سرینگر/سینٹرل کشمیر کے بڈگام علاقے میں پیش آئے فائرنگ کے واقعے میں زخمی شہری سنیچر کی صبح زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔یہ واقعہ گذشتہ روز شام کو پیش آیا تھا۔ چھتر گام فوجی کیمپ کے نزدیک فائرنگ کے اس واقعے میں اشفاق احمد گنائی والد نذیر احمد گنائی ساکنہ ماگرے پورہ بڈگام زخمی ہوا تھا جسے سکمز صورہ منتقل کیا گیا تھا ۔
اسپتالی ذرائع نے کہا کہ زخمی اشفاق علی الصبح زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
زخمی اشفاق کے بارے میں اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ اُس پر فوجی اہلکاروں نے گولیاں چلائیں تاہم فوج نے بعد ازاں جاری ایک بیان میں کہا کہ اُس کو جنگجوئوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔
پولیس کی طرف سے بھی جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ اشفاق کو جنگجوئوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے کہا کہ فوجی کیمپ میں موجود اہلکاروں نے جونہی گولیاں چلنے کی آوازیں سنیں تو فوج کی خصوصی آپریشن ٹیم فوری طورپر جائے وقوع پر پہنچی اوروہاں حالات کامشاہدہ کرنے لگی۔ اس دوران فوجی ٹیم نے اشفاق کو خون میں لت پت پایا جس کے سر اور ٹانگ میں گولیاں پیوست تھیں ۔