میںایف آئی آر زیر نمبر56زیر دفعات 279/304کاکیس درج کیا گیا۔
پولیس کا مدارس کو کمپیوٹروں کا عطیہ
راجوری//پولیس کی طرف سے چلائے جارہے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت راجوری کے کچھ مدارس میں کمپیوٹرتقسیم کئے گئے ۔اس سلسلے میں ایتی راجوری میں ایک پروگرام منعقد ہواجس کی صدارت ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے کی جبکہ اس موقعہ پر ایڈیشنل ایس پی محمد یوسف اور ایس ایچ او راجوری بھی موجو دتھے ۔اس دوران مدارس کیلئے مولانا فاروق احمد اور مولانا محمد رئوف کی موجودگی میں کمپیوٹر تقسیم کئے گئے ۔ایس ایس پی راجوری نے اس بات پر زور دیاکہ جدید تعلیم کے تقاضوں کو پورا کیاجائے اور طلباء کو اخلاقی تعلیم کے زیور سے بھی آراستہ کیاجائے تاکہ وہ اچھے شہری بن سکیں ۔انہوںنے کہاکہ پولیس آئندہ بھی اس طرح کے اقدامات کرنے کی کوشش کرے گی ۔
تھنہ منڈی میں پی ایچ ای ملازمین کا ماہانہ اجلاس
طارق شال
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی میں محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین کا ماہانہ اجلاس منعقدہوا جسکی صدارت ضلع صدر طاہر احمد شال نے کی۔ اجلاس میں پی ایچ ای کے عارضی و مستقل ملازمین نے شرکت کی۔ انڈین نیشنل ٹریڈیونین کانگریس کے ضلع صدر طاہر احمد شال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے پابند ہیں ،اگر ملازمین ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں تو ان کو وقت پر تنخواہیں فراہم ہونی چاہئیں جو بدقسمتی سے نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا محکمہ پی ایچ ای میںکام کرنے والے نیڈ بیس ورکرز، کیجول لیبرز اور تربیت یافتہ ورکروں کو گزشتہ 14 ماہ سے تنخواہیں فراہم نہیں کی گئی جو سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں سات سال کی مدت پوری کرنے والے ملازموں کو مستقل کیا جائے۔ شال نے کہا کہ پی ایچ ای ایمپلائز ایسو سی ایشن راجوری نو تعینات شدہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید کرتی ہے کہ وہ ملازمین کے جائز مطالبات حل کریں اور محنت سے خدمات انجام دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔
پولیس کی طرف سے عوامی دربار وں کا اہتمام
راجوری//راجوری پولیس کی طرف سے بدھل اور کالاکوٹ میں عوامی دربار منعقد کئے گئے جبکہ درہال میں ڈرائیوروں کی کونسلنگ کا سیشن منعقد ہوا۔بدھل میں ہوئے عوامی دربار کی صدارت ایس ایچ او بدھل جہانگیر احمد نے کی جس دوران مقامی لوگوں نے مسائل اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ انہیں بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں ۔ایس ایچ او نے یقین دلایاکہ ان کے تمام مطالبات کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایایاجائے گااوراس سلسلے میں ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔کالاکوٹ کے گائوں پوٹھہ میں بھی اسی طرح کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت ایس ایچ او کالاکوٹ مستاج حسین نے کی ۔اس موقعہ پر بھی مقامی لوگوں نے مسائل اجاگر کیا اور منشیات کے خاتمے پر زور دیا۔ اسی طرح سے درہال میں ایس ایچ او حبیب پٹھان کی قیادت میں ٹیمپو ٹریولروں کے ڈرائیوروں کیلئے کونسلنگ سیشن منعقد کیاگیا۔اس دوران ڈرائیوروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور حادثا ت سے بچیں ۔
تقسیم کی سیاست کے دن بیت گئے:شہزاد ملک
جاوید اقبال
مینڈھر//سائیں ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے کہاہے کہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ تقسیم کی سیاست کے دن بیت چکے ہیں ، سیاسی لیڈران کے نظریہ میں2018میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ۔ سرحدی علاقے دھرانہ میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج نوجوان تعلیم چاہتاہے اور اسے تقسیم کی سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں لیکن اس کے باوجود سیاسی لیڈران کی زبا ن میں کوئی فرق نہیں آیا ۔انکاکہناتھاکہ یہ لیڈران اس بات سے نابلد ہیں کہ آج کا نوجوان تعلیم ، ملازمت ،طبی سہولیات، سڑکیں،انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی سہولیات چاہتاہے اور لیڈران اسے تقسیم کی سیاست کرکے بیوقوف نہیں بناسکتے ۔انہوں نے کہاکہ گوجر اور پہاڑی کے نام پر سیاست کرنے والے لیڈران کو اس نام پر سیاست کرنا بند کردیناچاہئے اور انہیں مسائل کے حل کی کوششیں کرنی چاہئیں ۔انہوں نے کہاکہ عوام کو ایسے لیڈران کو آئندہ انتخابات میں سخت جواب دیناچاہئے ۔شہزاد نے سرحدی علاقے کے لوگوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے ملک کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔
تقابلی امتحان میں کامیاب
مینڈھر//مینڈھر کے دورافتادہ علاقہ سلواہ سے تعلق رکھنے والے سید کبیر حسین نے جے کے سیٹ کے تقابلی امتحان میں شعبہ کیمسٹری میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس امتحان کے نتائج کا اعلان گزشتہ روز ہواتھا ۔کبیر کیمسٹری کے شعبے میں ایم فل کی ڈگری کررہے ہیں ۔