اودھمپور//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ضلع اودھمپور کا تفصیلی دورہ کیا اور کووِڈ۔19 وَبا کے مدنظر ضلع انتظامیہ ، پولیس ، صحت و دیگر منسلک محکموں کی طرف سے اُٹھائے جارہے تحفظی اقدامات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر اودھمپور ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ضلع میں کووِڈ۔19 کی وَبا سے لوگوں کے بچائو کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں ایک تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دی۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع میں 9قرنطین مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں لگ بھگ 1300بستروں کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ 203اَفراد کو انتظامی قرنطین جبکہ 140 اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے ۔اِس کے علاوہ 838 اَفراد نگرانی میں رکھے گئے ہیں اور 1498اَفراد نے نگرانی کی مدت مکمل کی ہے ۔سنگلا نے مزید کہا کہ دیگر اضلاع سے آئے ہوئے 744اَفراد نے اب تک انتظامی قرنطین کی مدت مکمل کی ہے ۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ ضلع اودھمپور میں کل 20مثبت معاملات پائے گئے اور اِس وقت صرف 11 سرگرم معاملات درج کئے گئے ہیں جن میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی اور آٹھ اَفراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع اِنتظامیہ نے مائیگرنٹ مزدوروں ، بے سہارا لوگوں اور پھنسے ہوئے ٹرک ڈرائیوروں کے لئے خوراک فراہم کرنے کے لئے کمیونٹی کچن قائم کئے ہیں۔لگ بھگ 6000 خوراک کے پیکٹ ضرورت مند لوگوں میں تقسیم کئے گئے ۔ اِس موقعہ پرفاروق خان نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے تمام لوگوں کو راشن فراہم کریں۔فاروق خان نے مزیدکہا کہ لاک ڈاون کی وجہ سے بہت سارے لوگ ضروری اِمداد حاصل کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کر رہے ہوں ۔ ضلع اِنتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ منتخب نمائندوں کے تعاون سے ایسے لوگوں کی نشاندہی کر کے اُن کی ضروریات پورا کریں۔