جموں//صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اَتل ڈلونے آرمی سکول دومانہ میں قائم کووِڈ کیئر ہسپتال میں جاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ جاری کردہ رہنما خطوط اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ انہوںنے مزید کہا کہ حکومت کسی بھی مشکل صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے ہسپتال میں موجودہ اَفسران سے کہا کہ وہ کووِڈ 19 سے متاثرہ لوگوں کی طبی نگہداشت یقینی بنائیں۔کووِڈ کیئر ہسپتال میں کئے گئے اِنتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فائنانشل کمشنر نے کہا کہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے لئے مستعد رہنا ہوگا۔اتل ڈلو کے ہمراہ محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران بھی تھے۔انہوں نے ای پی ای ، این 95ماسکوں اور سینی ٹائزر و دیگر آلات و مشینری کا معقول سٹاک تیار رکھنے کے لئے کہا۔ انسپکشن کے دوران اتل ڈولو نے کووڈ ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔اُنہوں نے اس موقعہ پر 100بستروں والے ہسپتالوںکو پوری طرح استعمال کرنے کے قابل بنانے پر زور دیا۔
پلوامہ کے تمام راستوں پرکڑی نگرانی کی ضرورت
کسی بھی مشتبہ شہری کو داخل ہونے سے روکا جائے:ترقیاتی کمشنر
پلوامہ//پڑوسی اضلاع میںکووڈ19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ پلوامہ ڈاکٹر راگھو کنگر نے تمام متعلقین کے علاوہ اننت ناگ ،شوپیاں،بڈگام اور سرینگر اضلاع کے سرحدی دیہات کے فیلڈ عملے کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا۔میٹنگ میں ایس پی پلوامہ ،تحصیلداروں ،ڈپٹی ایس پی اُونتی پورہ ،بی ڈی اوز ،پٹواریوں ،ولیج لیول ورکروں ،پی آر آئی ممبران،نمبرداروں ،چوکیداروں اور دیہات کے سربراہوں نے شرکت کی۔میٹنگ سے خطاب کے دوران ضلع مجسٹریٹ نے پڑوسی اضلاع میں کووڈ۔19کے بڑھتے ہوئے معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ عملے اور سیول سوسایٹی پرنزدیکی اضلاع کے ریڈ زونز میں لوگوں کی نقل و حرکت پر مزید قدغن لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ شوپیاں ،اننت ناگ،سرینگراوربڈگام اضلاع میںوائرس سے متاثرہ کسی بھی مشتبہ شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔اُنہوں نے کہا کہ ان اضلاع کے تمام آنے جانے والے راستوں کو مکمل طور بند کیا جانا چاہیے ،جبکہ عوامی نقل و حرکت پر پابندی پر پوری طرح عملدرآمد کی ضرورت ہے اور صرف لازمی ڈیوٹی پر جانے والے شہریوں کو ہی عبور و مرور کی اجازت دی جانی چاہئے۔