بانہال //نیشنل کانفرنس لیڈر اور ضلع رم بن کے این سی کے صدر سجاد شاہین نے پی ڈی پی۔ بی جے پی کی محبوبہ مفتی کی قیادت والی سابقہ سرکار پر ریاست کے نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کرنے کا مبینہ الزام لگایا ہے۔نوجوان طبقہ سابقہ سرکار کی دبائو والی پالیسی سے کافی پریشان محسوس کر رہے ہیں۔وہ بدھ کے روز بانہال میں پارٹی کی نوجوان و نگ سے خطاب کر رہے تھے ،جس میں کانگریس اور پی ڈی پی کے متعدد نوجوانوں نے ضلع صدر کی موجودگی میں پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ وادی میں موجودہ شورش کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالات تشویش ناک ہوگئے ہیں اور نوجوانوں کو اپنے با وقار اور خوشحال مستقبل سے محروم کیاجا رہا ہے، انہوں نے سابقہ سرکار پر مبینہ الزام لگایا کہ وہ نوجوانوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی شکل دینے میں ناکام رہ گئی جس کی وجہ سے نوجوان طبقہ کافی مایوس ہو گیا ہے۔شاہین نے نوجوانوں سے دنیا کی رفتار کے ساتھ چلنے کے لئے سخت محنت کرنے پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ این سی نوجوان طبقہ کو اندھیرے میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔نئے کارکنوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان نوجوانوں کے پارٹی میں شمولیت کرنے سے پارٹی مزید مستحکم ہو جائے گی۔بلاک صدر بانہال حاجی عبدالاحد شان ، نائب صدر بلاک حاجی اسمعائیل بیگ، عبدالمجید شیخ، صوبائی یوتھ نائب صدر طارق احمد ڈار، بلاک صدر یوتھ مختار احمد شیخ،عبدا لطیف، فاروق احمد ملک، نذیر احمد ڈار، بلال احمد بیگ، فرید احمد نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔