سرینگر //گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں محکمہ بجلی کے کام کا جائیزہ لینے کے علاوہ اس سلسلے میں عوامی درباروں کے دوران اُن کی نوٹس میں لائے گئے مسائل پر کی گئی کاروائی کے بارے میں تفصیلات طلب کیں ۔
میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری بجلی ہردیش کمار ، چیف انجینئر جموں /کشمیر بھی موجود تھے ۔ مشیر موصوف کو ریاست میں بجلی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی ۔ انہیں ریاست میں عملائی جا رہی مختلف بجلی سکیموں کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔ محکمہ بجلی کی وساطت سے عملائی جا رہی مختلف فلیگ شپ سکیموں کی جلد از جلد تکمیل پر زور دیتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک موثر میکنزم اپنایا جانا چاہئیے تا کہ ان سکیموں پر آنے والے خرچے میں کوئی اضافہ نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ان سکیموں کی تکمیل سے ریاست بجلی کی پیداوار میں خود کفیل بننے کے ساتھ ساتھ ترسیلی نظام میں بہتری آئے گی اور صارفین کو مزید سہولیات ملیں گی ۔ بی بی ویاس نے افسران سے تلقین کی کہ وہ آنے والے موسمِ سرما کے دوران بجلی کی مناسب دستیابی کو یقینی بنائیں ۔ مشیر نے محکمہ بجلی میں کام کر رہے ملازمین کو درپیش مسائل کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ملازمین کے مسائل حل کرنے پر زور دیا ۔