سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے گورنر ایس پی ملک کے اس مشاہدے کی تعریف کی ہے کہ ریاست کے سیاستدان اور بیوروکریٹ شہنشاہ جہانگیر کے طرز زندگی سے بھی بہتر زندگی گذاررہے ہیں۔تاہم انجینئر رشید نے گورنر پر ریاست میں وی آئی پی کلچر کے خاتمہ اور سرکاری خزانہ پر بے جا بوجھ کو کم کرنے کیلئے فوری اور موثراقدامات کیلئے زور دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گورنرموصوف کا بیان نہ صرف درست ہے بلکہ ستم ظریفی یہ بھی ہے کہ خود کیلئے اعلیٰ معیار کی زندگی کا انتظام کرنے والے نام نہاد وی آئی پی لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں کرتے ہیں یا پھر کریں بھی تو اتنی تاخیر سے کہ اسے انصاف نہیں کہا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عیش پرستی میں جہانگیر کو مات دینے والوں کو جان لینا چاہیئے کہ جہانگیر اگر عیش سے رہتے تھے تو ساتھ ہی وہ اپنی رعایا کے ساتھ معیاد بند انصاف کرنے کیلئے نئی راہیں تلاشنے کیلئے بھی جانے جاتے تھے۔ انجینئر رشید نے کہا کہ گورنر کا یہ کہنا دست ہے کہ ریاست کے بعض سیاستدان اور بیروکریٹ شہنشاہ جہانگیر سے بہتر زندگی گذار رہے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ گورنر موصوفکو وی آئی پی کلچر ختم کرکے سرکاری خزانے کو بچانے کے اقدامات کرنے سے کس نے روکا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر گورنر واقعی اپنے بیان اور دعوؤں میں سچے اور سنجیدہ ہیں تو پھر کیوں نہ وہ سرینگر اور جموں میں اپنے زیر استعمال دو محلوں کو خالی کرکے سیول سکریٹریٹ میں اپنا دفتر قائم کریں یا پھر کسی اور کم اخراجات والی جگہ پر منتقل ہوجائیں؟۔