راجوری //ڈاک بنگلہ منجاکوٹ میں ڈپٹی کمشنر راجوری نے عوامی دربار منعقد کیاجس میں لوگوں کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔اس دوران لوگوں نے اپنے مسائل ڈپٹی کمشنر راجوری کے سامنے رکھے۔ ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے مسائل سننے کے بعد کہا کہ لوگوں کے تمام مطالبات جائز ہیں۔ انہوں نے بنکروں کی تعمیر جلد مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ تحصیل منجاکوٹ میں تین سیما بھون بھی جلد سے جلد تعمیر کرنے کی ہدایت جاری کی۔اس دوران ڈی سی موصوف نے جامع مسجد منجاکوٹ میں ایک ہینڈ پمپ کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ منجاکوٹ میں بارش کے پانی کو بھی استعمال میں لانے کے لئے بھی پروجیکٹ کی ہدایت دی۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے منجاکوٹ میں عورتوں اور مردوں کے لیے الگ الگ بیت الخلا کی منظوری،ایک سو مسافر شیڈ، منجاکوٹ کے لیے ڈھائی سو کے وی ٹرانسفارمر،منجاکوٹ کے لیے سیاحت گھر،ڈاک بنگلہ منجاکوٹ کے لیے تین لاکھ روپے کی منظوری کے علاوہ یہ بھی ہدایت دی کہ اگلی بار ڈاک بنگلہ منجاکوٹ میں کسی بھی چیز کی کوئی کمی نہ ہو۔ انہوں نے تحصیلدار منجاکوٹ کو یہ ہدایت بھی دی کہ وہ جلد سے جلد تقریب کے لیئے جگہ منتخب کریں۔ انہوں نے لوگوں سے یہ بھی کہا کہ منشیات پر روک تھام کے لیے ایڈمنسٹریشن کا ساتھ دیں تاکہ نوجوان نسل کو کسی بھی بری چیز کی لت نہ پڑے۔ انہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ لوگوں کے تمام مسائل موقع پر ہی حل کریں۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر گرلز ہوسٹل منجاکوٹ کا بھی دورہ کرکے متعلقہ آفیسران کو ہدایت دی کہ وہ جلد سے جلد ہوسٹل کو پائیہ تکمیل تک پہنچا کر متعلقہ محکمہ کے حوالے کرے۔ اس موقعہ پر ان کے ہمراہ ضلع آفیسران کے علاوہ تحصیل آفیسران بھی موجود تھے۔