اودہمپور//نیشنل کانفرنس کے ریاستی سیکرٹری و سابقہ وزیر سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے ریاست میں سیکولر ڈھانچے کو زک پہنچانے والے فرقہ پرست طاقتوں کوخبر دار کیا ہے کہ وقت آیا ہے کہ انکی سیاسی جگہ سکڑ جائے گی ۔ان باتوں کا اظہار انہوںنے یہاں اودہمپور۔ڈوڈہ ۔کٹھوعہ کے کانگریسی پارلیمانی امیدوار وکرما دتیہ کے حق میں منعقدہ کارکنوں کے ایک اجلاس سے کیا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ سے ہی فرقہ پرست طاقتوں کیخلاف رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا تخریبی عناصر سے لڑنے کا ایک ریکارڈ ہے،جو لوگوں کے درمیان مذہب اور خطہ کی بنیادوں پر تفرق ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے بلا لحاظ مذہب و ملت ،رنگ و نسل مشکل ترین دور میں لوگوں کی توقعات کو پورا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس تینوں خظوں کے عوام کی با وقار زندگی ،سماجی انصاف، مساوات پر اعتماد رکھتی ہے۔صوبائی نائب صدر جگل مہاجن ضلع صدر سنیل ورما، ضلع سیکرٹری رام پرشوتم اور بلاک صدور و سیکرٹریوںنے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔سلاتھیہ اور دیگر سینئر لیڈروں نے لوگوں سے کانگریس کے امید وار کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ،جو ریاست کی ترقی پسند ،سیکولر اور دور اندیش طاقتوں کی فتح ہوگی۔