حیدرآباد//ملک کے معاشی دارالحکومت ممبئی میں شدیدبارش کے پیش نظر حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے ممبئی جانے والے تمام طیاروں کو منسوخ کردیاگیا ہے ۔ممبئی میں شدید بارش کے نتیجہ میں وہاں کے ایرپورٹ کو بندکردیاگیا جس پر تمام پروازوں کو عارضی طورپر منسوخ کردیا گیا۔شمس آباد ایرپورٹ کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ممبئی میں ہوئی بارش کے نتیجہ میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے ۔قبل ازیں شہر حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ سے ممبئی جانے والی ڈومسٹک فلائٹس میں تاخیر ہوئی تھی کیونکہ پیر کی شب شدید بارش کے سبب اسپائس جیٹ کا طیارہ ممبئی ایرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پھسل گیا۔اس سلسلہ میں مسافرین کے لئے ایرپورٹ حکام کی جانب سے اڈوائزری جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھاکہ تکنیکی مسائل کے سبب ممبئی جانے والے تمام طیاروں کی روانگی میں تاحکم ثانی تاخیر کا امکان ہے ۔کسی بھی قسم کی مشکل سے بچنے کے لئے ایرلائنس سے رابطہ کرنے کی مسافرین سے درخواست کی گئی ہے تاہم اب صورتحال کے سنگین ہونے کے سبب تمام طیاروں کو منسوخ کردیاگیا ہے ۔یواین آئی
حیدرآباد سے ممبئی جانے والی ٹرینیں منسوخ
حیدرآباد//سنٹرل ریلوے کے ممبئی ڈیویثرن کے ایس ای گھاٹ سکشن میں بعض ٹرینوں کے پٹریوں پر سے اترجانے اور ممبئی میں شدید بارش کے سبب ساوتھ سنٹرل ریلوے نے ممبئی جانے والی بعض ٹرینوں کو منسوخ کردیاگیا۔حیدرآباد۔ممبئی سی ایس ایم ٹی (ٹرین نمبر 12702)،حسین ساگر ایکسپریس اور حیدرآباد۔ممبئی سی ایس ایم ٹی (ٹرین نمبر 17032)کو منگل کو منسوخ کردیاگیا ہے جبکہ 13ٹرینیں بشمول ممبئی سی ایس ایم ٹی۔سکندرآباد دیوے گری ایکسپریس ٹرین کو جزوی طورپر منسوخ کیاگیا ہے ۔دیگر دو ٹرینوں کے رخ کو موڑا گیا ہے ۔ساوتھ سنٹرل ریلوے کے پریس ریلیز میں یہ بات بتائی گئی۔یواین آئی