جموں//کابینہ سیکریٹری راجیو گابا نے سنیچر کو تمام ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کے چیف سیکریٹریوں کے ساتھ ایک ویڈیوکانفرنس کے دوران وبائی بیماری کے پھیلائو پر قابو پانے اور مرکزی سرکار کی ہدایات کے مطابق اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کا جائزہ لیا۔کابینہ سیکریٹری نے وبائی بیماری کے پھیلائو پر مؤثر طور قابو پانے پر زور دیا۔ انہوںنے کہا کہ صورتحال پر قریبی نگاہ رکھی جانی چاہیے ۔ کابینہ سیکریٹری نے کہا ’’ ہمیں ٹیسٹنگ کے عمل کو مزید مستحکم کرناہوگا اور اس میں پرائیویٹ و پبلک سیکٹر کی شراکت داری کو یقینی بنایا جانا چاہیے ۔‘‘اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے کابینہ سیکریٹری نے چیف سیکریٹریوں کو مرکزی سرکار کے نظر ثانی شدہ رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے فیلڈ عملے کو بھی ضروری ہدایات جاری کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے دُنیا کے مختلف ممالک میں درماندہ ہوئے بھارتی شہریوں کو واپس لانے کے لئے ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کے ساتھ بات چیت کا آغا زکیا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ مناسب وقت پر اس سلسلے میں فیصلہ لیا جائے گا۔کابینہ سیکریٹری نے کووِڈ۔19 کے خلاف نمٹنے کے لئے جاری سرگرمیو ں کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے اس وبائی بیماری پر مناسب طریقے پر قابو پا یاجاسکتا ہے ۔ کابینہ سیکریٹری لاک ڈاون بندشوں کی عمل آوری کے سلسلے میں چیف سیکریٹریوں سے فیڈ بیک طلب کیا اور مرکزی سرکار کے رہنما خطوط کے مطابق اقتصادی سرگرمیاں بحال کرنے کے بارے میں بھی تجاویز طلب کیں۔چیف سیکریٹریوں نے کورونا وائرس کے پھیلا ئو پر قابو پانے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔کابینہ سیکرٹری نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاستوں کو درپیش مسائل حل کر رہی ہے ۔انہوں نے وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے مرکز کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔