جموں//یواین آئی// جموں وکشمیر پولیس نے مبینہ طور پر جیش محمد نامی تنظیم سے وابستہ ایک بالائے زمین ورکر کو جموں میں بین الاقوامی سرحد سے متصل علاقہ آر ایس پورہ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں کے سرحدی علاقہ آر ایس پورہ کے چکروئی گاؤں میں پولیس کی ایک ٹیم نے جیش محمد نامی تنظیم سے وابستہ ایک بالائے زمین ورکر کو گرفتار کیا۔ گرفتار شدہ کی شناخت محمد مظفر بیگ ساکن ہندوارہ کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے مکان مالک کو بھی پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گرفتار شدہ ورکر کی تحویل سے کچھ قابل اعتراض دستاویزات بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتار شدہ شخص جنگجوؤں کا کٹر پسند بالائے زمین ورکر تھا اور اس کے افشا پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ شخص 17 مارچ کو چکروئی گاؤں پہنچ گیا تھا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہی پر ایک مکان میں رہائش پذیر تھا۔