نئی دہلی// کانگریس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس (کووڈ -19) قومی آفات ہے اور اس سے بچنے کے لئے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن کو ایک مہینہ سے زیادہ وقت ہو چکا ہے لیکن اس خطرناک وائرس کے سبب متاثرہ لوگوں کو راحت دینے کے لئے حکومت نے قومی آفات قانون کے تحت اب تک کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کسی بھی آفات سے نمٹنے کے لئے قومی آفات قانون کے تحت مؤثر طریقے سے کام کرنے کا التزام ہے ۔ کورونا بھی ایک قومی آفات ہے اور اسے کنٹرول کرنے کے لئے حکومت نے ایک ماہ پہلے لاک ڈاون نافذکیا تھا۔جس کی مدت اب جلد ہی 40 دن پوری ہو جائے گی لیکن اس قانون کے تحت اس آفات میں لوگوں کی مدد کس طرح سے کرنی ہے ، اس سلسلے میں حکومت نے اب تک کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کسی سے مشورہ نہیں لیتے جبکہ کانگریس ان کو مکمل تعاون اور انہیں اس بحران سے نمٹنے کے لئے مثبت تعاون دینے کے لئے تیار ہے ۔