نئی دہلی//کانگریس صدرسونیا گاندھی نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنسے ہوئے مزدوروں کے لئے گھر واپسی کا انتظام نہ کرنے پر حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر کے ان فرشتوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے لہذا کانگریس اپنے گھروں کو لوٹ رہے مزدوروں کا ریل کرایہ برداشت کرے گی۔ مسز گاندھی نے پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں ان مزدوروں کو ان کے گھر تک جانے کا ریل کرایہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مشکل میں پھنسے ہوئے ملک کے لوگوں کے تئیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام ہوئی ہے جس کی وجہ سے آج بھی لاکھوں محنت کش اورکارکن پورے ملک کی مختلف ریاستوں میں بے بسی سے گھر واپسی کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ اپنے گھر جانا چاہتے ہیں لیکن ان کے پاس نہ ذریعہ ہے اور نہ پیسہ۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی بات یہ ہے کہ ریلوے کی وزارت ان محنت کشوں سے مشکل کی اس گھڑی میں ریل سفر کا کرایہ وصول کر رہی ہے ۔ یہ حیرت کی بات ہے جو وزارت ریل وزیر اعظم کے کورونا وائرس فنڈ میں 151 کروڑ روپے کا تعاون دے سکتی ہے وہ ترقی کے ان علمبرداروں کو آفت ومصیبت کی اس گھڑی میں مفت ریل کے سفر کی سہولت دینے کا بندوبست کیوں نہیں کر رہی ہے ۔ مسز گاندھی نے ورکرز اور کارکن طبقے کو ملک کی تعمیر کا فرشتہ اور ملک کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی محنت اور قربانی پر ہی قوم کی ترقی کی بنیاد کھڑی ہے لیکن حکومت نے ان کی پرواہ نہیں کی۔ صرف چار گھنٹے کے نوٹس پر لاک ڈاؤن کرنے کی وجہ سے لاکھوں محنت کش اور کارکناں گھر واپسی سے محروم ہو گئے ۔اُدھر کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں میں پھنسے مزدوروں سے کرایہ وصولنے کے حکومت کے فیصلے پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ معمہ حل نہیں کر پا رہے ہیں کہ جب ریل کی وزارت وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے ڈیڑھ سو کروڑ روپے سے زیادہ کا ایک بڑا تعاون کر سکتی ہے تو وہ مزدوروں کو بلا معاوضہ گھر کیوں نہیں پہنچا پا رہی ہے