بگا، ریاسی میں کئیریئر گائیڈنس پر توسیعی لیکچر کا اہتمام
ریاسی //انڈین آرمی کی جانب سے گورنمنٹ ڈگری کالج بگامیں کئیر ئیر گائیڈنس پر توسیعی لیکچر کا انعقاد کیا گیا ۔لیکچر کا مقصد نوجوانوں کو ریاست اور بیرون ریاست میں روز گار کے مواقعوں کی جانکاری دینا تھا۔پروگرام میں بگا، مہور اورگلاب گڑھ کے دور افتادہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے 97 نوجوانوں نے شرکت کی، جہاں پر ملازمت کے مختلف مواقعے بشمول فوج میں دستیاب ملازمت کی جانکاری دی گئی۔پیشہ وارانہ افراد کی جانب سے راغب کرنے کی باتیں ، اعتماد سازی تکنیک اور نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی شناخت بھی معنی خیز روزگار اور خود کفیل ہونے کی باتیں پروگرام کا ایک حصہ تھیں۔گورنمنٹ ڈگری کالج بگا کے محمد اشرف نے فوج کی جانب سے ایسا پروگرام منعقد کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس معلوماتی اور جانکاری پروگراموں سے نوجوانوں کا حوصلہ بلند ہوگا،طلاب نے بھی فوج کی جانب سے بیش بہا گائیڈنس فراہم کرنے کے لئے پروگرام منعقد کرنے کی سراہنا کی۔
این ڈی اے دیہی علاقوں کے تئیں غیر سنجیدہ:سروڑی
کشتواڑ//من کوترقی کیلئے لازمی قراردیتے ہوئے جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدرورکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے آج کہاکہ مرکزکی این ڈی اے سرکار نے دیہی علاقوں کویکسرنظرانداز کردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ۴۱۰۲ سے جب سے بھاجپااقتدارپہ قابض ہوئی ہے یہ عوامی مسائل کاازالہ کرنے کیلئے کوئی منظم پالیسی اپنانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے اندروال کی تعمیروترقی پرکہاکہ وہ ۲۰۰۲ سے جب سے اندروال کی نمائندگی کررہے ہیں یہاں تعمیروترقی کاانقلاب آیاہے اور میری حصولیابیاں عوام کے زبان پرہیں۔مسٹر سروڑی یہاں کوچھال مغلمیدان تحصیل میں عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔سروڑی نے عوام سے تعاون برقراررکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پچاسی فیصدی سڑک رابطہ بحال کیاگیاہے اور وہ اسے صدفیصدکرنے کااعادہ کئے ہوئے ہیں۔انہوں نیاسکول، کالج، لوگوں کے درپہ عوامی خدمات خاص طور پرراشن کی دستیابی جیسی اہم حصولیابیوں کاذکرکیا۔سروڑی نے تعلیم کے شعبے کواہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ خطہ چناب کے طلاب بے پناہ صلاحیتوں سے مالامال ہیں لیکن ان کی صلاحیتوں کونکھارنے اور مواقع پیداکرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں بنیادی ڈھانچہ مہیاکرانے میں کوئی کسرباقی نہ چھوڑی گئی ہے لیکن ابھی بہت کچھ کرناباقی ہے۔سروڑی نے گوجرہوسٹل کی تعمیر، اسکولوں کے درجہ بڑھائے جانے، طلباکووظائف، آئی ڈبلیوڈبلیوپی اسکیم کی عمل آوری جیسے اہم کارناموں کاذکرکیا۔سروڑی نے این ڈی اے پردیہی علاقوں کونظر انداز کرنے کاالزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ دیہات یکسرنظرانداز اور تاریکی کی طرف جھونک دئے گئے ہیں۔اس موقع پر لوگوں نے کئی مسائل ابھارے جن میں لوور کوچھال تااپپر کوچھال لنک روڈ پرپرتار کول بچھانے، منریگااجرتوں وبقایاجات کی ادائیگی، آئی ایچ ایچ ایل کے تحت باتھروم تعمیرکرنے، ودیگرروزمرہ مسائل ابھارے۔ سڑوری نے انتہائی تحمل وہمدردی سے عوام کوسنااور یقین دلایاکہ ان کے مسائل حل کرنے میں وہ کوئی کسرباقی نہ چھوڑیں گے۔ اس موقع پرسروڑی نیکوچھال میں پانی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایک ہوز تعمیرکرنے کیلئے فنڈز واگزار کرنے کااعلان کیا۔انہوں نے اعلان کیاکہ کوچھال کے ہرعلاقے میں بجلی پہنچائی جائیگی جوایک دیرینہ مانگ ہے۔اس سے قبل سروڑی نے گورنمنٹ پرائمری اسکول میرمحلہ کی عمارت کاافتتاح کیا۔اس موقع پرانہوں نے تعلیم کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے والدین پرزوردیاکہ وہ بچوں کی تعلیم وتربیت کواپنااولین فرض اور ذمہ داری سمجھتے ہوئے اس معاملے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں۔انہوں نے اساتذہ کومعمار قوم قرار دیتے ہوئے تندہی سے بچوں کومعیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کی تلقین کی۔
دفعہ 35اے پر عوام کومتحد ہو کر آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زور
عظمیٰ نیوز
بانہال // مرکزی جامع مسجد بانہال میں آج نماز جمعہ کے موقع پر مسجد کمیٹی کے صدر اور مقامی سماجی لیڈر عبد الغنی تانترے نے ریاست میں قائم دفعہ 35 اے کے حوالے سے عوام کو بنا مذہب و ملت اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اس کے خلاف یک زبان ہو کر آواز بلند کر نے کی اپیل کی ۔ نماز جمعہ میں انہوں نے کہا کہ 35اے کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ سے پریشانیوں میں مبتلاء ریاست کے عوام کو مزید پریشان کر نے کی ایک کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کو سنجیدگی کا مظاہرہ کر کے ریاستی عوام کو ساتھ انصاف کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ کو ختم کر نے کے ریاستی عوام کے سٹیٹ سبجیکٹ ختم ہوجائیں گے جبکہ یہاں پر سرکاری نوکریوں پر غیر ریاستی اْمید وار بھی فارم بھر نے کے اہل بن جائیں گے اور ریاست کے غریب نوجوان ملکی سطح پر سہولیات کی فقدان کی وجہ سے مقابلہ میں نہیں اْتر پائیں گے اور یہاں بڑ رہی بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو گا ۔انہوں کہا کہ یہاں ملنی والی سکالر شپ ختم ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں پر غیر ریاستی لوگ زمینیں خرید سکتے ہیں اور ریاست کو مزید پیچھے دھکیلنے کی سازشیں رچی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عدالت عظمیٰ' ریاستی عوام کے جذبات اور تحفظات کو مد نظر رکھ کر اس دفعہ کے خلاف اپیل کردہ عرضی کا کالعدم قرارد دیں گے ۔انہوں نے مقامی اور ریاستی وکلاء سے اپیل کہ وہ اس معاملے میں ریاستی عوام کی قانونی طور مدد کر کے اپنا رول ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے تینوں خطوں کے عوام اس معاملے میں بنا کسی مذہب اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر تر ہو کر یک زبان ہیں ۔اس دوران صدر عائمہ جامع مساجد بانہال مفتی خورشید احمد نے بھی دفعہ 35 اے کے حوالے سے عوام کو یک زبان ہو کر آواز بلند کر نے کی اپیل کی ہے۔
محکمہ جنگلات ناجائز تجاوزات کیخلاف سخت
زاہد بشیر
گول//گول میں جنگلات کو بچانے کے لئے محکمہ جنگلات نے اپنارویہ بدلتے ہوئے جنگلات پر کسی بھی نئی تعمیر کو گرانے اور زبردستی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا سخت پیغام دیتے ہوئے ڈی ایف او مہور نے اس سلسلے میں محکمہ جنگلات کے ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ اگر کسی بھی کوتاہی میں ملوث پائے گئے تو اُن کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔ یہاں علاقہ تنگالی میں کئی سالوں سے کئی کنال رقبضہ جنگلاتی اراضی کو ایک شخص نے زبردستی سے ہڑپ کر رکھا ہے اور کئی مرتبہ محکمہ جنگلات نے ایک شخص کو منع بھی کیا تھا لیکن حال ہی میں اس شخص نے پکی اور نئی تعمیر محکمہ جنگلات میں شروع کر دی اور اس کمپارٹ نمبر34میں اُس نے اُس سر سبز میدان کو بھی اپنے قبضہ میں لیا جہاں پر کبھی اسکولی بچے سیر کو جاتے تھے لیکن افسوس کا مقام ہے مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی کے مسداق یہاں پر ہر سال نیا ہی قبضہ دکھنے کو ملنے لگا اور اس سر سبز میدان میں اس شہری نے اپنا اخروٹ کا باغ بھی لگایا اور یہاں پر اپنی نجی پارک بھی تعمیر کی ۔ اس پوری تفصیل بارے جب ڈ ی ایف او مہور واقف ہوے تو انہوں نے کڑا رُخ اختیار کرتے ہوئے ملازمین سے کہا کہ وہ اس نئی تعمیر کو گرانے اور جلد از جلد رپورٹ پیش کرنے کو کہا ۔ڈی ایف او مہور نے ڈپٹی کمشنر رام بن سے بھی رابطہ کیا اور ڈپٹی کمشنر رام بن نے تحصیلدار گول اشرف پرویز کو موقع پر بھیجا اس سلسلہ میں تحصیلدار گول نے کہا یہ اراضی محکمہ جنگلات ہو سکتی ہے اور جب تک اس کی نشان دہی نہیں ہوگی تب تک مکان کا کام بند رہے گا اور نشان دہی کرنے کے بعد یہ اراضی اگر محکمہ جنگلات کی ہوگی تو اس پکے رہائش مکان کو مس مار کر دیا جائے گا رینجر اور فارسٹر اور محکمہ مال تحصیلدار گول اشرف پرویز اور نائب تحصیلدار گول نظر احمد نے تنگالی علاقہ کمپارٹمنٹ 34 میں جا پہنچے اور قبضہ کرنے والے شخص کو ہدایت بھی دی کہا اگر مکان کا کام بغیر نشان دہی کے شروع کیا گیا، تو اپ کے خلاف ضابطے کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تحصیلدار گول نے کہا جب تک ہمارے پاس ٹھوس ثبوت نہیں پہنچے گا تب تک مکان کا کام لگانے کی اجازت نہیں ہے اور رینج آفیسر گول نے بھی کہا جب تک اس اراضی کی نشان دہی نہیں ہوگی تب تک یہاں پر کوئی بھی قبضہ نہیں کرے گا اور یہ اراضی محکمہ جنگلات ہوسکتی ہے اور اس اراضی پر ہم قبضہ نہیں ہونے دیں گے، نشان دہی کے بعد ہی اصل پتا چلے گا۔اس سلسلے میں ڈی ایف او مہور نے کہا کہ ’’ہمیں گورنر کی جانب سے ہدایت ہے کہ اگر کوئی بھی شخص جنگلات پر قبضہ کر رہا ہے اُس جلد از جلد ہٹایا جائے اور محکمہ پولیس کو بھی ہدایت ہے کہ وہ محکمہ جنگلات کا ساتھ دیں اور جنگلات پر غیر قانونی قبضہ کو ہٹایا جائے ‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگلات پر غیر قانونی قبضے کرنے والے لوگ محکمہ مال سے کاغذات کو ٹھیک کر وا رہے ہیں اور جنگلات کو اپنے نام کروانے کی کوششیں جاری ہیں اس لئے محکمہ جنگلات نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی اس طرح کے غیر قانونی طو رپر قبضہ کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھے گا اور جو بھی محکمہ جنگلات پر تعمیر کر رہا ہے اُسے آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ خود ہی ہٹائیں ورنہ محکمہ جنگلات پولیس کو ساتھ لے کر ان غیر قانونی تعمیرات کو خود ہٹائے گا ۔
پرے کے انتقال اظہار تعزیت
ڈوڈہ //آل جے اینڈ کے این ایچ ایم ایمپلائز ضلع یونٹ ڈوڈہ نے میڈیکل افسر این ایچ ایم ڈوڈہ ڈاکٹر حمید پرے کے والد محترم محمد یوسف پرے کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے،جن کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوا ہے۔ایک تعزیتی بیان میں این ایچ ایم ایمپلائز ایسو سی ایشن ڈوڈہ کے صدر فیضان اے ترنبو نے محمد یوسف پرے کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔یونین کے ممبران نے ا للہ سے مرحوم کو جنت میں جگہ اور غم زدہ کنبہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرنے کی دعا کی ہے۔دریں اثنا ضلع کے تمام بلاک صدور نے مرحوم کے انتقال پر دکھ کا اظہا رکیا ہے اور اللہ سے دعا گوں ہے کہ مرحوم کو جنت میں جگہ عطا کرے۔
کشتواڑ میں کل بجلی بند رہے گی
کشتواڑ//سپرانٹنڈنگ انجینئر الیکٹرک ایم اینڈ آر ای سرکل کشتواڑ کی جانب سے جاری ایک پریس بیان کے مطابق آر جی جی وی وائی مرحلہ۔1سکیم کی ضروری مرمت کے لئے 132/33گرڈ اسٹیشن کھیلانی کی تمام 33 کے وی لائنوںمیں 06اگست بوقت 07 بجے صُبح سے لیکر 05بجے بعد دوپہر تک بجلی بند رہے گی۔ اس دوران پورے ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری اور گندو بشمول انکے ملحقہ علاقوں میں بجلی بند رہے گی۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ مقرر کردہ وقت کے دوران ہی مرمت کا کام یقینی بنائی جائے گی اور کسی بھی صورت میں اس مدت میں توسیع نہیںکی جائے گی۔
لاشوں کیلئے ایمبولنس فراہم نہ کرنے کیخلاف احتجاج
ایم ایم پرویز
رام بن // ضلع ہسپتال کے مریضوں اور تیمار داروں نے نعشوں کو کشمیر لیجانے کے لئے ضلع ہسپتال کے حُکام کی جانب سے ایمبولنس مہیا نہ کرنے پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا۔ایمبولنس مہیا نہ کرنے کی وجہ سے نعشیں تین گھنٹوں سے زیادہ مدت تک ضلع ہسپتال کے لاش گھر میں پڑی رہی۔جب کشمیر عظمیٰ نے اس واقعہ پر ضلع ہسپتال کے حُکام کے ساتھ بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کی جانب سے وادی کی طرف کسی بھی نعش یا مریض کو لیجانے کے لئے ایمبولنس مہیا نہ کرنے کا حُکم ملا ہے۔لوگوں نے مبینہ الزام لگا یا کہ اگرا یمبولنس بیرون ریاست مہیا کی جاتی ہے تو وادی میں جانے کی اجازت نہ دینے کی کون سی جوازیت ہے۔جونہی یہ معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن شوکت عزیز کی نوٹس میں لایا گیا ،تو انہوں نے سی ایم او کو تین نعشیں کپواڑہ بھیجنے کی ہدایت دی ،بعد ازان ، ہسپتال حُکام نے نعشیں لولاب،کپواڑہ لیجانے کے لئے ایمبولنس روانہ کی گئی۔
ڈوڈہ سے 11مویشی بازیاب ،سمگلر فرار
ڈوڈہ // ڈوڈہ پولیس نے مویشیوں کو سمگل کی بدعت کا خاتمہ کرنے کے لئے ایک کارروائی کے تحت سمگلنگ کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے 11مویشیوں کو بازیاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بھدرواہ پولیس کو 2/3 ۔اگست2018 کی درمیانی شب کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ تین مویشی سمگلر عادل فرید ولد فرید احمد ساکنہ رونٹا، عادل ولد عمر دین ساکنہ ہلیان اور رشید ولد شریف ساکنہ قلعہ محلہ بھدرواہ اپنے ناجائز فائدے کے لئے مویشیوں کو غیر قانونی طور سے کشمیر لے جا رہے ہیں۔پولیس اسٹیشن بھدرواہ نے اس اطلاع پردھرموٹ کے قریب ایک ناکہ لگایا اور ہوشیاری سے 11مویشیوں کو سمگلروں کی چنگل سے آزاد کیا۔ تاہم ،مویشی سمگلر اندھیرے کا فائدہ اٹھا کرفرار ہونے میںکامیاب ہوئے ۔پولیس نے سمگلروں کو گرفتار کرنے کے لئے کارروائی تیز کر دی ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 127/2018 پولیس اسٹیشن بھدرواہ میں درج کرکے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔پولیس کی یہ کارروائی ایس ایچ او بھدرواہ انسپکٹر منیر خان کی قیادت میں ایس ڈی پی او بھدرواہ توصیف احمد ،اے اسی پی بھدرواہ راجندر سنگھ اور ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی نگرانی میں انجام دی ۔