جموں//پینتھرز پارٹی نے ریاستی اسمبلی کو تحلیل کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کو مسلسل معطل رکھا جانا آئین کی خلاف ورزی ہے ۔ پارٹی چیئر مین ہرشدیو سنگھ نے اس موقعہ پر کہا کہ اسمبلی کو تعطل میں رکھنا ایک عارضی قدم ہونا چاہئے تھا لیکن اسے پچھلے چار ماہ سے مسلسل معطل رکھا گیا ہے جس سے طرح طرح کے شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ اس موقعہ پر انہوں نے بی جے پی کا پتلا نذر آتش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے ہوس اقتدار میں جمہوری اقدار کو بری طرح پامال کر دیا ہے ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں تختیاں اٹھا رکھی تھیں جس میں اسمبلی کو تحلیل کرنے کے حوالہ سے متعدد نعرے درج تھے۔ ہرشدیو نے دعویٰ کیا کہ ملک میں کبھی اس قدر طویل عرصہ کے لئے اسمبلی کو معطل نہیں رکھا گیا ہے ، جب بھی گورنر کو لگتا ہے کہ کوئی بھی پارٹی حکومت سازی کی پوزیشن میں نہیں ہے تو اسمبلی کو توڑ کر نئے انتخابات کی راہ ہموار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر اسمبلی کو معطل رکھا جانا ایک انوکھی مثال ہے جس سے ملک کے جمہوری نظام کے بارے میں غلط رائے بنتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر جیسی حسا س ریاست میں گورنر رول کو جاری رکھنا بھی ٹھیک نہیں ہے اس لئے بہترین متبادل اسمبلی کو تحلیل کرنا ہی ہوگا۔ انہوں نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ممبران قانون سازیہ کی طرف سے کانسٹی چیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اسے ضابط اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیااور کہا کہ گورنر انتظامیہ نے اس پر کوئی کارروائی نہ کی اس طرح ریاست میں بیک وقت گورنر راج اور سیاسی راج چل رہا ہے ۔