بی بی وِیاس نے جموں میں عوامی مسائل سنے
افسران کو لوگوں کے مسائل معیاد بند طریقے سے حل کرنے کی ہدایت
جموں/ جموں سے تعلق رکھنے والے کئی وفود اور افراد گورنر کے صلاح کار بی بی وِیاس سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا۔جے کے گورنر گریوینس سیل کی سرپرستی میںمنعقدہ عوامی دربار میں لگ بھگ 42وفود اور 23افراد نے مشیر موصوف کو اپنے مطالبات پیش کئے ۔مشیر موصوف نے لوگوں کے مسائل بغور سنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ معیاد بند طریقے پر لوگوں کے مسائل حل کریں۔آل جے اینڈ کے ایکس سینٹرل پیرا ملٹی فورس ویلفیئر / رِہیبلٹیشن ایسو سی ایشن اور جنرل بس سٹینڈ پر قائم ماڈرن ہوٹل بلڈنگ کے دکاندروں نے کئی مطالبات مشیر موصوف پیش کئے ۔اِندرا چوک میں پارکنگ کم شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر کی وجہ سے متاثرہ دکانداروں کا ایک وفد بھی مشیر موصوف نے ملاقی ہوا او رانہیں مناسب جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی تاکہ وہ اپنا کاروبار چلا سکے۔پی او جے کے بے گھر ہوئے افراد کا ایک وفد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور انہیں پی ایم پیکیج کے تحت یک وقتی باز آباد کاری کا معاملات کو نمٹانے کی درخواست کی۔کٹھوعہ سے آئے ہوئے ایک وفد نے ضلع میں غیر قانونی طور درختوں کے بے دریغ کٹائو کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ سکمز کے سٹاف نرسوں کے نمائندوں نے بھی مشیر موصوف سے ملاقات کی اور ان کے حق میں انسیٹیو کے تحت ترقی دینے کا مطالبہ کیا۔ جے اینڈکے ایگریکلچر ٹیکنو کریٹس ایسو سی ایشن کا ایک وفد مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور انہیں اپنے مطالبات پیش کئے۔مہندر نگر کنال روڑ کے باشندوں ، ایوکیوز پراپرٹی ٹینٹس ویلفیئر سوسائٹی کے ایک وفد نے بھی اپنے مطالبا ت مشیر موصوف کو پیش کئے ۔مشیر موصوف نے تمام لوگوں کے مطالبات بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت مرحلہ وار طریقے پر ان کے مطالبات پورا کرے گی ۔ چند معاملات میں مشیر موصوف نے موقعہ پر ہی افسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے مسائل حل کریں۔
نوراتروں کے موقعہ پر گورنر کی عوام کو مبارکباد
سرینگر //گورنر ستیہ پال ملک نے پوتر نوراتروں کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک پیش کی ہے۔انہوں نے اس موقعہ پر ریاست میں دیرپا امن،فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور ترقی و خوشحالی کی دُعا کی۔مبارک بادی کے اپنے ایک پیغام میں گورنر موصوف نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں نوراتروں کی خصوصی اہمیت ہے جس دوران ملک کے مختلف حصوں سے بھاری تعداد میں یاتری شری ماتا ویشنو دیوی استھاپن کے درشن کے لئے آتے ہیں۔ گورنر نے اس موقعہ پر ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دُعا کی۔
ویجی لینس آرگنائزیشن نے 35 معاملات حل کئے
سرینگر //ریاستی ویجی لینس آرگنائزیشن نے رواں سال کے دوران63 ایف آئی آر درج کئے ہیں جن میں سے اب تک35 ایف آئی آر حل کئے گئے ہیں۔یہ جانکاری چیف ویجی لینس کمشنر پی ایل گپتا اور ویجی لینس کمشنر غضنفر حُسین کی صدارت میں منعقد ہوئی ایک میٹنگ کے دوران دی گئی جو درج کئے گئے ایف آئی آر سے جڑے معاملات کا جائیزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔ڈائریکٹر ویجی لینس آرگنائزیشن ایس جے ایم گیلانی نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ آرگنائزیشن نے35 ایف آئی آر نپٹائے ہیں جن میں سے29 کو عدالت میں چارج شیٹ کیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ سنوائی کے مختلف مراحل میں 60 معاملات کے تعلق سے عدالت عالیہ کی جانب سے روک لگائی گئی ہے جبکہ25 معاملات کے تعلق سے حکومت کی منظوری کا انتظار تھا۔میٹنگ کے دوران تحقیقات کے عمل میں مزید بہتری لانے اور تحقیقاتی افسروں کو تربیت فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر جے کے سکل ڈیولپمنٹ مشن کی سربراہی کریں گے
سرینگر //ریاستی حکومت نے جے اینڈ کے سکل ڈیولپمنٹ مشن کے آئین میں ترمیم کو منظوری دی ۔ جی اے ڈی سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق گورنر وزیر اعلیٰ کی جگہ اب جے اینڈ کے سکل ڈیولپمنٹ مشن کے چئیر مین ہوں گے ۔ جبکہ وزیر خزانہ کی جگہ گورنر کے مشیر بی بی ویاس مشن کے ممبر ہوں گے ۔ محنت و روز گار محکمہ کے وزیر کی جگہ گورنر کے مشیر کے وجے کمار جبکہ تکنیکی تعلیم کے وزیر کی جگہ گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سکل ڈیولپمنٹ مشن کے ممبران ہوں گے ۔ حکمنامے کے مطابق متعلقہ ٹریڈ سیکٹر کے وزیر جو کہ مشن کے ممبر ہوتے ہیں کو فی الحال معطل سمجھا جائے گا ۔ تکنیکی تعلیم انفارمیشن ٹیکنالوجی اور امور نوجوان و کھیل کود کے وزیر کی جگہ پر گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی جے اینڈ کے سکل ڈیولپمنٹ مشن کی گورننگ کونسل کے چئیر مین ہوں گے ۔ وزیر خزانہ کے بجائے گورنر کے مشیر بی بی ویاس جے اینڈ کے سکل ڈیولپمنٹ مشن کے گورننگ کونسل کے ممبر جبکہ صنعت و حرفت کے وزیر کی جگہ گورنر کے مشیر کے وجے کمار مشن کی گورننگ کونسل کے ممبران ہوں گے ۔
ریاست کے 40ہزار اساتذہ گذشتہ چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم
رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کا واجب الاداتنخواہیں واگذارکرنے کا مطالبہ
جموں // ریاست کے چالیس ہزار کے قریب رہبر تعلیم اساتذہ گذشتہ چار ماہ سے لگاتار تنخواوں سے محروم ہونے کی وجہ سے پریشانیوں میں مبتلاء ہو گئے ہیں – یہاں جاری پریس بیان کے مطابق رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے اساتذہ کی چار ماہ سے بند پڑی تنخواہوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کومسلسل مالی طور پر پریشان کیا جا رہا ہے – اس بارے میں فورم کے ریاستی چیرمین فاروق احمد تانترے نے کہا ہے کہ اساتذہ کی تنخواہیں بند کر کے ریاست کے ہزاروں کنبوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور گذارشات کے باوجود ان کی بند پڑی تنخواہیںواگذار نہیں کی جارہی ہیں جو کہ قابل افسوس ہے – اُنہوں نے کہا کہ اساتذہ کو ہر بات اور جائز حق کے لئے بار بار احتجاج کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے – اْنہوں نے کہا ہے کہ ساتویں پے کمیشن کے اطلاق کے بعد آج بھی اساتذہ جولائی ،اگست ،ستمبر اور اکتوبر ماہ کی تنخواوں سے محروم ہیں – اْنہوں نے مزید کہا ہے کہ اساتذہ کو مالی طور پر پریشان کر کے نوبت فاقہ کشی تک آپہنچی ہے – فورم چیرمین نے کہا ہے کہ اساتذہ کو اپنے اہل و عیال کی کفالت کرنا مشکل ہوچکا ہے – اْنہوں نے کہا ہے کہ دکاندار وں نے اب انہیں ادھار دینا بھی بند کر دیا ہے جبکہ بنک سے قرضہ لئے اساتذہ کی وقت پر قسط ادا نہ ہونے کی وجہ سے اْنہیں سود در سود پیسہ دینا پڑ رہا ہے – تانترے نے کہا ہے کہ اگر اساتذہ کی بند پڑی تنخواہیں فوری طور پر واگذار نہ کی گئی تو وہ دوبارہ سڑکوں پر اْتر آنے کو مجبور ہو جائیں گے جس کی ذمہ داری متعلقہ محکمہ جات کے افسران اور ریاستی سرکار پر عائد ہو گی – اْنہوں نے کہا کہ رہبر تعلیم اساتذہ کو روز اول سے مختلف طریقوں سے تنگ کر کے ذہنی طور پر پریشان کر کے رکھ دیا گیا ہے اور اب گورنر انتظامیہ سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ان پریشانیوں سے اساتذہ کو آزاد کر ائیں تاکہ وہ اپنے اْنہیں فرائض بنا کسی ذہنی پریشانی کے انجام دے سکیں ۔
مرکزی سرکارکے پنشنروں کاایثار
کیرالہ سیلاب متاثرین کیلئے 1.66لاکھ روپے عطیہ دیا
جموں//سنٹرل گورنمنٹ پنشنرس ویلفیئرایسوسی ایشن جموں نے کیرالہ کے سیلاب زدگان کیلئے 1لاکھ 66ہزارروپے عطیہ کیے ہیں۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ایسوسی ایشن کے 44 ممبران نے کیرالہ سیلاب زدگان کیلئے رقم جمع کی ۔سب سے زیادہ چندہ تنظیم کے سرپرست وی پی شرمانے 10ہزارروپے دیا۔اس کے بعدصدرایس ایس وزیرنے 7ہزار،اورایم ایل کاچرواورپانچ دیگرممبران نے بھی رقم کاعطیہ دیا۔اس سے پہلے بھی ایسوسی ایشن آفات سماوی کے شکارلوگوں کی امدادکرتی آئی ہے ۔کشمیرکے سیلاب زدگان کیلئے ایسوسی ایشن نے 1لاکھ 30ہزارروپے کاعطیہ دیاتھا۔یہ عطیہ پرائم منسٹرنیشنل ریلیف فنڈکے تحت ایم پی این آرایف کودیاگیاہے۔ایسوسی ایشن کی ہفتہ وارمیٹنگ میں امدادی ریلیف کے اعدادوشمارکوجمع کرکے اس پرغوروخوذ کیاگیا۔
کسان بورڈ نے خریف فصلوں کے رکھ رکھائوکی تیاریوں کاجائزہ لیا
پیداوارمیں اضافے کیلئے کسانوں کوبیدارکرنے پرزوردیاگیا
جموں//سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ فارڈیولپمنٹ آف کسان کاایک اجلاس یہاں بورڈکے جموں دفترمیں منعقدہواجس میں فوڈکارپوریشن آف انڈیااورسٹیٹ سی اے اینڈپی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی پیڈی اورمیز(خریف فصلوں ) کی آنے والے سیزن کیلئے تیاریوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران میٹنگ کی صدارت سیکریٹری اگریکلچرپروڈکشن حکومت جموں وکشمیرمنظوراحمدلون نے کی جبکہ بورڈکے صوبہ جموں کے تمام ممبران اورترقی پسندکسانوں نے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں انورادھاگپتا،ڈائریکٹراگریکلچر ایچ کے رازدان، امت شرما، ڈائریکٹر سی اے اینڈپی ڈی جموں ،تنویراقبال ملک، ایڈیشنل رجسٹرارکوآپریٹیوجموں،سندیپ دیورا جنرل منیجر فوڈ کارپوریشن آف انڈیا، کے کے شرما،ڈپٹی مشن نوڈل افسر،پرائم منسٹرفصل بیمایوجنا، ایس کے بھگت، ایس ایم ایس اورشردکمارایریامنیجر ریلائنس جنرل انشورنس بھی موجودتھے۔میٹنگ کے دوران عبدالحمیدوانی سیکریٹری سٹیٹ ایڈوائزری بورڈ برائے کسان بہبود نے میٹنگ کے دوران اہم امورات کے بارے میں جانکاری دی اوراہم فیصلے لیے گئے ۔راجندرپرشاد جوایک ترقی پسندکسان ہیں اوربیسٹ فارمرفرینڈہیں نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے خریف فصلوں سے متعلق جانکاری دی۔اس دوران بورڈ ممبران نے اپنی تجاویزبھی پیش کیں۔اس موقعہ پر سیکریٹری اگریکلچرپروڈکشن منظوراحمدلون نے محکمہ کے اہلکاران کوکسانوں کوپیداواربڑھانے سے متعلق بیدارکرنے پرزوردیا۔