راجوری//پچھلے کئی گھنٹوں سے جاری بارشوں کے نتیجہ میں راجوری پونچھ کے ندی نالوں میں طغیانی پیداہوئی ہے جبکہ اس صورتحال سے عام زندگی متاثر ہوئی ہے ۔مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہواجو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔بارش کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت میں کمی واقع ہوئی اورزیادہ تر لوگ اپنے گھروں میں رہے ۔راجوری پونچھ کے تمام ندی نالوں میں بارش سے طغیانی دیکھی گئی ہے جس سے آس پاس کی آبادی کیلئے خطرات بڑھ گئے ہیں۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے پہلے سے ہی یہ ایڈوائزری جاری کی گئی ہے کہ راجوری میں بائیس سے چوبیس جولائی کے دوران بارشوں سے پسیاں اور طغیانی ہوسکتی ہے۔اس دوران کچھ علاقوں سے ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ کئی زیر تعمیر سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بند ہوگئی ہے ۔