بھدرواہ //بی جے پی پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کرنے کا مبینہ الزام لگاتے ہوئے سابقہ وزیر و کانگریس کے ایک سرکردہ لیڈر شریف نیاز نے کہا کہ ریاست کا عوام کبھی بھی پی ڈی پی۔ بی جے پی کے دھوکہ اور نام نہاد ایجنڈا آف ایلائنس کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرنے کو فرامو ش نہیں کریں گے۔دونوں پارٹیوں نے لوگوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ان باتوں کا اظہار نیاز نے بھلسہ کے ٹانٹلی، بسران ، گواڑی، چوچھولو، گوریکا میں پیر کے روز متعدد اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان اجلاسوں کے دوران سینکڑوں پی ڈی پی اور بی جے پہی کارکنوں نے کانگریس کا دامن تھاما ۔اس موقعہ پر لوگوں نے شکایت کی کہ علاقہ کے دفاتر میں بعض مقامی لوگوں کے ائیما پر رشوت خوری کا بول بالا ہے۔نیاز نے الزام لگایا کہ منریگا میں مزدوروں کی ادائیگی میںبھاری پیمانہ پر ہیرا پھیری ہوئی ہے۔انہوں نے بھیلہ، بھالہ، چیرالہ سڑکوں کی تعمیر کا مطالبہ کیا ،جو کہ حال ہی میں بارشوں کی وجہ سے منہدم ہوئی ہیں۔انہوں نے حلقہ میں بی پی ایل کی از سر نو سروے کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے بی جے پی۔ پی ڈی پی گھٹ جوڑ کو پوری طرح سے ناکام قرار دیا اور کہا کہ اس ناپاک گھٹ جوڑ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کاسامنا کرناپڑ رہا ہے۔