جموں//کرفیو زدہ جموں ضلع میں زندگی آہستہ آہستہ پٹری پر لوٹ رہی ہے ، جمعرات کو انتظامیہ نے پہلے مرحلہ میں صبح7بجے سے دوپہر 2بجے تک 7گھنٹے کی ڈھیل دی جسے 6بجے تک بڑھا دیا گیا اور اس کے بعد اس میں رات9بجے تک کی توسیع کردی گئی۔ اس دوران حالات پور ی طرح سے پر امن رہے اور کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ گزشتہ جمعہ کو کرفیو لگنے کے بعد پہلی بار شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی چلا ، اسکول اور بازار کھل گئے ۔ جموں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رمیش کمار نے بتایا کہ اگر چہ شہر سے دن کا کرفیو اٹھا لیا گیا ہے تاہم دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات نافذ رہیں گے۔2جی موبائل انٹر نیٹ گزشتہ روز بحال کیا گیا تھا تاہم احتیاط کے طور پر ابھی 4جی سپیڈ دستیاب نہیں ہے ۔ اس کے ساتھ ہی جمعرات کو جموں ضلع کے ڈگری کالج بند رہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں شراب کی دکانیں اور میخانے تاحکم ثانی مسلسل بند رہیں گے۔ جمعرات کو علی الصبح پولیس کی گاڑیوں پر نصب لوڈ سپیکروں سے اعلان کیا گیا کہ کرفیو میں سات گھنٹے کی ڈھیل دی گئی ہے اس لئے لوگ معمولات شروع کر دیں۔ آج سرکاری دفاتر بھی کھل گئے جب کہ شہر کے بیشتر کاروباری اداروں میں بھی بھاری رش رہا۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ شہر کے ڈگری کالج جمعہ کے روز بھی بند رہیں گے ۔