نئی دہلی//ملک میں کورونا وائرس (کووڈ -19) کے کیسز مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران1684نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی کورونا متاثرین کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی اور اس دوران اس وبا کی وجہ سے 37 افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد723ہو گئی ہے ۔وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس کا قہر ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے ۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں متاثرہ افراد کی تعداد میں ایک دن میں 778 کا اضافہ درج کیا گیا اور متاثرین کی مجموعی تعداد 6،430 پر پہنچ گئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں مزید 14 افراد کی ہلاکت کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 283 ہو گئی ہے ۔ ریاست میں 840 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں ۔گجرات گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 217 نئے کیس سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملے میں فہرست میں دوسرے مقام پر بنا ہوا ہے ۔ گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد میں 2،624 ہو گئی ہے اور مزید نو افراد کے ہلاک ہونے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 112 تک پہنچ گئی ہے ۔اس کے بعد ملک کی قومی دارالحکومت دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 128 نئے کیسز درج کئے جانے کی وجہ سے اب تک مجموعی 2،376 افراداس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس دوران ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 50 ہو گئی ہے ۔ دارالحکومت میں مجموعی 808 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے ۔