نئی دہلی //صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیرڈاکٹر ہرش وردھن نے کہاہے کہ دماغی بخار کے قہر کاسامنا کررہے بہار کے مظفر پور میں 100بستروں کے اسپتال کیلیے جگہ اور اسکے ڈیزائن کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ڈاکٹر ہرش وردھن نے یہاں وزارت کے سینئر افسران کے ساتھ ایک میٹنگ مٰں بہار میں دماغی بخار کی وجہ سے پیدا ہوئی صورتحال کے جائزے کے بعد کہا کہ یہ اسپتال مرکز ی اسکیم کے تحت بنایاجائیگا۔انھوں نے کہاکہ دماغی بخار کی وجہ سے سنیچر کو ایک اور مریض کی موت ہوگئی اور ایک نئے مریض کو اسپتال میں داخل کرایاگیاہے۔ابھی کرشنا میڈیکل اسپتال میں 84مریضوں کا علاج جاری ہے جن میں سے چار کی حالت سنگین ہے اور ان پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔وزیرصحت نے کہاکہ مرکز کی ٹیم پچھلے ایک ہفتہ سے مظفر پور میں خیمہ زن ہے۔ریاست اور ضلع انتظامیہ کی مدد سے یہ ٹیم لوگوں میں بیداری پیدا کررہی ہے اور پرائمری ہیلتھ سنٹروں میں سہولیات میں اضافہ کیاجارہاہے۔صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت میں ایڈیشنل سکریٹری منوج جھالانی نے دیگر سینئر افسران کے ساتھ مظفر پور کے کئی اسپتالوں کا دورہ کیا اور صورت حال کاجائزہ لیا۔جوائنٹ سکریٹری لو اگروال بھی سنیچر تک مظفر پور میں ہی رہ کر صورت حال کی نگرانی کررہے تھے۔