جموں//جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے بالاکوٹ سیکٹر پر اتوار کے روز ایک فوجی اہلکار اْس وقت زخمی ہوگیا جب پاکستان کی طرف سے مبینہ طور پر سنائپر گن سے بھارتی فوجی کو نشانہ بناکر گولی چلائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ چونکہ بالاکوٹ سیکٹر میں ایک ہی گولی چلی ہے ایسا لگتا ہے کہ یہ سنائپر فائر ہوسکتا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق ایل او سی کے بالاکوٹ سیکٹر میں تعینات ایک فوجی اہلکار اتوار کی صبح اچانک گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زخمی فوجی کو مقامی ہسپتال میں فرسٹ ایڈ دینے کے بعد فوجی ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا۔ایک سینئر فوجی افسر نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی فوجی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ ادھرجموں وکشمیر پولیس نے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک واقع ہردو گورن نامی علاقے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایس ایس پی سانبہ شکتی کمار پاٹھک نے بتایا کہ ہردو گورن نامی سرحدی و جنگلی علاقے سے چینی ساخت کے تین ہتھ گولے اور اے کے 47 کے 54 رائونڈ برآمد کئے گئے ہیںانہوں نے کہا کہ ہردو گورن ایک جنگلی علاقہ ہے جہاں گذشتہ کچھ روز سے تلاشی آپریشن جاری ہے۔
جموں کشمیر میں موسمیاتی پیشگوئی | ہندوپاک ٹکراؤ کی نئی نہج
نیوز ڈیسک
سرینگر//بھارت کی طرف سے پاکستانی زیرانتظام کشمیر، میر پور اور گلگت بلتستان میں روزانہ کی بنیاد پرموسم کی صورتحال کے بارے میں دور درشن اور آل انڈیا ریڈیو کے علاوہ دیگر میڈیا چینلوں کے زریعہ جانکاری دینے کی شروعات کے ایک روز بعد پاکستان کے سرکاری نشریاتی ادارے نے بھی جموں کشمیرکے بارے میں موسم کی تفصیلی جانکاری دینا شروع کی ہے۔پاکستان نے جمعہ کوبھارت کی طرف سے میرپور، مظفرآباد اورگلگت کے موسم کاحال بیان کرنے کو مسترد کیا۔ پاکستان کے سرکاری ریڈیو، ’ریڈیو پاکستان‘نے اتوار کوجموں وکشمیرکی موسم کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ وہاں موسم جزوی طور ابرآلود رہے گااوربارش کا بھی امکان ہے۔ریڈیوپاکستان نے سرینگر،پلوامہ ،جموں اور لداخ کادرجہ حرارت بھی بتایا۔ریڈیو پاکستان کشمیرسے متعلق خاص پروگرام کررہا ہے اور اس کی ویب پیج کاایک حصہ جموں کشمیر کی خبروں سے متعلق ہے ۔پاکستان کا سرکاری ٹیلی ویژن بھی جموں کشمیر سے متعلق خبروں کو نشرکرتا ہے اور وادی کی خبروں سے متعلق خاص بلیٹن بھی پیش کرتا ہے ۔