نئی دہلی// کورونا وائرس سے جنگ کے لئے چین سے ہندوستان نے اب تک سب سے زیادہ درآمد کی ہے اور آئندہ 3 دن میں 220 ٹن اور طبی سامان وہاں سے لایا جائے گا۔شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے بتایا کہ 23 اپریل سے 25اپریل کے درمیان تین دن میں چین سے 220 ٹن طبی اشیا کی درآمد کی جائے گی۔ اس میں سرکاری طیارہ خدمات کمپنی ایئر انڈیا کے ساتھ ہی پرائیویٹ طیارہ خدمات کمپنی اسپائس جیٹ اور کارگو کمپنی بلو ڈارٹ کے طیاروں سے بھی مدد لی جائے گی۔ لاک ڈاؤن کے دوران 4 اپریل سے 21 اپریل کے دوران 18 دن میں کل 322 ٹن طبی سامان بیرونی ممالک سے آیا ہے ۔ ان میں 303 ٹن سامان چین سے اور باقی 19 ٹن جنوبی کوریا سے درآمد کیا گیا ہے ۔ مسٹر پوری نے سرکاری طیارہ خدمات کمپنی ایئر انڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایئر لائنس نے چین کے ساتھ قائم ایئر کارگو برج کے ذریعہ اب تک 300 ٹن طبی مصنوعات کی ڈھلائی کی ہے ۔اس کے علاوہ ‘لائف لائن اڑان’ کے تحت 330پروازوں کے ذریعہ 551 طبی آلات اور دیگر ضروری سامان کی سپلائی مختلف ریاستوں میں کی گئی ہے ۔