نئی دہلی// کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت کورونا کے سبب لاک ڈاؤن سے متاثرہ لوگوں کی اقتصادی مدد کرنے کے بجائے یکم جنوری سے ملازمین کا مہنگائی بھتہ ہڑپ رہی ہے جس سے لاکھوں ملازمین کو نقصان ہوگا اور آنے والے وقت میں صنعت کاروں کو بھی اسی طرح کے اقدامات اٹھا کر اپنے ملازمین کو ملنے والے فوائد پر کینچی چلانے میں آسانی ہو گی۔کانگریس مواصلات محکمہ کے سربراہ ردیپ سنگھ سرجے والا نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے درمیانے درجے کے لوگوں کو مہنگائی بھتے کے طور پر ملنے والے فوائد کو کاٹ کر فوجیوں، فوجی پنشن، سرکاری ملازمین اور سرکاری سروس کے پنشنروں کو اقتصادی طور پر نقصان پہنچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی بھتہ کاٹ کر پرائیویٹ صنعتوں کو یہ موقع دے دیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے ساتھ حکومت کے اس قدم کی مثال دے کر اسی طرح کا ظلم کریں۔ اس وقت حکومت اگر اپنے غیر ضروری اخراجات میں 30 فیصد بھی کمی کرتی ہے تو اس سے کئی ہزار کروڑ روپے کی بچت ہو گی۔ اور حکومت کو پیسے کے لئے ملک کے فوجیوں، پنشنروں اور ملازمین کی آمدنی میں کمی نہیں کرنی پڑے گی۔ یو این آئی