.NHM ملازمین کے مسائل حل کئے جائیں
جی ایم سروڑی کی گورنرانتظامیہ سے اپیل
جموں//نائب صدرجموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی غلام محمد سروڑی نے گورنرانتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ این ایچ ایم ملازمین کے مطالبات کوبلاتاخیر پوراکریں اورانہیں اس مشکل سے باہرنکالیں۔اُنہوں نے کہاکہ اپنی دیرینہ مانگوں کولیکر طویل عرصے سے ملازمین ہڑتال پرہیں جنہیں گورنرانتظامیہ سے مثبت اقدامات کاانتظار ہے۔سروڑی نے ملازمین کی ملازمت سے برخاستگی کے احکامات جاری کیاجاناحیران کن ہے۔اُنہوں نے کہاکہ اپنے جائز مطالبات کومنوانے کیلئے جدوجہدجاری رکھے ہوئے ملازمین کو دھمکایاجارہاہے، انہیں ملازمت سے نکالاجارہاہے، یہ کہاں کاانصاف ہے۔ اُنہوں نے گورنرسے مانگ کی کہ وہ بلاتاخیراین ایچ ایم ملازمین کے مطالبات پورے کریں۔اُنہوں نے کہاکہ ملازمت سے نکالے جانے سے مسائل حل نہیں ہونگے بلکہ اور مسائل پیداہونگے لہذادھونس دبائوکے بجائے ان کے مسائل حل کئے جانے چاہئے۔
دھرمارتھ ٹرسٹ نے پلوامہ واقعہ کی مذمت کی
لوگوں سے آپسی روا داری اور بھائی چارہ قائم رکھنے کی اپیل
جموں // دھرمارتھ ٹرسٹ نے پلوامہ واقعہ کی مذمت کی ہے ۔ایک پریس بیان کے مطابق ٹرسٹ کایہاں پیر کے روز ایک اجلاس زیر قیادت صدر جے اینڈ کے دھرمارتھ ٹرسٹ بی آر کنڈل کا اہتمام کیا گیا ۔اجلاس میں پلوامہ واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دہشت پسندی کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ۔اجلاس میں ٹرسٹ کے سینئر عہدہ داروں کے علاوہ سیکرٹری ایڈمنسٹریشن رگھوناتھ مندرنے بھی شرکت کی۔جموں و کشمیر میں آپسی رواداری اور بھائی چارہ قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کنڈل نے کہا کہ امن اور خوشحالی ریاست کی ترقی اور اتحاد کیلئے لازمی ہے۔پریس بیان میں ٹرسٹ کے صدر نے ر یاست جموں و کشمیر کے لوگوں سے اپیل کی ہے وہ قوم دشمن اور سماج دشمن عناصر کی جانب سے پھیلائے جا رہے غلط پروپیگنڈا اور افواہوں کے شکار نہ بن جائیں اور کہا کہ ایسے عناصر ہمیشہ سے ہی امن کو درہم برہم اور نفرت پیدا کرنے کے موقعہ کی تاک میں رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں ہمیشہ سے ہی مذہبی اور علاقائی برداشت کی ایک شاندار مثال رہی ہے۔
بھرتی ریلی کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان
ڈوڈہ //قصبہ کے سپورٹس اسٹیڈیم میںبھرتی ریلی کے تاریخ اور شیڈول سر نو ترتیب دئے گئے ہیں۔ ایک پریس بیان کے مطابق مورخہ 05 مارچ سے 13 مارچ 2019 تک منعقد ہو رہی بھرتی کی تفصیل درج ذیل ہے۔ جنرل ڈیوٹی سپاہی اور کلرک کیلئے بھرتی ضلع کشتواڑ کیلئے 06 مارچ 2019 ، ضلع رام بن کیلئے07 مارچ 2019 ، ضلع ڈوڈہ (ڈوڈہ، کاستی گڑھ، بھاگواہ، بھرت ، بگلہ،ٹھاٹھری ، گندو، اور بھدرواہ تحصیل فقط )08مارچ 2019 ، ضلع ڈوڈہ (چیرالہ، عسر، مرمت و دیگر علاقے):09 مارچ 2019 ،منتخب امیدواروں کے لئے میڈیکل ٹیسٹ13 مارچ 2019 کو منعقد ہوگا۔پریس بیان کے مطابق دیگر بھرتی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
بھیرہ علا قہ کا وفد ایس ڈی ایم سے ملا قی
جاوید اقبال
مینڈھر //اسمبلی حلقہ مینڈھر کے بھیرہ علا قہ کا ایک وفد ایس ڈی ایم مینڈھر سائل جنڈیال سے ملا قی ہوا ۔مقامی سرپنچ عبدالرحمن چوہدری کی قیادت میں آئے ہوئے وفد نے کہاکہ مذکورہ علا قہ میں عوام کو پینے کے صاف پانی اور بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں ۔وفد نے کہاکہ پنچایت اراکین کی جانب سے عوامی مسائل کے سلسلہ میں منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے ملازمین اپنا تعاون نہیں دیتے جس کی وجہ سے عوامی مسائل و بنیادی سہولیات کے سلسلہ میں متعلقہ محکموں سے رجوع کرنا مشکل ہو جاتا ہے ۔وفد نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مقامی لوگوں کو پانی اور بجلی کی فراہمی کے علا وہ پنچایتی اجلاس میں متعلقہ محکموں کے ملازمین کو شرکت کرنے کا حکم جاری کیا جائے ۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر کام کیا جائے گا جبکہ اجلاس کے سلسلہ میں مقامی انتظامیہ کو پیشگی جانکاری فراہم کی جائے تاکہ ملازمین کو شرکت کرنے کیلئے حکم جاری کیا جاسکے ۔
گورو روی داس جینتی پر گورنر کی طرف سے مبارکباد
جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے لوگوں کو گورو روی داس جینتی کے موقعہ پر عوام کو مبارک باد دی ہے۔ اپنے پیغام میں گورنر نے گورو روی داس جی کو ایک عظیم سماجی اصلاح کار قرار دیا جنہوں نے ہمیشہ لوگوں بالخصوص سماج کے پچھڑے طبقے کی بہبودی کے لئے کام کیا۔ اُنہوں نے کہاکہ امن اور رواداری سے متعلق گورو جی کی تعلیمات سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے اور آنے والی نسلیں بھی اُن کی تعلیمات سے روشناس ہوتی رہیں گی ۔گورنر نے اس موقعہ پر ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔