جموں //جموں شہرکا گوجر نگرلاک ڈائون کے مشکل حالات میں بھائی چارے کی علامت بن کر سامنے آیا ہے جہاں کے 20نوجوان بلاتفریق مذہب و ملت روزانہ2ہزارکنبوں کے کھانے کا بندوبست کرتے ہیں ۔محلہ ویلفیئر کمیٹی گوجر نگر کے صدر ایوب ملک کی قیادت میں یہ نوجوان رضاکار روزانہ راشن و دیگر اشیائے ضروریہ جمع کرکے ضرورتمندکنبوں میں تقسیم کرتے ہیں تاکہ اس بات کویقینی بنایاجاسکے کہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ سونے پائے ۔جب گوجر نگر کو ریڈ زون قرار دے کر علاقے میں نقل و حرکت پر قدغن لگائی گئی تو پولیس کی طرف سے ان نوجوانوں کی مدد کی گئی۔ایوب ملک کے مطابق بندشوں کے دنوں پولیس نے گوجر نگر کے باہر سے راشن ود یگر اشیائے ضروریہ لانے میں ان کی مدد کی ۔ملک نے بتایا’’ہم گوجر نگر، جانی پور، نیو پلاٹ ، پریم نگر ، اپنا ویہار ،کرن نگر ، باوے والی گلی و دیگر جگہوں پر مذہب و ملت سے بالاتر ہوکر اشیائے ضروریہ اور راشن تقسیم کررہے ہیں اوریہ سلسلہ 27مارچ سے اب تک جاری ہے ‘‘۔انہوں نے بتایاکہ ان کی کمیٹی نے رقومات جمع کیں اور پولیس کی مدد سے راشن خریدا۔ایوب کے مطابق ’’باوے والی گلی میں 220کنبوں، گوجر نگر میں 152اور دیگر جگہوں کے 25کنبو ں کو روزانہ راشن اور دیگر اشیاء فراہم کی جارہی ہیں ‘‘۔انہوں نے بتایاکہ گوجر نگر اور نواحی علاقوں میں رہ رہے ان افراد کو بھی راشن فراہم کیاجارہاہے جو روزہ رکھتے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ آج انہوں نے بیرون جموں وکشمیر کے درماندہ افراد میں راشن وغیرہ تقسیم کیا۔