راجوری//ضلع پولیس کی جانب سے نارکوٹیکس ڈرگس اینڈسائیکیٹرک سبسٹس (این ڈی پی ایس)ایکٹ اورسائبرکرائم سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے موضوع پر پولیس لائن راجوری میں ایک روزہ ورکشاپ کاانعقاد کیاگیاجس مقصد این ڈی پی ایس ایکٹ اورسائبرکرائم سے جڑے معاملات کی تحقیقات کے ہنرکوفروغ دیناتھا۔اس دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشنز جج راجوری راجندر سپرومہمان خصوصی تھے جبکہ مختلف پولیس سٹیشنوں کے ایس ایچ اوز، پولیس چوکیوں کے انچارج ، پروسیکیوٹنگ افسران کے علاوہ ڈی ایس پیز وضلع پولیس کے دیگرافسران بھی موجودتھے۔اس موقعہ پر ایڈیشنل ایس پی محمدیوسف نے این ڈی پی ایس ایکٹ اورسائبرکرائم سے جڑے معاملات کی تحقیقات کے بارے میں پرزنٹیشن پیش کی اورورکشاپ کے اغراض ومقاصد بیان کیے۔ انہوں نے افسران پر کارکردگی کوبہتربنانے کیلئے زوردیا۔ ایڈیشنل پبلک پراسیکوٹراشفاق احمدلون نے تحقیقات کی خامیوں کواُجاگرکیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج راجوری راجندرسپرونے کہاکہ اس طرح کی ورکشاپ آفیسران کوتحقیقات کیلئے کافی مددگارثابت ہوسکتی ہے۔یہ ورکشاپ ایس ایس پی راجوری جگل منہاس کی نگرانی میں منعقدکی گئی تھی جس کامقصد پولیس افسران کی کارکردگی کوبہتربناناتھا۔