سرحدی نوجوانوں کو فوج میں بھرتی کرنیکی مانگ
مینڈھر//سائیں ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے مر کز ی اور ریا ستی گو رنر سے مطالبہ کیا ہے کہ سر حد ی علا قو ں کے نوجوانوں کو فوج میں بھرتی کیاجائے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں مسلسل حالات خر اب ہونے کی وجہ سے یہاں صنعتی ترقی نہیں ہوسکتی اور نہ ہی کسی قسم کا کاروبار کیاجاسکتاہے اس لئے یہاں کے نوجوانوں کو نیم فوجی دستوں اور فوج میں بھرتی کیاجائے جس کیلئے کوٹہ مختص رکھاجائے تاکہ روزگار مل سکے ۔ انہو ں نے کہا کہ ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے تاکہ وہ بری صحبتوں سے دور رہ کر ملک کی خدمات انجام دے سکیں ۔ انہو ں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں بسنے والے نوجوان ذہنی اور جسمانی لحاظ سے دوسرے علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں سے زیادہ طاقتور ہوتے ہیں جن کی خدمات لی جانی چاہئیں۔
رہبر تعلیم اساتذہ کا 28جولائی کو احتجاج کا اعلان
بختیار حسین
سرنکوٹ//رہبر تعلیم اساتذہ نے اٹھائیس جولائی سے ریاست گیر احتجاج کا اعلان کیاہے ۔ رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کے ضلع صدر پونچھ سید شاہنوا زنے کہاکہ حکومت ایس ایس اے اساتذہ کوساتویں تنخواہ کمیشن کا فائدہ دینے اور ان کی تنخواہوں کو ڈی لنک کرنے کے معاملات پر لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جس وجہ سے وہ اضطرابی کیفیت اور ذہنی طور پر پریشان ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سابق حکومتوں نے اساتذہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا اور ان کے جائز مطالبات پورے نہیں کئے گئے اور یہی وجہ ہے کہ وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ان کااحتجاج حل طلب مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔ شاہنوا ز نے بتایاکہ ٹیچر ز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے فیصلہ لیاہے کہ اگر حکومت ستائیس جولائی تک ان کے مطالبات پورے کرنے میں ناکام رہی تو اٹھائیس جولائی کو ریاست گیر احتجاج کیاجائے گا اور ریاست کے سبھی 220زونوں میں تعلیمی سرگرمیاں بند رکھی جائیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ فورم کی طرف سے تمام زونل صدور کو اس احتجاج میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے ۔
لوپیڈ ایمپلائزفیڈریشن کا تعزیتی اجلاس
مینڈھر//کامریڈ کرشنا دیو سیٹھی کے برادر اصغر ریٹائرڈ کرنل منوہرلال سیٹھی کے انتقال پرمینڈھر میں لوپیڈایمپلائزفیڈریشن کا ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت اس کے جنرل سکریٹری حاجی نذیر حسین نے کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے انسانیت کے تئیں اس خاندان کی خدمات پر روشنی ڈالی اورمنوہر لال کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔تعزیتی اجلاس میںشریف منہاس،حمید بھٹی،نذیر کٹاریہ،ابراہیم پوسوال،بشارت علی خان، شبیر حسین شاہ وغلام حسین بھی موجو دتھے۔
فیصلوں پر عمل آوری اور پروجیکٹوں کی تکمیل
ڈپٹی کمشنر راجوری نے ’فالو اپ سیل ‘قائم کرنے کا حکم جاری کیا
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے ضلع میں ترقیاتی کاموں کے متعلق شکایات اور ان پروجیکٹوں کی کارکردگی کا ہر دو ہفتوں کے بعد جائزہ لینے کیلئے ’فالو اپ سیل ‘بنانے کا حکم جاری کیاہے ۔یہ سیل ضلع سٹیٹیکل و ایوالویشن افسر اور دو سٹیٹکل افسران پر مشتمل ہوگا جو ضلع میں روبہ عمل لائی جارہی سکیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ڈپٹی کمشنر راجوری کی طرف سے عوامی میٹنگوں اور کیمپوں و وفود سے ملاقاتوں کے دوران لئے گئے فیصلوں پر پیشرفت کی دیکھ ریکھ بھی کرے گا۔یہ فا لو اپ سیل اہم پروجیکٹوں جیسے سیما بھون اور کمیونٹی بینکراور انفرادی بینکر وں کی جائزہ لے گاتاکہ ان پروجیکٹوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیاجاسکے ۔سیل کو یہ ذمہ داری بھی دی جائے گی کہ وہ تمام فیصلوں کا ریکارڈ رکھے اور ایکشن ٹیکن رپورٹ پیش کرنے کو یقینی بنائے اوراگر کہیں ضرورت پڑے تو اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی مداخلت لی جائے ۔ان کاموں کے علاوہ سیل ضلع میں عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے منعقد کئے جارہے کیمپوں کا کلینڈر بھی تیار کرے گا اور ساتھ ہی یہ تفصیل بھی جمع رکھے گاکہ کونسے پروجیکٹ تعطل کاشکار ہوئے ہیں اور کن کو شروع کرنے میں تاخیر ہوئی ہے۔
گرلز ہوسٹل دورافتادہ علاقے میں کھولنا مضحکہ خیز
قصبہ سرنکوٹ مرکزی مقام اور موزوں جگہ :مشتاق بخاری
سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس کے سیکریٹری وسابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے مرکزی حکومت کی طرف سے منظورشدہ گرلز ہوسٹل دور افتادہ علاقے ہاڑی میں قائم کرنے کے منصوبے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ ہوسٹل سرنکوٹ قصبہ میں کھولاجائے جو ایک مرکزی مقام ہے اور جہاں پورے سب ڈیویژن کی طالبات آجاسکتی ہیں ۔ اپنے ایک بیا ن میں بخاری نے کہاکہ یہ ایک مضحکہ خیز بات ہے کہ ہوسٹل کو سرنکوٹ کے ایک ایسے علاقے میں کھولاجارہاہے جو طالبات کی رسائی سے باہر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سمجھ نہیں آرہی کہ اتنے دور ہوسٹل بنانے کے پیچھے کیا منطق ہے اور کیوں پورے علاقے کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے ۔ ان کاکہناہے کہ وہ ہاڑی علاقے کے خلاف نہیں لیکن انسانی عقل اور منطق یہ کہتی ہے کہ ایسا ادارہ کسی مرکزی مقام پر کھولاجاناچاہئے جہاں طالبات آسانی سے پہنچ سکیں۔بخاری نے کہاکہ ہوسٹل کوہاڑی میں قائم کرنے کے منصوبے کو ترک کرکے اسے سرنکوٹ میں قائم کیاجائے نہیں تو اس فیصلے کے خلاف اقدام کئے جائیں گے ۔ان کاکہناہے کہ اگر کسی عام شہری سے بھی یہ رائے لی جائے کہ اس ہوسٹل کو کہاں کھولنا چاہئے تووہ بھی یہی کہے گاکہ اس کیلئے موزوں جگہ قصبہ سرنکوٹ ہے جو مرکزی مقام بھی ہے ۔این سی لیڈر نے کہاکہ یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ پوشانہ ،چندی مڑھ، بفلیاز، سانگلہ ،سنئی اور دیگر دور دراز علاقوں کی طالبات پڑھائی کیلئے سرنکوٹ آئیں گی اور پھر انہیں قیام کیلئے کئی کلو میٹر کا سفر طے کرکے دور درا ز علاقے ہاڑی میں جاناپڑے گا۔انہوں نے کہاکہ ایسے ہوسٹل میں قیام کرنے سے بہتر ان کیلئے اپنے گھر جاناہے ۔بخاری نے کہاکہ ایسے فیصلے عوام پر زبردستی نہ تھوپے جائیں جوکسی بھی طور پر جائز نہ ہوں اور ایسا کرنے والوں کو جواب دیناہوگا۔ انہوں نے حکام پر زور دیاکہ یہ ہوسٹل سرنکوٹ قصبہ میں قائم کیاجائے اور اسے ہاڑی میں کھولنے کے منصوبے کو ترک کردیاجائے ۔
آرمی افسر کی شاہدرہ شریف زیارت پر حاضری
راجوری //فوج کی وائٹ نائٹ کارپس کے کمانڈر لیفٹنٹ سرنجیت سنگھ نے بابا غلام شاہ بادشاہ زیارت شاہدرہ شریف پر حاضری دی ۔ان کے ہمراہ فوج کے دیگر سینئر افسران بھی تھے جنہوں نے زیارت پر حاضری دی اور دعائیں مانگیں۔اس دوران زیارت کی انتظامیہ کمیٹی نے فوجی افسران کا استقبال کیا اور انہیں زیارت کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بتایا۔ آرمی افسران زیارت پر کئی گھنٹوں تک موجود رہے ۔
شہناز گنائی کا دورۂ منگناڑ
حسین محتشم
پونچھ//نیشنل کانفرنس لیڈر و رکن قانو ن ساز کونسل ڈاکٹر شہناز گنائی نے گائوں منگناڑ کادورہ کرکے مقامی لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے بتایاکہ انہیں حکومت کی طرف سے بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ پانی ،بجلی اور خاص کر فٹ پاتھ جیسی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث انہیں شدید مشکلا ت کاسامناہے ۔ انہوں نے کہاکہ کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے ان سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیاگیالیکن کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ان کاکہناہے کہ یہ ایک بڑا علاقہ ہے جو ہر ایک حکومت کے عتاب کاشکار رہاہے ۔ شہناز گنائی نے تمام مسائل سننے کے بعد عوام کو یقین دلایاکہ وہ مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ مسائل کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لائیں گی ۔
نیڑیاں کو ماڈل ولیج کادرجہ دینے کی مانگ
حسین محتشم
پونچھ//سرنکوٹ کا دور دراز گائوں نیڑیاں ایک پسماندہ علاقہ ہے جہاں کی دو ہزار آبادی کو زندگی کی کئی سہولیات فراہم نہیں ۔گائوںقدرتی حسن و جمال سے سرشار ہے اوریہاں کئی آبشار ،چشمے اور وادیاں ہیں جن کو دیکھ کو انسان کی روح مسرور ہو جاتی ہے لیکن بدقسمتی سے اس کی ترقی کی طرف حکومت نے آج تک کوئی اقدام نہیں کیا۔گائوں کے لئے میدانہ سے ایک سڑک نکالی گئی ہے جونامکمل ہونے سے مقامی آبادی کیلئے بے سود ثابت ہوئی ہے۔مقامی عوام کے مطابق انہیں راشن میدانہ سے جا کر لانا پڑتا ہے جو ان کیلئے کافی دور ہے۔انہوں نے بتایاکہ پای اور بجلی کا حال بھی خراب ہے اور وہ قدم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔انہون نے طبی سہولیات کے فقدان کی بھی شکایت کرتے ہوئے کہاکہ معمولی سے علاج کیلئے کئی کلو میٹر کاسفر طے کرناپڑتاہے ۔نیڑیاں پنچایت کے سرپنچ پنچایت محمد رشید انقلابی نے بتایا کہ گائوں کی 100فیصد آبادی گوجر بکروال ہے جسے رابطہ سڑک فراہم کرنے کیلئے منڈی بفلیاز سی آر ایف سڑک سے جوڑاجاسکتاہے تاہم اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔انہوں نے کہا کہ گائوں میں کئی چشمے ہیں جو آلودہ ہو رہے ہیں اور دیگر قدرتی ذخائر بھی مٹنے لگے ہیں ۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ وہ گائوں کی 2ہزار آباد ی پر رحم کھا ئیں اور ان کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے کو ماڈل ولیج کا درجہ دیاجائے تبھی اس کی ترقی ہوسکتی ہے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ یہاں کے طلباء کو مڈل اسکول کے بعد لسانہ یا پھر چنڈک جانا پڑتا ہے جو نہ صرف دور بلکہ تکلیف دہ سفر بھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گائوں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے سکول کھولاجائے۔
بیت الخلائوں کے معائنہ کا سلسلہ جاری
طارق شال
تھنہ منڈی//میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کی چھ رکنی ٹیم نے تعمیر شدہ بیت الخلائوں کا معائنہ کیا جس دوران میونسپل حدود میں پیدا ہونے والی بھنگ کی فصل کو بھی تباہ کیاگیا۔ مرکزی معاونت والی سکیم سوچھ بھارت مشن کے تحت میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی میں تعمیر کئے گئے بیت الخلائوں کا معائنہ کرنے کیلئے ڈائریکٹر لوکل باڈیز جموں کی ہدایت پر ایک چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی میونسپل کمیٹی کے ایگزیکٹو افسر کبیر احمد ملک کررہے ہیں ۔ اس کمیٹی میں اس کے علاوہ خلاف ورزی انسپکٹر خلیل احمد سمیال ، متعلقہ جونیئر انجینئر ، ورکس سپروائزر شامل ہیں ۔یہ کمیٹی مونسپل حدود کے بیت الخلائوں کا معائنہ کرتی ہے ۔کمیٹی کی طرف سے بھنگ کی فصل کو بھی تباہ کیاگیا ۔
دوشیزہ کی عصمت ریزی کے الزام میں کیس درج
راجوری//کوٹرنکہ کھڈیون علاقے میں لڑکی کی باربارعصمت دری کا واقعہ سامنے آنے پر پولیس نے ایک لڑکے کے خلاف کیس درج کیاہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق اٹھارہ سے انیس سال کی لڑکی کو بطن میں درد ہونے کے بعد ضلع ہسپتال راجوری لایاگیاجہاں ڈاکٹروں نے طبی تشخیص کے بعد بتایاکہ وہ حاملہ ہے ۔یہ معاملہ پولیس کے نوٹس میں بھی لایاگیاجسے یہ بتایاگیاکہ کھڈیون علاقے کا ایک لڑکا اس دوشیزہ کی پچھلے آٹھ سے نو ماہ تک عصمت ریزی کرتارہاجس وجہ سے وہ حاملہ بن گئی ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ جب لڑکے کو یہ معلوم ہوگیاکہ لڑکی حاملہ ہے تواس نے اس بچہ زائل کرنے کیلئے دوائی بھی دی ۔اس سلسلے میں کنڈی پولیس تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبر88/2018زیر دفعہ 376کا کیس درج کیاگیاہے اورپولیس مزید تحقیقات کررہی ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
آرمی افسر کے اعزاز میں الوداعی تقریب
مینڈھر//پولیس کی طرف سے مینڈھر میں تعینات رہنے والے ایک سینئر آرمی افسر کے تبادلے پر الوداعی تقریب منعقد کی گئی ۔یہ تقریب ایس ڈی پی او دفترمینڈھر میں منعقد ہوئی جس میں مقامی معززین بھی موجو دتھے ۔اس دوران120انفینٹری بریگیڈکے بریگیڈیئر سنگھ کو ان کی خدمات پر ستائش پیش کی گئی اور ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیاگیا۔تقریب میں ایس ڈی پی او ریاض تانترے، ایس ایچ او محمد امین ودیگر افسران بھی موجو دتھے ۔
ہاڑی بڈھا کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے ہاڑی بڈھا گائوں کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے علاقے کو آج کے اس جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم رکھاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ہاڑی بڈھا گائوں کی پانچ ہزارکی آبادی زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم ہے اور ہر ایک حکومت کے دورمیں اس علاقے کے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں اور کسی نے ترقیاتی کام پر توجہ نہیں دی ۔مقامی عوام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرنے کیلئے اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے ایڈوائزریوسف شاہ، صدرمحمداعظم فانی، نائب صدرحافظ نزاکت، جنرل سیکریٹری عبدالقیوم کھاری ،افتخار احمد چوہان اور محمد قاسم کٹھانہ نے ریاستی گورنر سے اپیل کی ہے کہ ان کے علاقے کے مسائل حل کئے جائیں اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ انہو ں نے کہاکہ ان کی خواتین آج بھی ایک یادوکلو میٹر دور سے پانی سروں پر اٹھاکر لاتی ہیں اورجبکہ راشن سات کلو میٹر کی دوری سے لاناپڑتاہے ۔انہوں نے بتایاکہ مریضوں کو چار پائی پر اٹھاکر سات کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرکے جموں پونچھ شاہراہ تک پہنچایاجاتاہے جس دوران حاملہ خواتین کے دم توڑ جانے کا خطرہ رہتاہے ۔انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے ایک ٹیم بھیج کر ہاڑی بڈھا کے عوامی مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی جائے اور انہیں زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں۔
پونچھ میںبی اے ڈی پی کے تحت کاموں کا جائزہ لیاگیا
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے بی اے ڈی پی کے تحت کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس سکیم کے تحت سرحدی علاقوں کے عوام کو فائدہ دیں اور قواعد کے مطابق کام کئے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے جہاں بی اے ڈی پی سے استعمال کرتے ہوئے تعمیراتی کام انجام دیئے جائیں ۔انہوںنے سختی سے ہدایت جاری کی کہ سکیم کے تحت واجب الادا رقومات کی جلد سے جلد ادائیگی کی جائے ۔ میٹنگ میں اے ڈی سی ڈاکٹر بشارت حسین ، ایگزیکٹو انجینئران محکمہ بجلی ، پی ایچ ای اور بجلی ، سی ایم او ، سی ای او اور بلاک ڈیولپمنٹ افسران بھی موجو دتھے ۔