راجوری //ضلع انتظامیہ نے محکمہ انیمل ہسبنڈری کی 1020کنال زمین کی بازیابی کا دعویٰ کیا ہے ۔ وانڈ موڑا لام تحصیل قلعہ درہال میں چلائی گئی ایک خصوصی مہم کے دوران کاہ چرائی کے طور پر استعمال کی جانے والی اس زمین سے غیر قانونی قابضین کو ہٹا دیا گیا ہے ۔ ضلع انتظامیہ ایک ترجمان کے مطابق اپنی نوعیت کی اس منفرد تجاوزات مخالف مہم میں ایک درجن سے زائد مجسٹریٹ، 300پولیس اہلکاروں اور محکمہ انیمل ہسبنڈری کے ملازمین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ ایڈیشنل ڈی سی سندر بنی گورمکھ سنگھ اور ایڈیشن ایس پی نوشہرہ ماسٹر پوپسی کے علاعہ تحصیلدر نوشہرہ سنیت سنگھ، تحصیلدار بیری پتن وکاس آنند، تحصیلدار قلعہ درہال سریش ناگیال اور 5نائب تحصیلداروں نے مجسٹریٹ کی ڈیوٹی نبھائی۔ جوائنٹ ڈائریکٹر فارمزڈاکٹر پی آر بھارتی کی طرف سے فراہم کردہ ٹریکٹروں نے بازیاب زمین کی بوائی بھی کر دی۔ اگر چہ سینکڑوں کی تعداد میں وہاں جمع مقامی لوگوں نے کچھ مزاحمت کی لیکن ان کی ایک نہ چلی اور زمین کی تار بندی کر کے اس پر ٹریکٹر چلا دئیے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ مہم حکومت کی طرف سے جاری سخت ہدایات پر چلائی گئی ہے ۔ ڈی سی نے 16جولائی کو مقامی لوگوں کے ساتھ میٹنگ کر کے انہیں رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے کی صلح دی تھی۔