ڈی سی ڈوڈہ کی جانب سے تعارفی و عوامی شکایتی اجلاس منعقد
بھدرواہ // بھدرواہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ سمرن دیپ سنگھ کی جانب سے ایک تعارفی اور عوامی شکایت کا ازالہ کرنے کیلئے ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا ۔اجلسا کے دوران عوام کی جانب سے اُٹھائے گئے مدعوں میں پی ایم جی ایس وائی اور پی ڈبلیو ڈی کے تحت تعمیر کی گئی سڑکوں پر تار کول بچھانے، ناقص پینے کا پانی، سب۔ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی قلت، پُرانی ہسپتال عمار ت میں سرکار کے اعلان کے مطابق زچہ و بچہ کی پرداکھ کے لئے ایک ہسپتال کھولنے،مختلف مقامات پر گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے سہولیت اور قصبہ میں صحت و صفائی کا مدعا بھی شامل تھا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کی شکایات کو بغور سُنا اور انہیں موقعہ پر ہی افسروں کو یہ مطالبات کم سے کم وقت میں پورے کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے شرکا سے ترقیاتی کاموں میں شرکت کرنے اور بھدرعواہ میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے کام کرنے کی تلقین کی،تاکہ علاقہ کی بھلائی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بھدرواہ میں سیاحت کی کافی گنجائش ہے اور اسے ریاست میں بطور ایک دلکش سیاحتی مقام کے فر وغ دینے کا کام جاری ہے۔اے ڈٖی سی پون کمار پریہار، ایس ایس پی محمد شبیر، اے ایس پی راجندر سنگھ، تحصیلدار بھدرواہ مسعود احمد،ایس ڈی پی او توصیف احمد کے علاوہ معزز شہریوں اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
گول میں ایئرٹیل انٹرنیٹ سروس برائے نام
چھوٹ کے نام پر صارفین کو لوٹنے کا سلسلہ جاری
زاہد بشیر
گول//جہاں ایک طرف سے مشہور مواصلاتی کمپنی ائر ٹیل صارفین کو بھاری بھاری چھوٹ دے کر روپے اینٹھنے کا جھانسہ دے رہی ہے وہیں صارفین کو دیا جانے والا نیٹ ورک کچھوے کے رفتار سے بھی کم ہے اگر چہ لوگ موٹی موٹی رقم بھاری چھوٹ کے لئے دیتی ہے لیکن اس کے بر عکس انہیں وہ سہولیت نہیں دی جا رہی ہیں جو انہیں چاہے تھی اور گول میں باقی مواصلاتی کمپنیوں کا حال بُرا ہے اور کئی ایک نے یہاں سے اپنا بسترا بھی گول کیا تھا اب لوگوں کوصرف ایک مواصلاتی کمپنی ائر ٹیل تھوڑی تھوڑی سروس بحال کر رہی تھی اور اب فور جی نام کا انٹر نیٹ بھی یہاں پر آیا تھا لیکن اس کی حالت ٹو جی سے بھی ابتر ہے ۔ آج کے اس جدید دور میں سرکاریں بھی عوام کو اُن کی دہلیز تک ہر ایک اطلاع دینے کے لئے انٹر نیٹ کا استعمال کر رہی ہے لیکن افسو س مقام ہے کہ گول میں ائر ٹیل نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ۔ کئی مرتبہ ائر ٹیل حکام سے بھی استدعا کی تھی لیکن اس کے با وجود کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکا گول میں ایک دو جگہ پر ٹاور بھی نئے نصب کئے تھے لیکن اس کے با وجود سروس میں کوئی بہتری نہیں آ رہی ہے ۔ یہاں پر اب جی او مواصلاتی کمپنی لوگوں کو تیز انٹر نیٹ سہولیت دینے کے لئے میدان میں اُتر پڑی ہے اور لوگ ائر ٹیل کو خیر بادکہہ رہی ہے لیکن ہزاروں صارفین ایسے ہیں جو اب بھی ائر ٹیل کی سم ہی استعمال کرتے ہیں لیکن ان کی سروس سے یہ لوگ کافی تنگ آ چکے ہیں ۔ کئی صارفین نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر جلد از جلد ائر ٹیل نے اپنا انٹر نیٹ و دوسری سروس کو بہتر سمت نہیں دی تو وہ جی او کو اپنانے میں مجبور ہوں گے اور لوگ سڑکوں پر اُتر کر ائر ٹیل کے خلاف احتجاج کریں گے جو لوگوں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔
مذہبی منافرت پھیلانے اور علاقائی تقسیم کے حامیوں سے محتاط رہیں:شہاب الحق
ڈوڈہ//آج پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر ضلع ڈوڈہ شہاب الحق بٹ نے بھاگواہ کے مختلف علاقہ جات کا دورہ کیا اور سابقہ وزیر اعلی مفتی محبوبہ کے منظور شدہ ٹرانسفارمر نصب کروا کر عوام کی دیرینہ مانگ پوری کی ۔واضح رہے کہ مذکورہ علاقہ جات میں ترسیلی لائینوں کا فقدان تھا اور عوام بجلی جیسی سہولت سے محروم تھی۔ لوگوں نے شہاب سے کہا کہ گذشتہ حکومتیں لوگوں کو سبز باغ دکھا کر ووٹ بٹورتی اور پھر ان کی طرف کوئی نظر التفاط نہ کرتی اور اس طرح سے پچھلی حکومتوں نے گذشتہ ساٹھ سالوں میں صرف وعدے کئے اور عوام کا استحصال کیا لیکن کبھی بھی وعدے وفا نہ کئے اس موقع پر عوام الناس نے شہاب کا نہ صرف والہانہ استقبال کیا بلکہ ان کا شکریہ ادا کر تے ہو ئے کہا کہ شہاب ایک ایماندار، نیک نیت،مخلص اور وعدہ بند رہنما ہیں اور زمینی سطح پر کام کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔ اس موقعہ پر شہاب الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ غلط اور صحیح میں تمیزکی جائے اور عوام بھی اب مفاد پرست لیڈروں کو پہچان چکی ہے اور اب کسی دھوکہ میں نہ آنے والی ہے تاہم انہوں نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی منافرت پھیلانے اور علاقائی تقسیم کرکے ووٹ مانگنے والے امن دشمن عناصر سے ہوشیار رہیں اور کسی کے نرغے میں نہ آئیں اور لوگوں کو چاہئے کہ اب وہ اچھے نمائیندوں کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے ہمیشہ عوامی بہبود کی خاطر قربانی دی ہے اور آئیندہ بھی دیتی رہے گی اور عوام کی خدمت کرتی رہے گی انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ پی ڈی پی کو کامیاب بنائیں تب جاکر ہی ترقی ممکن ہے شہاب نے اس موقع پر مفتی محبوبہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنا وعدہ وفا کرکے عوام کی دیرینہ مانگ پوری کی۔ شہاب نے چھاترو میں ایک بے قصور شخص کے پولیس کی تحویل میں کئے جانے والے قتل عمد کی مذمت کی اور سرکار سے مانگ کی کہ اس قتل کی آزادانہ طور تحقیق کرکے مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئیندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوں انہوں نے غمزدہ عیال سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ وہ اس غم میں برابر ان کے شریک ہیں۔ شہاب نے مکڑ کوٹ میں گاؤ رکشکوں کے ہاتھوں ایک بزرگ شہری کی بلا وجہ مارپیٹ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ایسے واقعات کو غنڈہ گردی سے تعبیر کیا اور سرکار سے فوری طور ان غنڈوں پر لگام کسنے پر زور دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ امن وامان کو بنائے رکھیں دور ے میں ان کے ہمراہ شیخ طارق،فاروق احمد میر،مبارک علی کھانجی،غلام قادر کھانجی و دیگر کارکنان تھے۔
ڈی سی رام بن نے کھیلو انڈیا کی عمل آوری کا جائزہ لیا
ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا
رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن شوکت عزیز بٹ کی قیادت میں بدھ کے روز منعقدہ ایک اجلاس میں ضلع میںکھیلو انڈیا لاگو کرنے کا جائزہ لیا۔اجلاس میں اے ڈی ڈی سی رویندر سادھو، اے ڈی سی گورویندر جیت سنگھ، سی پی او اوتم سنگھ، پرنسپل جی ڈی سی رام بن اور گول، اے ایس پی سنجے پریہار ،اے ڈی پلاننگ گنیش کمار، سی ایم او ،سی ای او ،ڈی وائی ایس ایس او، فوج،سی آر پی ایف کے افسراں کے علاوہ دیگر متعلقین نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع میں کھیلو انڈیا موثر طریقہ سے لاگو کرنے کیلئے ایک ضلع سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ،جو اے ڈی ڈی سی بطور نوڈل افسر، ایس ایس پی رام بن ، گول ،بانہال، اور رام بن جی ڈی سی کے پرنسپل، کمانڈنٹ آئی آرپی 16ویں بٹالین ،کمانڈنگ افسر 23آر آر ،سی ایم او ،سی ای او، ڈی وائی ایس ایس او ،این وائی کے کے ضلع کارڈینیٹر اور ریاستی سپورٹس کونسل کے نمائندے بطور ممبران پر مشتمل ہوگی۔اجلاس کے دوران یوتھ اور سپورٹس شعبہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ڈی سی نے سکیم کے مقاصد حاصل کرنے کے لئے متعلقین کو لاگو کرنے کیلئے ایک پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ رام بن میں کھلاڑیوں کی کثرت کی وجہ سے کھیلوں کے شعبہ میں کافی صلاحیت ہے اور وقت کی ضرورت ہے کہ ان صلاحیتوں کا مثبت طریقہ سے استعمال کیا جائے۔انہوں نے افسران سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا ،تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرکے ریاست کانام روشن کریں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ضلع کے دور افتادہ دیہات میں کھیلوں کو منعقد کرنے میںہر ممکن مدد کا یقین دلایا
ریٹلی پائور پروجیکٹ
پی اے ایف کا فوری طور سے کام بحال کرنے کا مطالبہ
کشتواڑ//پبلک ائیویرنس فرنٹ کشتواڑ نے ریٹلی ایچ ای پروجیکٹ دربھشالہ ،کرتھائی کی کام شروع کرنے میں کئے جاہے تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک پریس بیان میں فرنٹ کے صدر شاکر صدیقی نے کہا ہے کہ اس طویل تاخیر کی وجہ سے ضلع کے نوجوانوں میں مایوسی پھیل گئی ہے۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اس پروجیکٹ پر بقایا قانونی لوازمات فاسٹ ٹریک بنیادوں پر پورا کرکے اس پروجیکٹ پر فوری طور سے کام شروع کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پائور پروجیکٹ پکل ڈول کے زمین مالکان کیلئے معاوضہ، ترجیحی بنیادوں پر ورزگار اور بازآباد کاری کی ایک ٹھوس پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے ہنر مند اور غیر ہنر مند نوجوانوں بشمول انجینئروں کو ترجیحٰ بنیادوں پر روزگار دلانا سرکار اور منیجمنٹ کی ذمہ واری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کشتواڑ بھارت میں بجلی پیدا کرنے کے لئے سر فہرست پر ہے لیکن باجود اسکے ضلع بیروزگاری میں بھی سر فہرست ہے۔انہوں نے سابقہ سرکاروں پر ضلع کو مکمل طور سے نظر انداز کرنے کا مبینہ الزام لگایا اور رایست کے گورنر سے ضلع کے نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کی اپیل کی۔
رام بن میں ویٹرنری کیمپ کا اہتمام
رام بن//انڈین آرمی نے لانچا ،رام بن کے عوام کے ساتھ بے لوث خدمات کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے آپریشن سد بھاونہ کے تحت علاقہ کے دور افتادہ علاقہ پرلانچا، رام بن میںایک ویٹرنری کیمپ کا اہتمام کیا ویٹرنری ہسپتال کے ڈاکٹروں نے کیمپ کو کامیاب بنانے کے لئے فوج کی معاونت کی۔کیمپ میں درجنوں دیہات کے مقامی لوگوں نے بھی کیمپ میں اپنے پالتو جانورں بشمول بھیڑ، بکریوں، گائے، بھینسوں ،خچروں اور گھوڑوں کا محالجہ کرایا ۔کیمپ کے دران موسمی بیماریوں اور انفیکشن سے جانوروں کے بچائو کیلئے ادویات بھی فراہم کی گئی۔کیمپ میں کُل ملا کر 1756سے زائد پالتو جانوروں کا محالجہ کیا گیا۔اس موقعہ پر ویٹرنری ادویات بھی مفت تقسیم کئے گئے۔ اس موقعہ پر جانورں کی اچھی دیکھ بھال کے لئے ایک لیکچر کا بھی اہتمام کیا گیا ۔ مقامی آبادی نے فوج کی جانب سے ویٹرنری کیمپ منعقد کرنے کی ستائش کی اورمستقبل میں مزید اس قسم کے کیمپ منعقد کرنے کی درخواست کی۔
ریاسی میں تربیتی کورس کا اہتمام
ریاسی //فوج کی جانب سے نوجوانوں کو گاڑیوں کی مرمت کرنے اور خواتین کو گاڑیاں چلانے کی تربیت دینے کے لئے سموٹ، ریاسی میں مورخہ 20جون 2018سے 24 جولائی2018. دو مختلف کورسوں کا انعقاد کیا۔تربیتی کورس منعقد کرنے کا مقصد نوجوانوں کو مطلوبہ سکل سے بااختیار بنانااور انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دینا اور خواتین کو بااختیار کرنے کے لئے اُن میں خود اعتمادی پیدا کرنا تھا ۔سموٹ اور ملحقہ دیہات کے13نوجوانوں اور 15خواتین نے ان کورسوں میں شرکت کی۔تھیوری کلاسوں کے علاوہ تربیت کے دوران عملی تربیت پر بھی زور دیا گیا ۔ان تربیتی کورسوں میں خواتین اور نوجوانوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے تربیتی کیمپ منعقد کرنے کی کافی ستائش کی۔
اقلیتوں میں عدم تحفُظ
عوام کا سرکار سے موثر اقدام کرنے کا مطالبہ
ایم ایم پرویز
رام بن //ریاست اور ملک کے دیگر حصوں میں اقلیتوں پر ہورہے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع کے مقامی لوگوں نے ریاستی و مرکزی سرکار سے ایسے واقعات کو روکنے کے لئئے موثر اقدام کرنے پر زور دیا ہے۔ان لیڈروں نے گُذشتہ کئی برسوں سے ایک یا دوسرا بہانہ بنا کر اقلیتوں پر ہو رہے حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان لیڈروں نے مبینہ الزام لگایا ہے کہ بی جے پی بر سر اقتدار آنے سے ہی اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان لیڈروں نے مزید کہا ہے کہ ایک طرف تو بی جے پی ملک کی ترقی میں اقلیتوں کی حصہ داری کو اہم مانتے ہیں لیکن دوسری جانب وہ مُلک میں اقلیتوںکو تحفُظ دینے میں ناکام رہے ہیں۔انہوںنے شکایت کی ہے کہ اقلیت اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیںاور مرکزی و ریاستی سرکار کی یہ ذمہ واری ہے کہ وہ ان میں احساس تحفُظ پیدا کرنے کے لئے موثر اقدام کرے، تاکہ اقلیتوں پر زد و کوب کرنے کے واقعات کا خاتمہ ہو سکے۔
ڈگری کالج بھدرواہ میں قانونی بیداری کیمپ
بھدرواہ //بھدرواہ کے ڈگری کالج میں ’’ریگنگ مخالف قوانین /بچوں کے حقوق ‘‘ کے موضوع پر بُدھ کے روز ایک قانونی بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔کیمپ کا اہتمام چیئر مین ضلع لیگل سروسز اتھارٹی بھدرواہ ایم کے شرما نے کیا تھا ۔ تحصیل لیگل سروسز کمیٹی بھدرواہ کی چیئر پرسن رینو ڈوگرہ اور سیکرٹری ضلع لیگل سروسز اکمیٹی بھدرواہ مدثر فاروق نے بھی بیداری کیمپ میں شرکت کی۔پروگرام میں کالج کے300سے زائد طلاب بشمول کالج کے سٹاف ممبران اور وکلاء نے بھی شرکت کی۔