پونچھ//جاب پالیسی اور دیگر مطالبات کے حق میں پونچھ میں نریگا ملازمین کی طرف سے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ یہ احتجاجی دھرنا آل منریگا ایمپلائز ایسو سی ایشن کی کال پر دیاگیا۔دھرنے پر بیٹھے ملازمین نے اپنے مطالبات اجاگر کرتے ہوئے مانگ کی کہ 178 of 2007قانون کے تحت انہیں محکمہ میں ضم کیاجائے ۔تنظیم کے ضلع صدر طارق زارا نے کہاکہ انہیں صرف نریگا سکیم کی عمل آوری کیلئے لگایاگیاتھاتاہم ریاستی حکومت نے ان سے دیگر سکیموں اور محکمہ کاکام بھی لیا جوقواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر سرکار نے انہیں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیگر سکیموں اور محکمہ کیلئے استعمال کیا تو پھر انہیں محکمہ میں کیوں کر ضم نہیں کیاجاسکتا ۔نریگا ملازمین نے کہاکہ حکام کی طرف سے طفل تسلیاں اور جھوٹے وعدے کرکے ان کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیاگیا۔ان کاکہناتھاکہ رواں برس جنوری میں حکومت کی طرف سے ان کے مطالبات کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرنے کیلئے ایک کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جسے دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کا وقت دیاگیاتھاتاہم اب تک اس کی رپورٹ کا کوئی اتہ پتہ نہیں اور اب ایک اور کمیٹی تشکیل پائی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ وعدوں پر عمل نہ ہونے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ریاست میں گورنر راج کے دوران انہیں مطالبات پورے کی امید ہے اور یقینا ان کا مستقبل تباہ ہونے سے بچانے کے اقدام کئے جائیں گے۔ملازمین نے کہاکہ اس سے قبل وہ وعدوں پر یقین کرلیتے رہے تھے تاہم اس بار ہڑتال مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گی۔انہوں نے محکمہ کی سیکریٹری اور ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں ۔