کلکتہ//مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کل وزیر اعظم کے ویڈیو کانفرنسنگ کے بعد کہا ہے کہ بنگال میں 21مئی تک لاک ڈاؤن جاری رہنے کی توقع ہے۔تاہم وزیرا علیٰ نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ لاک ڈاؤن تمام ریاستوں میں نافذ رہے گا یا پھر ریڈزون اور اورینج زون میں رہے گا اور باقی علاقوں میں چھوٹ دی جائے گی۔لاک ڈاؤ ن کا دوسرا مرحلہ 3مئی تک جاری رہے گا۔وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ریاستی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیرا عظم مودی نے بھی لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا اشارہ دیا ہے۔اس سے قبل وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم کی وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ میں حصہ لیا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیرا عظم نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا اشارہ دیا ہے اور ریاستی حکومت بھی لاک ڈاؤن میں اضافہ کے حق میں ہے۔وزیر اعظم کے ساتھ وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ میں لاک ڈاؤن میں اضافے پر غور نہیں کیا گیا ہے۔وزیرا عظم نے بھی ریاستوں کو موجودہ صورت حال میں فیصلہ کرنے کو کہا ہے۔تاہم ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم کے باڈی لنگویج سے ظاہر ہورہا تھا کہ موجودہ صورت حال میں وزیرا عظم لاک ڈاؤن میں توسیع کے حق میں ہے ۔خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ریاست میں اب جانچ کے عمل میں بھی تیزی آئی ہے ایسے میں ماہری کا خیال ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کو 3مئی کے بعد ختم کردیا جائے گا تو کورونا وائرس کا چین تیزی سے پھیل جائے گا اورایسے میں قابو پانا مشکل ہوگا۔