برکتوں والے مہینہ شعبان المعظم سایہ فگن اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہےاور اب عظیم الشان مہینہ رمضان المبارک کی رحمتوں کا آغاز ہورہا ہے۔جس کے استقبال کے لئےانتہائی شوق و جذبہ اور عقیدت و احترام کے ساتھ تیاری کرنا ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے۔ماہ شعبان درحقیقت استقبال رمضان کا مہینہ ہےاور اس مہینے میں ہمارے آقا دوعالم ﷺ رمضان المبارک کا استقبال انتہائی شوق و محبت کے ساتھ فرمایا کرتے تھے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس مبارک مہینے کو پانے کیلئے رجب المرجب سے ہی دعاؤں کا اہتمام اور شعبان آتے ہی کثرت سے روزوں کا اہتمام فرمایا کرتے۔ لیکن افسوس کہ آج ہمارے دل و دماغ میں استقبال رمضان کا کوئی تصور ہی نہیں ہے۔ جس طرح آقائے دوعالم ﷺ رمضان المبارک کا استقبال کیا کرتے تھے ہمیں بھی اسی طرح رمضان کا استقبال کرنا چاہئے۔ کیونکہ رمضان کا مہینہ انتہائی عظیم مہینہ ہے۔ اس کے آنے سے پہلے ہمیں اپنے ذہن و دماغ میں رمضان کی عظمت کو پیوست کرلینا چاہئے۔ تاکہ جب رمضان میں داخل ہوں تو غفلت، سستی، بے اعتنائی، ناقدری، ناشکری، احسان فراموشی اور صیام و قیام سے بے رغبتی کے اوصاف رذیلہ پیدا نہ ہوں۔
رمضان المبارک جہاں اللہ کا مہمان ہے وہیں اس کی طرف سے ایک عظیم الشان نعمت بھی ہے، اس کی قدر کرنا ہمارا فرض ہے۔ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے معاشرے میں اعمال صالحہ کی فضا قائم کریں۔ اپنے گناہوں سے توبہ کرلیں، حقوق اللہ اور حقوق العباد کو ادا کریں، نماز و روزہ، ذکر و تلاوت اور دعاؤں کا اہتمام فرمائیں۔ تاکہ رمضان المبارک آنے سے پہلے ہمارا ظاہر اور باطن پاک و صاف ہوجائے۔ رمضان سے پہلے رمضان المبارک کے مسائل مثلاً روزہ، تراویح، زکوٰۃ، اعتکاف، صدقۃ الفطر اور دیگر احکامات ابھی سے سیکھیں۔ اسی کے ساتھ اپنا نظام الاوقات مرتب کریں۔ رمضان المبارک میں اپنے تمام تر مصروفیات کو بالائے طاق رکھ کر صرف عبادت و ریاضت میں گزاریں۔ کیونکہ رمضان المبارک رحمت،مغفرت، جہنم سے نجات کا ذریعہ ہے۔ جس میں نفل کاثواب فرض کے برابر ملتا ہے اور فرض کا ثواب ستر گنا ملتا ہے۔ موجودہ عالمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئےاور کورونا وائرس کے چلتے لاک ڈاؤن اور اجتماعی عبادت پر پابندیاں ہیں، لہٰذا ہمیں اکابرین علماء کی پیروی کرتے ہوئے اپنے معمولات اپنے گھروں پر ہی ادا کرنی چاہیے۔ نیز معاشی سرگرمیاں منسوخ ہونے کی وجہ سے تمام لوگوں گھروں پر ہی مقیم ہیں، لہٰذا موقع کو غنیمت جانتے ہوئے ہمیں زیادہ وقت عبادت و ریاضت میں گزارنا چاہئے- رمضان المبارک کی تیاریوں کے ساتھ اللہ تبارک وتعالیٰ سے رمضان المبارک کی روحانیت و برکات کے حصول کیلئے اور اس وبائی مرض سے پوری انسانیت کی حفاظت کیلئے دعائیں مانگیں۔ ہر سال رمضان آتا ہے اور چلا جاتا لیکن کامیاب اور عقلمند شخص وہی ہے جسے رمضان المبارک جیسی عظیم نعمت ملی اور اس نے اپنی آخرت سنوارلی۔
ڈائریکٹر مرکز تحفظ الاسلام ہند، بنگلور