بانہال // تحصیل رامسو کے اینیاڑ علاقے میں اتوار کو ایک معمر شخص کی مارپیٹ کے خلاف جہاں کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر سخت الفاظ میں مذمت کی ہے وہیں ہندو مسلم امن کمیٹی اْکڑال پوگل پرستان نے اس عام واقع کو فرقہ وارانہ رنگ دینے اور سیاست کرنے والوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اتوار کی شام مکرکوٹ کے علاقے میں عبدالحمید شیخ ساکنہ نیل بانہال کا ایک شخص خریدی ہوئی بھینس لیکر جا رہا تھا کہ اْس پر ایک کنبے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے حملہ کر دیا اور اس واقع کو لیکر علاقے میں اتوار کی شام تناوکی کیفیت پیدا ہو گئی تھی۔ آج کئی سیاسی جماعتوں نے اس واقع کی سوشل میڈیا کا سہارا لیکر سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس مارپیٹ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی مانگ کی۔ جبکہ پولیس نے اب تک تین افراد کو حراست میں لیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہے جبکہ معمر شخص سے چھینی گئی بھینس کو پولیس نے برآمد کرکے اسے ایک گھر والے کے حوالے کیا ہے۔علاقہ پوگل پرستان میں آپسی بھائی چارہ کو قائم رکھنے کیلئے کئی سالوں سے کام کرنے والی ہندووں اور مسلمانوں پر مشتمل امن کمیٹی کے عہداروں نے اس واقع کو مذہبی رنگت دینے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں امن کمیٹی پوگل پرستان کے نائب چیرمین محمد اختر ملک نے کہا ہے کہ دونوں فریقوں کے کافی ذمہ دار شخصیات سے رابطہ کرنے کے بعد پتہ چلا کہ عبدالحمید شیخ نامی شخص جو نیل کا رہنے والا ہے ، ہی وگن نیل روڈ پر کچھ مال مویشی لے کر جا رہا تھا اور ایک بوڑھی عورت جس کا دماغی توازن ٹھیک نہیں ہے اس سے الجھ گئی اورجب عبدالحمید نے بوڑھیا سے اپنا ڈنڈا واپس لینے کی کوشش کی تو بوڑھیا نے شور مچایا کہ اِن لوگوں نے مجھے مارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوڑھیا کی طرف سے شور مچانے کے بعد اس کے بچوں نے مال لیکر جارہے افراد کا پیچھا کیا اور واقعہ ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہوگیا اور معمر شخص کی مارپیٹ کی گئی بعد میں پولیس جائے واردات پر پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو بعض لوگ سیاسی رنگت دینا چاہتے ہیں اور امن کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے معمر شخص عبدالحمید شیخ پر کئے گئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملزموں کو سخت سے سخت سزا دینے کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے واقعہ کو غلط رنگ اور اندزا میں پیش کرکے سماج میں غلط فہمی پھیلا کر امن پسند لوگوں کو تکلیف پہنچانے کی کوشش کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے اسے سراسر غلط اور ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں امن کمیٹی کے ارکان کا ایک اجلاس جلد ہی منعقد کیا جائے گا۔