جموں //ضلع انتظامیہ جموں نے آئندہ دیوالی تہوار اور جھڑی میلے کے انتظامات کوحتمی شکل دے دی ہے ۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر جموں رمیش کمار کی صدر ات میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں انتظامیہ کی جانب سے تہواراورمیلے کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔میٹنگ کے دوران دونوں تہواراورمیلے کے سلسلہ میں متعلقہ محکموں کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے جائزے کے دوران ڈی سی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ تہوارومیلے کے موقعہ پر عوام کیلئے اشیاء ضروری ،بجلی کی معقول سپلائی ،پینے کا صاف پانی ،طبی سہولیات ،سیکورٹی ،صفائی ستھرائی ودیگر سہولیات کو دستیاب رکھا جائے تاکہ عوام کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر جموں نے اے ڈی سی کے زیر تحت ایک کمیٹی تشکیل دی جو پٹا خوں کو فروخت کرنے کیلئے جگہوں کا تعین کر ے گی تاہم ان منتخب جگہوں کے علا وہ پٹاخوں کی فروخت کر نے والوں کیخلاف کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے جے ایم سی اور تمام ایس ڈی ایم کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ پٹاخوں کی فروخت اور اشیاء ضروری کے قیمتوں پر نظر رکھی جائے ۔اس میٹنگ کے دوران ڈی سی نے فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار رہا جائے ۔جبکہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے ڈرائیوروں کے فون نمبرات متعلقہ ایس ایچ ائو اور تحصیلداروں کو دئیے جائیں ۔جبکہ ٹریفک کی بد نظامی ،جام اور پارکنگ کے سلسلہ میں بھی معقول انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ڈی سی نے محکمہ ہیلتھ کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ ایمبولینس گاڑیوں کیساتھ ساتھ دیگر سہولیات کو بھی دستیاب رکھا جائے ۔اس کے علا وہ انہوں نے محکمہ پی ڈی ڈی ،محکمہ پی ایچ ای ،میونسپل کمیٹی ،محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کو بھی ان دونوں تہواروں کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کیں ۔ڈی سی نے تمام ایس ڈی ایم ،بلاک ڈولپمنٹ آفیسران اور جے ایم سی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ ان تہواروں کے سلسلہ میں تمام مذہبی مقامات کے ملحقہ علا قہ جات میں صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں انتظامات کئے جائیں ۔تاہم انہوں نے فوڈ سیفٹی اور ڈیپارٹمنٹ آف لیگل میٹرلوجی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ بازاروں میں فروخت ہو رہی اشیاء کی جانچ کی جائے ۔انہوں نے تمام محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ آپسی اشتراک سے کام کیا جائے جبکہ میٹنگ میں اے ڈی سی جموں راشپال سنگھ ،ایس پی رورل جموں داشانت شرما ،چیف میڈیکل آفیسر سنجے ترکی ،ایس ڈی ایم اور بلاک ڈولپمنٹ آفیسران نے بھی شرکت کی ۔