کوٹرنکہ //ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے کوٹرنکہ کا تفصیلی دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ اس دوران کئی عوامی وفود نے ان سے ملاقات کرکے اپنے اپنے علاقے کے مسائل سے انہیں روشناس کروایا۔ان کے ہمراہ اے ڈی سی کوٹرنکہ شفیق احمد، ایس ای ہائیڈرولک محمد رفیق خان، سی ای او آر ڈی اے ڈاکٹر طاہر فردوس، محکمہ تعمیرات عامہ،محکمہ پی ایچ ،محکمہ پی ایم جی ایس و ائی اور ایری گیشن و فلڈ کنٹرول کے ایگزیکٹو انجینئران اور دیگر افسران بھی تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے انس آبپاشی پروجیکٹ ، ایکو پارک پتلی قلعہ ، انس واٹر سپلائی سکیم کنڈی گالہ ، راجوری کوٹرنکہ اور کوٹرنکہ سڑک ، انڈور سٹیڈیم اور کنڈی پارک کا جائزہ لیا ۔موصوف نے انس پروجیکٹ کے تحت پورٹل ایک اور پورٹل دو کے 1.3کلو میٹر ٹنل و 8.3کلو میٹر طویل واٹر کنڈیکٹر کا معائنہ بھی کیا ۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ یہ پروجیکٹ 2019دسمبر میں مکمل ہورہاہے۔پتلی قلعہ ایکو پارک کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بتایاگیاکہ یہ پروجیکٹ 5.15کروڑ روپے کاہے جو 400کنال اراضی پر پھیلاہواہے ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے پارک میں سڑک ، کیفیٹریا، باٹنیکل گارڈن، واٹر ریزروائر،داخلہ گیٹ ، سیاحتی ہٹ،ورمی کمپوزٹ یونٹ ، ہارٹی کلچر و فلوریکلچربیڈزکاجائزہ لیا اور سی ای او آر ڈی اے کو ہدایت دی کہ وہ ضروری اقدامات کرکے ایکوپارک میں روایتی آبی ذخائر کے تحفظ اور ان کی خوبصورتی کو یقینی بنائیں۔انہوںنے 7.49کروڑ لاگت والی انس واٹر سپلائی سکیم کا معائنہ بھی کیا جس سے 40ہزار افرا د کو پینے کاپانی ملے گا۔ڈپٹی کمشنر کو حکام کی طرف سے بتایاگیاکہ تقسیم کاری کی لائنیں نہیں بچھائی جاسکتی کیونکہ ابھی تک 4.98کروڑ روپے ہی واگزار ہوئے ہیں ۔انہوں نے کنڈی پارک اور اکلاویہ ماڈل سکول کیلئے جگہ کا جائزہ بھی لیا اور اے ڈی سی کو ہدایت دی کہ اس سلسلے میں کاغذی کارروائی جلد مکمل کریں تاکہ زمین کی متعلقہ ایجنسی کو منتقلی کرکے اس پر کام شروع کروایاجاسکے ۔ترقیاتی پروجیکٹوں کے معائنہ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ہر ایک کام کو مقررہ مدت میں مکمل کریں ۔ انہوں نے معیار کو یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ خواس سے پسیوں کا ملبہ تین دنوں کے اندر اندر صاف کرکے ٹریفک کی نقل و حرکت بحال کی جائے۔بعد ازآں ڈاک بنگلہ میں موصوف نے عوامی وفود سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے ۔اس موقعہ پر لوگوں نے سڑک پروجیکٹوں کی تکمیل ،2014سیلا ب متاثرین کو معاوضے کی فراہمی ، زمین کے معاوضے ، تعلیمی و طبی اداروں میں عملے کی قلت پورا کرنے کی مانگ کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے ان کو مسائل حل کرنے کا یقین دلایا۔دورے کے دوران انہوں نے پچاس کنبوں میں مفت گیس کنکشن تقسیم کئے جبکہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی میں الٹر اسائونڈ مشین کا افتتاح بھی کیا۔