نئی دہلی//کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے تعلق رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایسے کئی ثبوت ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ مودی۔شاہ کی جوڑی کا خفیہ ایجنسی کے ساتھ ساز بازہے اور اس کے لئے انہیں ملک سے معافی مانگنی چاہئے ۔ کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں کہا کہ مسٹر مودی اور مسٹر شاہ اور آئی ایس آئی کے درمیان تعلق قائم ہونے کا سب سے بڑا ثبوت آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لفٹننٹ جنرل اسد درانی کا بیان ہے ، جس میں وہ کہتے ہیں کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی مسٹر مودی کو ہندوستان کا وزیراعظم بنائے رکھنا چاہتی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ یہ مسٹرمودی کی آئی ایس آئی کے ساتھ سازباز کا ثبوت ہے کہ پٹھان کوٹ میں دہشت گردانہ حملے کی جانچ اسی آئی ایس آئی کو سونپی گئی جس کے اشارے پر پاکستانی دہشت گردوں نے اس حملے کو انجام دیا تھا۔ پٹھان کوٹ حملے کی جانچ کے لئے آئے پاکستانی وفد میں آئی ایس آئی کے لوگ بھی شامل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کو بتانا چاہئے کہ کس بنیاد پر پٹھان کوٹ حملے کی ذمہ دار آئی ایس آئی کو پٹھان کوٹ حملے کی جانچ کی اجازت دی گئی ۔یو این آئی