نئی دہلی //ملک میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) تیزی سے پھیل رہا ہے اور پہلی بار ایک دن میں چار ہزار سے زیادہ نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا انفیکشن کے 4213 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 70 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 97 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور زیر مرکزی علاقوں میں اب تک70717افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 2291لوگ مر چکے ہیں وہیں اب تک 20917 افراد کو صحت مند ہونے کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ ملک میں مہاراشٹر اس انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی صورتحال مسلسل خراب ہوتی جارہی ہے ۔ مہاراشٹر میں 22171 افراد اس انفیکش کی زد میں آچکے ہیں جبکہ 832 افراد کی موت ہوچکی ہے اور 4199 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا مغربی ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں اب تک 8194 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 493 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی 2545 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ اس مہلک وائرس کی وجہ سے قومی دارالحکومت دہلی کی حالت بھی تشویشناک ہے ۔ یہاں اب تک ، 6923 افراد اس انفکشن کا شکار ہوچکے ہیں اور اس انفیکشن کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے ۔ مرنے والوں کی تعداد 73 ہے ۔ اسی کے ساتھ ہی 2069 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔ راجستھان میں بھی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ اب تک یہاں 3814 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 107 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ وہیں 2176 افراد اس سے بازیاب ہوئے ہیں۔ تمل ناڈو میں اس انفیکشن کے مریضوں کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔