پنشنر ایسوسی ایشن انتظامیہ سے نالاں
شکایات کے فوری ازالہ کیلئے اقدامات کی مانگ
نیوز ڈیسک
جموں //جموں و کشمیر سٹیٹ پنشنر ایسوسی ایشن نے ریاستی انتظامیہ کے رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پنشنروں کے مسائل اور جائیز مانگوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے پنشنروں بالخصوص عمر رسیدہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میںجموں و کشمیر سٹیٹ پنشنر ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر کرشن سنگھ نے کہ ملک بھر میں حال ہی میں معزز شہریوں کا عالمی دن منایا گیا تاکہ ان شہریوں کو درپیش مسائل و مشکلا ت کی طرف توجہ دلائی جاسکے لیکن ریاستی انتظامیہ اس کے برعکس کا م کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن مشترکہ طورپر چاہتی ہے کہ ریاستی گور نر کے مشیر اس معاملہ میں ذاتی مداخلت کر کے1996سے 2003اور 2006کے دوران ملازمتوں سے سبکدوش ہو ئے ملازمین کے مطالبات کو پورا کریں ۔موصوف نے کہاکہ اس سے قبل کئی مرتبہ ریاستی انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ پنشنروں کے مسائل اور مطالبات کے سلسلہ میں یاداشت بھی پیش کی گئی ہیں لیکن ہر مرتبہ ان کو یقین دہانی کروائی گئی لیکن عملی طورپر اس سلسلہ میں کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔
بھاجپا ناکامیوںکی پردہ پوشی میں مصروف :کانگریس
جموں //پردیش کانگریس کمیٹی نے بھاجپا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی اپنی ناکامی کو پس پشت ڈالنے کیلئے جھوٹ کا سہارہ لینے کی کوشش میں مصروف ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں پردیش کا نگریس کمیٹی کے ترجمان نے کہاکہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں پی ڈپی کیخلاف میدان میں اترنے والی بھاجپا نے انتخابی نتائج کے بعد اپنے منشور میں تبدیلی کرتے ہوئے پی ڈی پی کیساتھ ہی اقتدار میں آنے کا فیصلہ کیا لیکن گزشتہ تین برسوں کے دوران پارٹی صوبہ جموں کی عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی جس کی وجہ سے اب وہ اپنے سیاسی مفاد کیلئے پروپیگنڈاکرنے میں مصروف ہے ۔ترجمان نے کہاکہ بھاجپا نے اپنی ناکامی کو دیکھتے ہوئے ریاستی گورنر پر دبائو بنایا کہ وہ اسمبلی تحلیل کرئیں۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کے دور حکومت میں ملک بھر میں کسانوں کے علا وہ عام لوگوں کو بنیادی سہولیات کی قلت کا سامنا کرنا پررہاہے جبکہ پارٹی اپنی وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے اپنا مفاد حاصل کر نے کیلئے ناکام کوششوں میں مصروف ہے ۔رویندر شرما نے کہاکہ ملک میں کانگریس ایک ایس واحد پارٹی ہے جس کے دور میں تمام شعبوں میں ملک ترقی کی منزلوں پر پہنچا لیکن بھاجپا نے اقتدار میں آتے ہی ملکی معیشت کو تباہ کردیا ۔
گورنر و دیگران کی گوروپرب پر مبارک باد
جموں //گورنرستیہ پال ملک نے گورو نانک دیو جی کے جنم دِن کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔مبارک بادی کے اپنے پیغام میں گورنر نے گورو نانک دیو جی کو امن اور صبر و استقلال کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی تعلیمات میں بھائی چارے اور رواداری کا راز مضمر ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گورو جی نے اپنی پوری زندگی سماجی برابری اور امن کی تعلیمات میں گزاری۔گورنرنے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ریاست میں امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا اور ریاست میں بھائی چارے کی روایات مزید مستحکم ہوگی۔اسی دوران چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے گورو نانک دیو جی کے549 ویںجنم دِن کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا وہ گورو نانک دیو جی کے بتائے ہو ئے راستے پر چل کر سماج کی خدمات کرئیں ۔انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ریاست میں امن اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے گا اور ریاست میں بھائی چارے کی روایات مزید مستحکم ہوگی۔
ٹیکسز محکمہ کی جی ایس ٹی نادہندگان کیخلاف کارروائی
جموں//سٹیٹ ٹیکسز محکمہ کی ایک ٹیم نے ایڈیشنل کمشنر محمد شاہد کی سربراہی میں سٹیٹ ٹیکس سرکل اودھمپور کے کئی علاقوں کا معائینہ کیا جس دوران جی ایس ٹی آر 3۔ بی ریٹرن داخل کرنے والے ڈیلروں کے دستاویزات کی جانچ پڑتا ل کی گئی اور انہیں ٹیکس بھرنے سے متعلق نوٹس جاری کی گئی۔نادہندہ ڈیلروں کو سات دِنوں کے اندر ٹیکس واجبات ادا کرنے کی ہدایت دی گئی بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔دریں اثنا ایڈیشنل کمشنر نے ایس جی ایس ٹی کے سیکشن 67کے تحت بھگوتی ماربلز اودھمپور اور پنچابی حویلی نامی ڈیلروں کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات دئیے۔ٹیم نے پنجابی حویلی کے ریکارڈ کو ضبط کیا۔
بی بی وِیاس کا جموں میں عوامی دربار26؍ نومبر کو
جموں//گورنر کے صلاح کار بی بی وِیاس 23؍ نومبر 2018بروز( جمعہ) کے بجائے 26؍نومبر2018 (سوموار) کو کنونشن سینٹر کنال روڑ جموں میںصبح10بجے سے لوگوں کی شکایات سننے کے لئے موجود رہیں گے۔عوامی وفود اور افرادجنہوں نے پہلے ہی ڈپٹی کمشنر جموں کے دفتر میں رجسٹریشن کرائی ہے ، مذکورہ تاریخ پر صلاح کار کے ساتھ ملاقات کرسکتے ہیں۔
شیخ فیاض نے بائیو ٹیکنالوجی پارک کے کام کا جائیزہ لیا
جموں//سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محکمہ کے سیکرٹری شیخ فیاض نے گھٹی کٹھوعہ میں انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی پارک پر جاری کام کا جائزہ لیا ۔یہ پارکیں کٹھوعہ اور ہندواڑہ میں بالترتیب 42اور 42.66کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کی جارہی ہیںاور ان کی بدولت کسانوں اور صنعت کاروں کو فصلیں اُگانے اور بائیو ٹیکنالوجی سے متعلق اِنکوبیشن سینٹر قائم کرنے میں مدد ملے گی۔اُن کے ہمراہ سی ایس آئی آر آئی آئی آئی ایم اور نیشنل پروجیکٹ کنسٹرکشن کارپوریشن کے عہدہ دار بھی تھے۔
+2آفیسر فورم وفد کی کمشنر تعلیم سے ملاقات
جموں //+2آفیسر فورم کا ایک وفد کمشنر سیکرٹری سکول ایجوکیشن سے ملا قات کر کے اپنے مسا ئل کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔اس موقعہ پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے فورم کے صدر رام پرکاش شرما نے کہا کہ سنیئر لیکچرروں کو ترقی دینے کے بعدپرنسپل کے زمرے کے تحت پوری سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں جبکہ ان ملازمین سے معقول کام لیا جا رہاہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ ان آفیسران کو کئی سکولوں میں انچارج کیڈر میں رکھا گیا ہے ۔وفد کے مطابق اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کے قاعدہ کے تحت ان کو محکمہ میں تعینات کیا گیا تھا اور 2007میں ترقی دی گئی تھی تب سے لے کر آج تک وہ انچارج پرنسپل کے طور پر کام کر رہے ہیں ۔کمشنر سیکرٹری ایجوکیشن نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ہیڈ ماسٹر ،زونل ایجوکیشن آفیسر ،لیکچرروں ،پرنسپل اور جائنٹ ڈائریکٹروں کے مسائل کو جلداز جلد حل کیا جائے گا ۔اس وفد میں این کے شرما ،ڈاکٹر سبھاش شرما ،اتم کوہلی ،دلبیر سنگھ ،ہردیپ سنگھ وغیرہ شامل تھے ۔
وجے کمار نے سول سیکرٹریٹ میں عوامی مطالبات سُنے
جموں//گورنر کے صلاحکار کے، وجے کمار نے سول سیکرٹریٹ جموں میں مختلف انفرادی اور اجتماعی وفود کے مطالبات سُنے۔مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود نے اپنے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے صلاحکار کی مداخلت طلب کی۔صلاحکار نے تمام جائیز مطالبات پر ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
NHPC کے 44ویں یوم تاسیس پر تقریب
جموں //NHPCنے اپنے 44ویں یوم تاسیس کے موقعہ پر ریجنل دفتر جموں میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ایگز یکٹو ڈائریکٹر چندر موہن نے ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے NHPCکی طرف سے گزشتہ 44برسوں کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں این ایچ پی سی کی طرف سے پاور اسٹیشنوں کے قیام کے بعد عوام کو 12فیصد مفت بجلی سپلائی کی جارہی ہے جبکہ اس کے علا وہ NHPCعوام کی فلاح و بہبود اور ان کی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ایجوکیشن اور ہیلتھ شعبوں پر خصوصی توجہ مر کوز کئے ہوئے ہے ۔اس پروگرام میں ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے آئندہ بھی اسی طرح کام کرنے کا عزم کیا ۔
فیڈریشن آف انڈسٹریز کا وفدمشیر سے ملا
جموں//فیڈریشن آف انڈسٹریز جموں کا ایک وفدگورنر کے مشیر کے کے شرما سے ملاقی ہوا اور اپنے مسائل حل کرنے میں اُ ں کی مداخلت طلب کی ۔ اس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار بھی موجود تھے ۔ وفد جس کی قیادت چیئر مین للت مہاجن کر رہے تھے ، نے اپنے مطالبات پر مشتمل ایک میمورنڈم مشیر کو پیش کیا وفد کے ارکان نے مشیر موصوف کی توجہ اُن مسائل کی طرف مبذول کرائی جو ریاست کے نوجوانوں کو حصولِ روز گار میں درپیش آتی ہیں ۔ انہوں نے ریاست میں مائیکرو اینڈ سمال یونٹوں کے حق میں مزید مراعات دینے کا بھی مطالبہ کیا ۔ مشیر نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے مقامی مزدوروں کو خصوصی ہنروں سے روشناس کرانے کیلئے تربیت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
IIMجموں میں 2روزہ میگا کانکلیو آج
جموں//انڈین انسٹی چیوٹ آف مینجمنٹ جموں (IIM)میں اپنی نوعیت کا پہلا ایچ آر کانکلیو آج سے شروع ہو رہا ہے ۔ایچ آر میں رکائوٹیں اور جدت کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس اجلاس میں 45بڑی تنظیموں کے ایچ آر ڈائریکٹر اور پیشہ ورانہ سربراہ شرکت کرینگے ۔اس سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے انڈین انسٹی چیوٹ آف مینجمنٹ جموں کے ڈائریکٹر بی ایس سہائے نے کہا کہ مذکورہ اجلاس جموں میں اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہو گا ۔موصوف نے مزیدکہاکہ انتظامیہ انڈین انسٹی چیوٹ آف مینجمنٹ جموں کو بہترین بزنس سکول بنانا چاہتی ہے ۔پروفیسر رجت شرما نے کہا کہ مذکورہ اجلاس کو منعقد کرنے کا اصل مقصد انڈسٹری اور تعلیم کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ انسانی وسائل کے مستقبل کے سلسلہ میں ایک پالیسی بنا سکیں ۔اس کانکلیو کا افتتاح سی ای ائو جموں وکشمیر بینک پرویز احمد کرئینگے ۔اس اجلاس میں ایمیزون،مورتی سوزوکی ،جنڈل سٹیل اینڈ پاور ،KPMG ،ٹا ٹا سٹیل ،سیمسنگ، گودریج جیسی تنظیموں کے ماہرین شرکت کرئینگے ۔