رام بن // دفعہ 35-A اور 370کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کے خلاف گوجر و بکروال کانفرنس رام بن نے زیر قیادت ریاستی صدر چودھری محمد یوسف پُرانی شاہی مسجد سے میتراں تک ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا۔احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر نے کہا کہ گوجر و بکروال طبقہ ریاست کے خصوصی درجہ کے ساتھ کسی بھی چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوںنے کہا کہ طبقہ اسکے خلاف ایک جامع احتجاجی ریلی نکالے گی۔انہوں نے انتباہ کیا کہ دفعہ 35-A کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے سے ریاست کو سٹیٹ سبجیکٹ سرٹفکیٹ کے حق سے محروم کیا جا سکتا ہے، جو کہ ریاست کے تینوں خطوں کشمیر، جموں اور لداخ کی شناخت ہے۔دیگرمقرین نے کہا کہ ریاست کے خصوصی درجہ کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتاہے۔مرکزی سرکار کی نکتہ چینی کرتے ہوئے ا نہوں نے نریندر مودی سرکار پر الزام لگایا کہ وہ جن سنگ کے خواب کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے،جسکے لئے وہ دفعہ35-A اور 370کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ریلی میں شریک مظاہرین ہاتھوا¡ میں پلے کارڈ اور بینر اُٹھا ئے ہوئے تھے جن پر دفعہ35-A اور 370کے حق میں نعرے لکھے ہوئے تھے۔مظاہرین دفعہ35-A اور 370کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔ریلی مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے قریب اختتام پذیر ہوئی۔