بانہال // اتوار کے روز ضلع رام بن کے مکرکوٹ علاقے میں ایک معمر شخص کے ساتھ دوسرے فرقے سے تعلق رکھنے والے ایک کنبے کے چند افراد کی مار پیٹ کے بعد امن کمیٹی پوگل پرستان ، مقامی لوگوں اور پولیس کی کاوشوں کے بعد دونوں فریقوں میں افہام و تفہیم کے بعد صلاح کرا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں فرقوں سے تعلق رکھنے والے مقامی لوگوں کی طرف سے کی کوشش کے بعد عبدالحمید شیخ اور پربھات سنگھ کے درمیان باہمی راضی نامہ کرایا گیا۔ اس موقع پر امن کمیٹی پوگل پرستان کے ارکان ، دونوں فریقین کے رشتہ دار ، علاقے کے معزز ین اور پولیس کے افسران موجود تھے اور عبدالحمید شیخ کے ساتھ مارپیٹ میں ملوث افراد کی طرف سے معافی تلافی کے بعد معاملہ حل کرکے انہیں منعقد ہوئی میٹنگ میں گلے ملایا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں صدیوں سے چلے آرہے آپسی بھائی چارہ ، ، ایک دوسرے کیلئے ادب واحترام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے آپسی افہام و تفہیم کے ذریعہ اس معاملے کو حل کیا گیا ہے اور آئندہ ایسے کسی بھی اشتعال انگیر واقع سے گریز کرنے کی ملوثین سے تقلین کرائی گئی ہے تاکہ کوئی ایسی اشتعال انگیزی کسی نقص امن کا باعث نہ بنے۔ اس موقعہ پر ایس ڈی پی او بانہال سجاد سرور ، ایس ایچ او رامسو نوین انگرال ، امن کمیٹی کے چیئرمین نرنجن سنگھ ، وائس چیرمین محمد اختر ملک ، سیکریٹری ریاض احمد میر، سرپنچ مجیب الرحمان ، چرن سنگھ ، محمد حنیف پینچ گگونی نیل ، متاثرہ بزرگ عبدالحمید شیخ کے رشتہ دار، مقامی معززین اور حملے میں ملوث گرفتار شدہ چار افراد کے رشتہ دار بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز مکرکوٹ کے اینٹار علاقے میں بھینس لیکر جا رہے ایک معمر شخص عبدالمجید شیخ ساکنہ نیل کو اسی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک کنبے کے کچھ افراد نے مار پیٹ کی تھی – اس معاملے میں ملوث پولیس نے چار افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف معاملہ بھی درج کیا تھا تاہم آج علاقے کے وسیع تر مفادات کو مدنظر رکھکر آپسی مفاہمت کا راستہ اختیار کرکے معاملے کو حل کیا گیا ہے تاکہ اس علاقے سے پوری ریاست جموں وکشمیر کیلئے عوام کی یہ کوشش ایک مثال بن جائے۔