بھدرواہ+راجوری //بھدرواہ اور راجوری میں سڑک حادثات کے دوران ایک طالب علم لقمہ اجل بن گیا جبکہ 8افراد زخمی ہوئے۔ ڈوڈہ بھدرواہ سڑک پر قصبہ سے قریب 5کلو میٹر دورکرساڑی کے قریب بنا نمبر کے آلٹو کے-10گاڑی سڑک کنارے بنی دیوار سے جا ٹکرائی۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم اور مقامی نوجوانوں کی بھاری تعداد جائے حادثہ پر پہنچی اور زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بھدرواہ پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے ایک کو مردہ قرار دے دیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی چھان بین میں پتہ چلا ہے کہ تیز رفتار گاڑی کو اچانک ہینڈ بریک لگا دی گئی جس کے نتیجہ میں کار دیوار سے جا ٹکرائی۔ مہلوک کی شناخت 19سالہ موہت بھگت ولد انار چند ساکن نالٹھی کے طور پر ہوئی ہے جب کہ زخمیوں میں 18سالہ اروش کوتوال ولد ششی کوتوال ساکن رونڈہ، 19سالہ روہت ولد منشی رام ساکن کھلینی اور 18سالہ راہل بلوریہ ولد آنچل سنگھ ساکن کلساڑی شامل ہیں۔ راہل بلوریہ اور اروش کوتوال کو ان کی نازک حالت کے پیش نظر جموں میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ادھر سرنکوٹ ، راجوری اور نوشہرہ میں رونما ہوئے 3سڑک حادثات میں 5افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو شدید زخمیوں کو سرینگر اور جموں کے ہسپتالوں میں منتقل کیاگیاہے ۔سرنکوٹ میں ایک مسافر بس اور موٹرسائیکل میں ٹکرائو ہوجانے کے نتیجہ میں دو نوجوان شدید زخمی ہوئے ہیں ۔بس زیر نمبرJKO2AW 6457جموں سے پونچھ جاتے ہوئے پوٹھہ بائی پاس کے مقام پرمخالف سمت سے آرہے موٹرسائیکل زیر نمبرJK12 -5731سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل پر سوار دونوں نوجوان بری طرح سے زخمی ہوئے ہیں جن کی شناخت عابدحسین ولد صفدر حسین شاہ ساکن پوٹھہ سرنکوٹ اور شبیر احمد ولد کالو خان ساکن پوٹھہ بیلہ کے طور پر ہوئی ہے ۔دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیاگیاجہاں سے ان میں سے ایک کو سرینگر اور دوسرے کو جموں ریفر کردیاگیاہے ۔دریں اثناء راجوری کے ضلع ہسپتال کے نزدیک کھیورہ علاقے میں سکارپیو گاڑی نے چودہ سالہ لڑکے کو ٹکر ماردی جس سے وہ زخمی ہواہے ۔کھیورہ کا رہنے والا صادق احمد سڑک پر چل رہاتھا جس دوران سکارپیو گاڑی نے اسے ٹکر ماردی جس سے وہ شدید زخمی ہوا۔اسے فوری طور پر اٹھاکر ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں اسکا علاج کیاجارہاہے ۔ وہیں پولیس نے سکارپیو کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے ۔ایک تیسرے حادثے میں نوشہرہ کے کمیلا گائوں میں گاڑی کاڈرائیور اور ایک طالبعلم زخمی ہوئے ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق پرائیویٹ سکول بس زیر نمبرJK11 5227طلباء کو لینے کوٹ گائوں کی طرف جارہی تھی جو کمیلا کے مقام پر صبح آٹھ بجے حادثے کاشکار ہوئی جس کے نتیجہ میں ڈرائیور عبدالمجید ولد شیر عالم ساکن اندروٹھ اور چھٹی جماعت کا طالبعلم محمد آصف ولد لعل حسین ساکن کمیلا زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا۔