جموں // ’کرواچوتھ ‘کے تہوار کے پیش نظر جموں وکشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموںکے مختلف بازاروں میں جمعہ کے روز خواتین گاہکوں کا بھاری رش رہا جس دوران انہوں نے جم کر خریداری کی ۔کروچوتھ سال میں ایک دن منایا جا تا ہے۔ اس دن ہندو مذہب کی پیروکار شادی شدہ خواتین اپنے شوہر کی عمردرازی اور ترقی کے لئے صبح سورج نکلنے سے لے کر رات کو چاند نکلنے تک برت رکھتی ہیں ۔کبھی کبھی لڑکیا ں بھی اپنے ہونے والے شوہر کی لمبی عمر کے لئے کروا چوتھ کا برت رکھتی ہیں ۔آج جموں کے مختلف بازاروں میں بالخصوص کپڑے ، زیور ، میٹھائی اور منیاری کی دوکانوں پر خواتین کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں ۔جموں میں مشہور میٹھائی کی دوکان ’ پہلوا ن دی ہٹی ‘میں خواتین لمبی لمبی قطاروں میں اپنی باری کا انتظار کرتی نظر آئیں ۔کرواچوتھ کا تہوار شمالی ہندوستان میں بڑے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منا یا جا تاہے ،یہ تہوار بکرمی سمت کے کارتک ماہ کی پورنماکے چار دن بعد منایا جاتا ہے ۔جموں کے مختلف مقامات پر کروا چوتھ کے تہوار پر تیاریاں زوروں پرہیں ۔ کرواچوتھ کل یعنی 27 اکتوبر کو منایا جائے گا۔کرواچوتھ پرہندو شادی شدہ خواتین برت رکھتی ہیں ،مہندی لگاتی ہیں اور اپنے شوہرکی لمبی عمر ،ترقی اور صحت یابی کے لئے پراتھنا(دعائیں ) کرتی ہیں ۔ یواین آئی