پونچھ// پونچھ میں مسلسل کئی ہفتوں سے رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔جس کی وجہ سے کئی مقامات پر پسیاں گرنے،زمین کھسکنے کے سلسلہ شروع ہو گیاہے ۔بارشوں کی وجہ سے راجوری پونچھ کے ندی نالوں میں طغیانی پیداہورہی ہے جبکہ اس صورتحال سے عام زندگی متاثر نظر آتی ہے۔مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ شروع ہو کر کئی کئی گھنٹوں تک جاری رہتا ہے اور اس وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی متاثر ہو رہی ہے۔پونچھ کے سرحدی علاقہ مندھار میں شدید بارش کی وجہ سے گزشتہ روز مقامی شخص لعل دین ولد شاہ محمد وارڈ نمبر پانچ محلہ چلیاری کارہائشی مکان گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ شخص نہایت ہی غریب ہے جو اپنی بیوی بچوں کے ساتھ اس مکان میں رہ کر محنت مزدوری کر کے زندگی گزار رہا تھا مکان کے گر جانے کی وجہ سے کھلے آسمان تلے آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں کئی مقامات پر پسیاں آنے کی وجہ سے لوگوں کی اراضی کو بھی کافی نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی کہ جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے انکو معاوضہ دیا جائے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہاں ایک قدیم قبرستان بھی ایک پسی کی زد میں ہے اگر جلد کچھ نہ کیاگیا تو قبرساتان کے بہہ جانے کا خطرہ ہے ۔