پینے کے پانی کی عدم دستیابی
پرائمری سکول سیلہ کے طلاب کا پی ایچ ای مخالف احتجاج
زاہدملک
ریاسی //گورنمنٹ پرائمری سکول سیلہ کے طلاب، والدین اور مقامی لوگوں نے سکول او ر موضع میں پانی کی معقول سپلائی نہ کرنے کے خلاف محکمہ صحت عامہ کے خلاف مظاہرہ کیا ۔مظاہرین سکول میں پانی کی عدم سپلائی کے خلاف مظاہرہ کر ہے تھے۔مظاہرین نے مین ریاسی، کٹرہ اور ریاسی پونی سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت میں رخنہ ڈالا ،جسکی وجہ سے ریاسی میں آئی آر پی چوک کے قریب تقریباً ایک گھنٹے تک سڑک بند رہی۔مظاہرین نے محکمہ صحت عامہ کے خلاف نعرے بلند کئے اور پانی کی معقول سپلائی کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں ، اے ڈی سی ریاسی بابو رام ،محکمہ صحت عامہ کے اہلکاروںکے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے اور مظاہرین کو سمجھا بجھا کر دھرنا ختم کرنے کے لئے آمادہ کیا۔
نو تعینات شدہ ڈی سی رام بن کی صدارت میں تعارفی میٹنگ
افسروں کو نشانہ حاصل کرنے کیلئے کام میں سرعت لانے کی ہدایت
رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن شوکت عزیز بٹ کی جانب سے میتراں کانفرنس ہال میں ایک تعارفی و جائزہ میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ، جس میں ضلع افسروں و سیکٹرول افسروں نے شرکت کی۔اے ڈی سی گورویندر سنگھ، اے سی آر وویک پوری، سی پی او اوتم سنگھ ،ایس ڈی ائیمز ، سی ایم او، سی ای او، ایگزیکٹو انجینئروں اور مُختلف محکموں کے ضلع سربراہوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔افسروں سے تعارف کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع و سیکٹرول افسروں کو گورننس دروازوں پر مہیا کرنے کے لئے ڈیلوری سسٹم میں بہتری لانے اور عوام دوستانہ ورک کلچر اپنانے کی ہدایت دی، تاکہ ضلع کے عوام کو مختلف بہبودی سکیموں کے فوائد بغیر کسی پریشانی کے حاصل ہوں۔انہوں نے افسروں کو باقاعدگی اور اپنے سٹاف کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کی ہدایت دی۔افسروں کو فئیلڈ میں ورک نگ سائٹ کا باقاعدہ دورہ کرنے کی ہدایت دی گئی ،تاکہ پروجیکٹو ں کی بر وقت تکمیل اور معیاری کام یقینی ہو سکے۔دریں اثنا ،انہوں نے پی ڈبلیو ڈی، پی ایم جی ایس وائی، پی ڈی ڈی، ہیلتھ ،ایجوکیشن ،ٹیکنکل ایجوکیشن ، زراعت، باغبانی، ابریشم ، فشریئز ، آر ڈی ڈی، میونسپلٹیوں ، کے وی آئی بی، انڈسٹریز، بینک سیکٹر اور مختلف دیگر محکموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹو انجینئر کو میتراں پُل کے لئے ٹینڈرنگ عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دی، تاکہ اس پر کام شروع کیا جا سکے۔سی ای او اور تحصیلدار بانہال کو گرلز ہوسٹل کی تعمیر کے لئے سائٹ کی نشاندہی کرنے کے لئے دو دنوں کے اندرمشترکہ دورہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ڈی پی او کو ضلع کے او ڈ ی ایف اور سوچھ بھارت مشن کے تحت نشانہ حاصل کرنے کیلئے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔انہوں نے ٹرانسمیشن لائن مینٹینننس ڈویژن کے افسروں کو ریسویونگ اسٹیشن میتراں ،رام بن میں اضافہ کرنے کا کام کو مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔دیگر مختلف سکیموں پر بھی تفصیلی مباحثہ کیا گیا ۔انہوں نے افسروں کو سڑکوں پر جاری کام میں سرعت لانے اور مقررہ مدت کے اندر نشانہ حاصل کرنے کی بھی ہدایت دی۔.انہوں نے افسروں کو لگن اور تن دہی سے کام کرنے کی ہدایت دی ۔
ضلع رام بن میں ٹرانسفر پالیسی ٹائیں ٹائیں فش
متعدد ملازمین برسوں سے ایک ہی جگہ تعینات
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع کے مختلف دفاتر میں ملازمین کافی عرصہ سے ایک ہی جگہ پر تعینات ہیں،جس سے سرکار کی ٹرانسفر پالیسی کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ذرائع کے مطابق ٹرانسفر پالیسی کے اصولوں کے تحت ایک ملازم کی ایک جگہ پر تعیناتی کم سے کم دو سال اور زیادہ سے زیادہ تین سال کی ہوتی ہے۔ضلع کے مختلف دفاتر میں جیونئر اور سینئر اسسٹنٹوں کی ایک اچھی تعدا د نے زیادہ سے زیادہ مدت بھی مکمل کی ہے۔گورنر انتظامیہ نے حال ہی میں ایڈمنسٹریشن میں پھیر بدل کیا ہے او رتما م اٹیچ منٹوں کو فوری طور سے منسوخ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ذرائع کے مطابق بعض سرکار ی ملازموں کا عرصہ دراز سے ایک ہی جگہ پر تعیناتی کا مدعا متعلقہ محکموں کے سربراہوں کی نوٹس میں بھی لایا گیا تھا لیکن بد قسمتی سے انہوں نے اسے نظر انداز کیا ہے۔ ذرائع نے شکایت کی ہے کہ ضلع کے اہم محکموں میں منسٹیریل سٹاف کے بعض ملازمین بشمول جیونئیر اور سینئر اسسٹنٹ گُذشتہ20سال سے زائد عرصہ سے کبھی بھی تبدیل نہیں کئے گئے ہیں، جسکی وجہ سے رشوت خوری کو فروغ حاصل ہوا ہے،جسکا ضلع کے عوام پر بُرا اثر پڑ رہا ہے۔یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ محکمہ صحت، تعمیرات عامہ، تعلیم ، صحت عامہ و دیگر محکموں میں کئی ایسے اہلکار ہیں ،جنھوں نے ایک ہی جگہ پر ایک دہائی مکمل کر لی ہے۔ذرائع نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ ان محکموں میں بہت سے ملازمین کو ترقیوں سے بھی نوازا گیا ہے ،تاہم انکا تبادلہ کسی دوسری جگہ نہیں کیا گیا ہے۔ضلع کے عوام نے حُکام بالا سے اس معاملہ میں کاروائی کرنے اور ٹرانسفر پالیسی کے اصولوں کو لاگو کرنے کی اپیل کی ہے.
پی ڈی پی ضلع صدر کشتواڑ محبوبہ مفتی سے ملاقی
کشتواڑ//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع صدر کشتواڑ شیخ ناصر نے پیر کے روز پارٹی کی صدر و سابقہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ انکی سرکاری رہائش گاہ میں ملاقات کی۔یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق ضلع صدر نے پارٹی کے مختلف مدعوں پر بات کی اور انہیں مخلوط سرکار میں بطور وزیر اعلیٰ انکے کام و کاج کی سراہنا کی۔انہوں نے وادی چناب کے لاکھوں گوجروں کی جانب سے انکی سرکار کی جانب سے گوجروں کی سیکورٹی و تحفُظ کے لئے تواریخی اقدام اُٹھانے پر تحسین ادا کیا۔اس دوان مختلف مقامی مدعے بھی اُٹھائے گئے۔ناصر نے کشتواڑ میں منعقدہ تواریخی عوامی دربار کے دوران لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے پر بھی سابقہ وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ۔
قتل کرنے کی کوشش میں ملوث مبینہ ملزمان گرفتار
زاہد ملک // ریاسی پولیس کی جانب سے قتل کرنے کی کوشش میں ملوث تین مبینہ ملزمان کو گرفتار رکنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق 23-7-2018 کو ریاسی پو لیس نے ایک مصدقہ اطلاع پر ایک مبینہ ملزم روہت سنگھ ولد اشونی سنگھ ساکنہ گرام موڈ ،ریاسی کو گرفتار کیا ہے جو کہ ایف آئی آر نمبر 133/2018 میں مبینہ ملزم تھا ۔لیکن حال ہی میں 21-7-2018کو پولیس کی گرفت سے بھا گنے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔جبکہ اسکے خلاف دوسرا ایف آئی آر 137/2018بھی درج کیا گیا تھا۔کیس میں ملوث دو مبینہ ملزمان راہُل سنگھ ولد اشونی سنگھ ساکنہ گرام موڈ ،ریاسی او رشوتان سنگھ ولد بچیتر سنگھ ساکنہ گرام موڈ ،ریاسی کو بھی ایف آئی آر نمبر 133/2018 میں گرفتار کیا گیا ہے، جو کہ کافی عرصہ سے گرفتاری سے بچنے کی کوشش میں تھے۔پولیس بیان کے مطابق ایس ایچ او ریاسی انسپکٹر اشونی شرما کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم نے ا یس ا ٓئی عبدل کبیر چودھری نے تحت نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز نکھل گوگنا اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز ریاسی ویریندر سنگھ منہاس اور ایس ایس پی ریاسی طاہر سجاد کی کمان میں انجام دی ۔
ڈاکٹر طارق آزاد نے پرنسپل ڈوڈہ میڈیکل کالج کا عہدہ سنبھالا
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ //گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کے نو منتخبہ پرنسپل ڈاکٹر طارق آزاد نے پیر کے روز رسمی طو سے بطور پرنسپل اپنا عہدہ سنبھال لیا۔ضلع ہسپتال پہنچنے پر انکا میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈی ایچ دوڈہ، ڈاکٹر پرویز اقبال وانی، کنسلٹنٹوں ، میڈیکل افسروں اور نیم طبی عملے نے انکا گرمجوشی سے استقبال کیا۔اس موقعہ پر ایک تعارفی اجلاس کا اہتمام کیا گیا ،جس میں ایم ایس ڈی ایچ دوڈہ نے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کا پرنسپل سے رسمی طور تعارف کرایا ۔بعد ازاں ، پرنسپل جی ایم سی ڈوڈہ پروفیسر ڈاکٹر طارق آزاد نے ایس این سی یو ،لیبر روم ، اوپریشن تھیٹر اور انڈور بلاک کا معاینہ کیا۔ ڈاک بنگلہ میںپرنسپل کی قیادت میں جی ایم سی ڈوڈہ کی تعمیر کے کام اور دیگر مدعوں پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے ایک اجلاس کا اہتما م کیا گیا ۔اجلاس میں ایس ای آر اینڈ بی، میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ضلع ہسپتال ، محکمہ تعمیرا ت عامہ، جے کے پی سی سی کے ایگزیکٹو انجینئروں اور اے ڈی ایم او نے بھی شرکت کی۔دریں ِ اثنا انہوں نے جی ایم سی کی کنسٹریکشن سائٹ کا بھی دورہ کیا او رکام کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں ،انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سمرن دیپ سنگھ کے ساتھ بھی ملاقات کرکے انہیں تعمیراتی کام میں در پیش روکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کہا ،جس پر ڈی سی نے مکمل تعادن کا یقین دلایا
بائیو میٹرک حاضری میںسست روی
ڈی سی ڈوڈہ نے پروگرام افسر کی تنخواہ روک دی
ڈوڈہ // ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ سمرن دیپ سنگھ نے آدھار کے ساتھ بائیو میٹرک حاضری سسٹم جوڑنے میں سست روی سے کام کرنے پر آئی سی ڈی ایس کے پروگرام آفیسر کی تنخواہ روکنے کا حُکم جاری کیا ہے۔ضلع انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق پی او، آئی سی ڈی ایس ملازمین کو آدھار کے ساتھ بائیو میٹرک حاضری سسٹم کے ساتھ جوڑنے میں ناکام رہے ہیں۔اس پر ڈی سی نے ضلع ٹریجری افسر کو ہدایت دی ہے کہ وہ مذکورہ افسر کی ماہ جولائی2018 کی تنخواہ تا حُکم ثانی واگُذار نہ کریں۔علاوہ ازیں ،مذکورہ افسر کو 24گھنٹوں کے اندر اند ررجسٹریشن کی پوری کارروائی یقینی بنانے کو کہا گیا ہے ،بصورت دیگر انکے خلاف تحت قوانین ضابطہ کی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نیل، بانہال میں ویٹرنری کیمپ کا اہتمام
بانہال //انڈین آرمی نے بانہال کے عوام کے ساتھ خدمات کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے آپریشن سد بھاونہ کے تحت تحصیل بانہال کی نیل وادی کے دور افتادہ علاقہ پران دھار میںایک ویٹرنری کیمپ کا اہتمام کیا ۔ویٹرنری ہسپتال بانہال کے ڈاکٹروں نے کیمپ کا کامیاب بنانے کے لئے فوج کی معاونت کی۔کیمپ میں وادی نیل کے درجنوں دیہات کے ہجرت کرنے والے گوجر و بکروال طبقہ کے علاوہ مقامی لوگوں نے بھی کیمپ میں اپنے پالتو جانورں کو لایا اور انکا معالجہ کرایا ۔کیمپ کے دران موسمی بیماریوں اور انفکشن سے جانوروں کے بچائو کیلئے ادویات بھی فراہم کی گئی۔کیمپ میں 250سے زائد پالتو جانوروں کا معالجہ کیا گیا۔تقریبا ً400لوگوں نے اپنے جانوروں کے لئے مفت ادویات حاصل کی۔نیل کی مقامی آبادی نے فوج کی جانب سے ویٹرنری کیمپ منعقد کرنے کی ستائش کی اور کمانڈنگ افسر آر آر سے بانہال میں مزید اس قسم کے کیمپ منعقد کرنے کی درخواست کی۔