کشتواڑ سانحہ پرنیشنل کانفرنس، پی ڈی پی کا اظہار تعزیت
جموں //نیشل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، نائب صدر عمر عبداللہ اور صوبائی صدر دیویندر رانا کے علاوہ ایم ایل سی فردوس ٹاک اور ضلع صدر پی ڈی پی شیخ ناصر نے کشتواڑ ضلع کے کیواڑ پاڈر علاقہ کے دلدوز سڑک حادثہ اور گُذشتہ روز ٹھاٹھری میں پسیاں گر آنے سے ہانسانی جانوں کے زیاں پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ این سی و پی ڈی پی کے لیڈروں نے سوگوار کنبوں کے ساتھ اظہار ہمدری کرکے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔پارٹی کے دیگر لیڈروں سابقہ وزیر سجاد احمد کچلو، خالدنجیب سہر وردی اور صوبائی یوتھ نیشنل کانفرنس کے صدر اعجاز جان نے بھی ان دو حادثوں میں ہوئے ہلاکتوں پر سخت افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔انہوں نے ان اموات کو بد قسمتی سے تعبیر کیا اور لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ہے۔صوبائی صدر دیویندر سنگھ رانا اور این سی کے دیگر لیڈروں نے گورنر انتظامیہ سے فوری معاونت کا مطالبہ کرتے ہوئے زخمیوں کا مفت طبی امداد یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ریاست میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات پر تشویش کا اظہار کرے ہوئے ان لیڈروں نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ حادثات کو قابو کرنے کے لئے موثر میکنزم تیار کرے۔انہوں نے کہا ہے کہ روڈ سیفٹی اقدام کا باقاعدگی کی بنیادوں پرسر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے خصوصاً جاری مون سون کے موسم میں۔
کشتواڑ حادثہ پر پینتھرس پارٹی کا اظہار دکھ
جموں// جموں وکشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی نے کشتواڑ میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثہ پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی نے صوبائی اور ضلع انتظامیہ پر کشتواڑ، بھدرواہ اور رام بن کی شاہراو¿ں پر خصوصی توجہ دینے کو کہا ہے ۔پارٹی نے سڑکوں پر جاری خونین رقص پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پورے خطہ چناب (ڈوڈہ،کشتواڑ اور را م بن اضلاع)میں قومی اور بین ضلعی سڑکیں حادثات حساس اور انتہائی خطرناک ہیں۔ایک بیان میں پارٹی سنیئر نائب صدر پی کے گنجو،نائب صدر چوہدری محمد اقبال، ایڈووکیٹ بنسی لال شرما اور انیتا ٹھاکر نے کشتواڑ میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران دو دلدوز حادثات رونما ہونے پر گہرے رنج والم کا اظہا ر ہے جن میں کم سے کم 18افراد لقمہ اجل بن گئے۔انہوں نے انتظامیہ پرزور دیا ہے کہ بٹوت، ڈوڈہ اور کشتواڑ شاہراہ پر رونما ہونے والے آئے روز حادثات کی روکتھام کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔
رام بن میں قومی لوک عدالت 8ستمبر کو
رام بن //ضلع لیگل سروسز اتھارٹی ،تحصیل لیگل سروسز کمیٹی رام بن کے اشتراک سے 8ستمبر2018 کو قومی لوک عدالت کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ضلع کورٹ کمپلیکس میں منعقدہ لوک عدالت میں پرنسپل ڈسٹرکٹ جج رام بن ، سب۔جج، سی جے ایم رام بن ، منصف ،جے ایم آئی سی رام بن اور ایڈیشنل سپیشل موبائیل مجسٹریٹ کے فوجداری ، این آئی ایکٹ معاملات زیر دفعہ138 ، بینک قرضہ وصولی، ایم اے سی ٹی معمالات، ازواجی معاملات ،لیبر تنازعات ،بجلی اور پانی کی بلوں ،ریونیو و دیگر سول معاملات وغیرہ کا افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا۔تما م خواہشمند افراد سے جو اپنے معاملات قومی لوک عدالت کے ذریعہ سے حل کرنے کے متمنی ہیں ،کو چاہیے کہ وہ متعلقہ عدالتوں سے اس سلسلہ میں رجوع کریں،تاکہ یہ معاملات ضلع لیگل سروسز اتھارٹی رام بن کو 30-08-2018.سے قبل پیش کئے جائیں ،تاکہ شنوائی کے لئے فہرست میں رکھی جائیں۔
بھدرواہ سے منی میش یاترا کا پہلا جتھا روانہ
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //سالانہ منی میش یاترا کا پہلا جتھا منگل کے روزبھدرواہ سے چمبہ ،ہماچل پردیش کے لئے روانہ ہوا ۔یاترا لکشمی نرائن مندر سے شروع ہوئی،جہاں پر صُبح سے ہی وادی چناب کے مختلف حصوں سے تقریباً3000 یاتری اکٹھا ہوئے تھے۔یاترا بھیجہ دیہات کے لئے روانہ ہوئی ،جہاں پر رات کو ٹھہرنے کے بعد یاترا پدری سیر گاہ کےلئے روانہ ہوگی ،جسکے بعد یاتراہماچل پردیش میں داخل ہوگی۔یاترا کا دوسرا جتھا رکھشا بندھن کے دن یاترا کے لئے روانہ ہوگا۔موضع پورنا کے پروہت راجندر پرشاد کے مطابق یہ یاترا سب سے قدیم یاترا ہے اور ناگ کلچر کی علامت ہے۔یاتریوں کو اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ ،ایس ڈی پی او توصیف احمد ، ایس ایچ او انسپکٹر منیر خان اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے رُخصت کیا۔انتظامیہ نے یاترا خوش اسلوبی سے منعقد کرنے کےلئے سیکورٹی، پینے کے پانی ،طبی سہولیات و دیگر سہولیات کا پیشگی انتظامات کئے تھے۔اے ایس پی بھدرواہنے اس موقعہ پر کہا کہ پولیس،ایس او جی اورسی آر پی ایف کے علاقہ متعدد ایڈوانس پارٹیاں مختلف مقامات پر تعینات کی گئی ہیں۔سول انتظامیہ نے بھی یاتریوں کی سہولیت کےلئے بھیجہ، پدری اور بھدرواہ گوٹھ میں عارضی ٹینٹ نصب کئے ہیں۔منی مہیش شرائن تک کے راستے میں متعدد شردھالووں نے مفت لنگر لگائے ہیں۔منی مہیش جسے ڈل جھیل بھی کہا جاتا ہے، پیر پنجال خطہ میں واقع ہے۔
کھیلو انڈیا میں سرگرمی سے شرکت کریں : ڈی سی ریاسی
ریاسی // ضلع ترقیاتی کمشنر پرسننا راما سوامی جی نے نوجوانوں سے کھیلو انڈیا میں سرگرمی سے شرکت کرنے کو کہا ہے۔ان باتوں کا اظہار ڈی سی آفس میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا گیا۔اجلاس میں کھیلوں کے پس منظر سے تعلق رکھنے والے متعدد لوگوں نے اپنا نقطہ و نگاہ پیش کیا، کہ کس طرح سے ضلع کے سپورٹس ٹیلنٹ کو نکھا ر لایا جا سکے۔اس موقعہ پر کھلاڑیوں کی شارٹ لسٹ بھی ترتیب دی گئی ۔ اس موقعہ پر ڈی سی نے سپورٹس ویٹرنز کو ضلع میں سپورٹس ٹیلنٹ کی نشاندہی کرنے میں مدد دینے کو کہا ۔انہوں نے کہا ”کھیلو انڈیا “ کے تحت ضلع بھر میں 40لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی کس تحصیل ریاسی، پونی مہور اور ارناس کو فی کس دس لاکھ روپے الاٹ کئے جائیں گے۔اس موقعہ پر ڈی سی کو قومی اور بین الاقوامی کھیلوں میں شرکت کرنے والے سپورٹس پرسن کی حصولیابیوں کی بھی جانکاری دی گئی۔انہوں ضلع میں فینسنگ ،کُشتی اور کراٹے میں مثالی ٹیلنٹ کے متعلق بھی جانکاری دی گئی۔ڈی سی نے سکولی اساتذہ اور دیہی ترقیاتی محکمہ کو دور افتادہ علاقہ کے طلاب کی حوصلہ افزائی کرنے کو کہا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈی او جی بریگیڈیر شیخاوت، ایس ایس پی ریاسی نشا نتھیال ،سی آر پی ایف کے کمانڈنٹ روی کالہ، اے سی ڈی ریاسی ایم واائی ملک، ضلع یوتھ سروسز اور سپورٹس افسر ڈاکٹر ایس ایس چب،سی آئی ایس ایف کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ بیربل مہے،این ایچ پی سی اور کے آر سی ایل کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ”کھیلو انڈیا “ پروگرام زمینی سطح پر بھارت میں سپورٹس کلچر بحال کرنے کے لئے شروع کیا گیا ہے۔
۔ 23خاطی دکانداروںسے جُر مانہ وصول
کشتواڑ//لیگل میٹرالوجی محکمہ کشتواڑ کی جانب سے منگل کے روز کشتواڑ بازار، ہدیال، شالیمار،دربھشالہ ،ٹھیکری ،ڈول اور ملحقہ علاقوں میں مارکیٹ چیکنگ کے دوران ماپ وتول ایکٹ کی خلاف ورزی رکنے والے 23خاطی دوکانداروں سے 9700روپے بطور جُرمانہ وصول کیا۔ان دوکانداروں اور تاجروں کو محکمہ کی جانب سے تسلیم شدہ ماپ و تول استعمال کرنے اور پیک پر پرنٹ شدہ زیادہ سے زیادہ قیمت وصول کرنے کی ہدایت دی گئی۔