بانہال کے چار امیدوار تقابلی امتحان میں کامیاب
محمد تسکین
بانہال // حال ہی میں منظر عام پر آئے سٹیٹ ایلجبلٹی ٹیسٹ یا SET کے نتائج منظر عام پر آئے ہیں جس میں بانہال سے تعلق رکھنے والے کم از کم چار امیداروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈائٹ بانہال میں انگریزی کے لیکچرار ندیم اصغر میر ساکنہ چریل بانہال نے انگریزی میں جبکہ نوگام بانہال سے تعلق رکھنے والی ٹیچر روحی جان نے سائینس میں سٹیٹ ایلجبلٹی ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیچر بشرہ سرور ساکنہ کراوہ بانہال نے انگریزی میں کامیابی حاصل کی ہے۔ گنڈ عدلکوٹ سے تعلق رکھنے والے طالب علم عامر یوسف ملک نے ذولوجی کے مضمون میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھے ہیں۔
کشتواڑ فُٹ بال ٹیم بھارت درشن دورے پر روانہ
کشتواڑ// سوِک ایکشن پروگرام 2017-18 کے تحت سی آر پی ایف کی 52ویں بٹالین نے مقامی نوجوانوں کیلئے فٹُ بال میچ کا انعقاد کیا ۔میچ کے فاتح سنگرام بھاٹا ٹیم کو بھارت درشن دورے کیلئے منتخب کیا گیا ۔اس پروگرام کے تحت ضلع کشتواڑ سے کھلاڑیوں کو مدورائی کے لئے بھارت درشن پر لیا جائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے کھلاڑویں کو ہری جھنڈی دکھا کر رروانہ کیا۔اس سلسلہ میں سی آر پی ایف کی 52ویں بٹالین نے ایک رنگا رنگ تمدنی پروگرام کا بھی اہتمام کیا۔بھارت درشن دورے کیلئے پارٹی 20/07/2018 سے جموں ائیر پورٹ سے مدورائی کے لئے روانہ کیا جائے گا۔پارٹی مدوارائی میں براستہ سڑک میناکشی مندر، گاندھی میموریل، گولڈن برائڈ، شو مندر، رامیشورم دھام ، رام سیتو وغیرہ کا دورہ کرے گا۔اسکے علاوہ مقامی فٹ بال کلب کے صلاح سے ایک دوستانہ فُٹ بال میچ بھی منعقد کیا جائے گا۔بھارت درشن دورے کا مقصدمقامی آبادی اور سی آر پی ایف کے درمیان اچھے تعلقات بناناہے۔علاوہ ازیں ، مقامی آبادی کو شاندار مستقبل کی ترغیب دی جائے گی اور انہیں قومی دائرے میں لانا ہے۔
ریاسی میں خود کشی کی واردات
زاہد ملک
ریاسی //ریاسی سے ایک شخض کی خود کشی کی اطلاع ہے ۔ پولیس بیان کے مطابق بابو رام ولد دیوی دیال ساکنہ جج کرین ، عمر تقریباً36 سال نے اپنی رہائش پر کوئی زہریلی شہ نگل لی ،جسکی وجہ سے اسکی حالت متغیر ہوئی۔ لواحقین نے اُسے ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کیا لیکن راستے میں تھانپال کے نزدیک وہ دم توڑ بیٹھا۔ نعش کو ضلع ہسپتال پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کیا گیاہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے مزید تحققیات شروع کی ،تاکہ اس انتہائی قدم کے پیچھے کار فرما وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔
لوپیڈملازمین بانہال کامعقول ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا مطالبہ
بانہال // لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن،تحصیل بانہال نے اے آر ٹی او رام بن ، ڈپٹی ایس پی ٹریفک بانہال، ایس ایچ او بانہال سے درخواست کی ہے کہ وہ ملازمین کو وقت پر اپنی ڈیوٹی پر پہنچنے میں مدد کریں۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے جمعرات کے روز تحصیل صدر شبیر احمد میر کی قیادت میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا ۔ اجلاس میں ملازمین نے کہاکہ بانہال، رام بن علاقہ میں ٹریفک جام کی وجہ سے انہیں اپنی ڈیوٹیوں پر پہنچنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اجلاس میں مزید کہا گیا کہ اب جبکہ بائیو میٹرک حاضری سسٹم شروع کیا گیا ہے اور علاقہ میں ٹریفک کا نظام دیگر شہروں و قصبوں کے برابر نہیں ہے۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس علاقہ کے لئے معقول ٹرانسپورٹ سسٹم دستیاب رکھا جائے ،تاکہ ملازمین وقت پر اپنی ڈیوٹیوں پر پہنچ سکیں۔
بھدرواہ میں خانہ بدوشوں کیلئے طبی کیمپ کا اہتمام
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //کیلی میموریل سوسائٹی کی جانب سے بالائی علاقوں کے چرا گاہوں کے خانہ بدوشوں تک رسائی کی کوشش میں جائی چراگاہ میںایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔طبی کیمپ میں150خانہ بدوشوں کا این جی او کی ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے مفت معائینہ کیا گیا اور مفت ادویات بھی تقسیم کئے گئے۔کیلی میموریل سوسائٹی ایک غیرسرکاری انجمن ہے جو کہ شمال مغربی بھارت میں ریلیف اور ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام کر رہی ہے۔سوسائٹی کے ایگزیکٹو ممبر ولسن جان نے کہا کہ ماضی میں بھی سوسائٹی نے غریبی لائن سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کیلئے بڑے پیمانے پر کا م کیا ہے۔اسکے علاوہ ریاست جموں و کشمیر میں متعدد طبی کیمپ منعقد کئے ہیں۔جائی میں منعقدہ کیمپ پر انہوںنے کہا کہ کیمپ میں بیشر مریض خون کی کمی، کھانسی، بُخار، ذیابطیس ، ہائی بلڈ پریشر ،جلد کی بیماری ،سانس لینے میں دقت کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔دن بھر چلنے والے کیمپ میں مریضوں کی طبی جانچ کی گئی ۔خانہ بدوش آبادی کے علاوہ کیمپ میں ملحقہ دیہات کے لوگوں نے بھی شرکت کرکے ہیلتھ چیک اپ کرایا ۔کیمپ میں رضاکا رانہ طور خدمات انجام دینے والوں میں عُمر بشیر، آلوک چوہان ، جیمز چھیڑا، کنگ جی کول ،ولسن جان اور ضمیر احمد بھی شامل تھے۔